اے ایم یو اور اسلامک یونیورسٹی آف مالدیپ کے درمیان مفاہمت نامہ پر دستخط

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-02-2022
اے ایم یو اور اسلامک یونیورسٹی آف مالدیپ کے درمیان مفاہمت نامہ پر دستخط
اے ایم یو اور اسلامک یونیورسٹی آف مالدیپ کے درمیان مفاہمت نامہ پر دستخط

 

 

آواز دی وائس، علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اور اسلامک یونیورسٹی آف مالدیپ (آئی یو ایم) نے ایک مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں جس سے دونوں اداروں کے درمیان مستحکم تعلیمی، تحقیقی وتربیتی رابطے قائم ہوں گے۔ مفاہمت نامہ کی تقریب ورچوئل طریقہ سے منعقد ہوئی۔

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور آئی یو ایم وائس چانسلر ڈاکٹر ابراہیم زکریا موسیٰ نے مفاہمت نامہ پر ورچوئل طریقہ سے دستخط کئے جب کہ تقریب میں جمہوریہ مالدیپ میں ہندوستان کے ہائی کمشنر جناب منو مہاور(آئی ایف ایس)، اور اے ایم یو رجسٹرار جناب عبدالحمید آئی پی ایس، اے ایم یو میں مختلف فیکلٹیوں کے ڈین صاحبان، آئی یو ایم کی ڈپٹی وائس چانسلر ڈاکٹر دیباموسیٰ اور دیگر عہدیدار آن لائن طریقہ سے شریک ہوئے۔

 عبدالحمیدآئی پی ایس کی نظامت میں ہونے والی اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ عبدالحمید آئی پی ایس نے دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت نامے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر طارق منصور نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا: یہ مفاہمت نامہ وزارت امور خارجہ کے توسط سے ہوا ہے اور اے ایم یو کو ان گیارہ یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا ہے جن کا انتخاب حکومت ہند نے کیا۔

اپنی 150 سالہ تاریخ اور علمی امتیاز کے ساتھ اے ایم یو کو اس معاہدہ کے لئے سب سے موزوں یونیورسٹی قرار دیا گیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اے ایم یو ایک انٹرڈسپلنری یونیورسٹی ہے جہاں 103 /مراکز اور شعبہ جات ہیں جن میں فیکلٹی آف میڈیسن، یونانی میڈیسن، انجینئرنگ و ٹکنالوجی، سائنسز، زرعی سائنسز، مینجمنٹ، سوشل سائنسز اور دینیات شامل ہیں۔ پروفیسر طارق منصور نے مزید کہا ”ہندوستان اور مالدیپ دونوں کے قریبی تعلقات ہیں، یہ تعلیمی رابطہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔ تحقیقی تعاون، مشاورت، مختصر مدتی تربیت اور علمی تبادلہ، مفاہمت نامے کے کلیدی شعبے ہوں گے“۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جمہوریہ مالدیپ میں ہندوستان کے ہائی کمشنر منو مہاور نے کہا ”اس مفاہمت نامہ کے لئے کافی عرصے سے کوشش کی گئی۔ ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان خصوصی اشتراک ہے۔ اس تعلیمی رابطہ کے لئے سن 2019 میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے دوران تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ یہ اس طرح کا پہلا اشتراک ہے۔

یہ دو نوں ملکوں کے عوام کو مضبوطی سے جوڑ ے گا۔“ آئی یو ایم کے وائس چانسلر ڈاکٹر ابراہیم زکریا موسیٰ نے اے ایم یو کے ساتھ مفاہمت نامہ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان علمی اور فکری تعلقات مضبوط ہوں گے۔

یہ ایم او یو ایک گرانقدر سنگ میل ہے۔ یہ دونوں اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرے گا اور تدریس و تربیت اور تحقیق کے میدان میں اشتراک کو فروغ دینے کا کام کرے گا۔ ڈاکٹر موسیٰ نے 2018 میں اے ایم یو کے اپنے دورے کو بھی یاد کیا اور کہا ”اے ایم یو کے دورے کی یادیں اب بھی تازہ ہیں، مجھے ادارے میں بہت محبت ملی۔ میں اے ایم یو کی علمی اور فکری ترقی سے متاثر ہوں۔

قدیم تاریخی عمارتیں، آثار اور جدید ترین نظام ادارے کے لئے سنگ میل ہیں“۔ ڈاکٹر موسیٰ نے دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط کو عملی جامہ پہنانے میں بھرپور تعاون فراہم کے لئے حکومت ہند اور جمہوریہ مالدیپ میں ہندوستان کے ہائی کمشنر کا بھی شکریہ ادا کیا۔

 

اے ایم یو رجسٹرار جناب عبدالحمید آئی پی ایس نے اپنے خطاب میں کہا، ”مجھے یقین ہے کہ ہماری کوششوں اور پختہ عزم سے دونوں اداروں اور ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ بھرپور تعاون کے لئے میں وزارت تعلیم اور جمہوریہ مالدیپ میں ہندوستان کے ہائی کمشنر جناب منو مہاور کا شکریہ ادا کرتا ہوں“۔

عبدالحمید نے یہ بھی بتایا کہ یہ تقریب آف لائن موڈ میں منعقد ہونے والی تھی، لیکن کووڈ وبا کے باعث اسے آن لائن طریقہ سے منعقد کیا گیا۔ جلد ہی اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی قیادت میں ایک وفد آئی یو ایم، مالدیپ کا دورہ کرے گا۔

آئی یو ایم وائس چانسلر ڈاکٹر ابراہیم زکریا موسیٰ نے بھی اے ایم یو وائس چانسلر کو اپنی یونیورسٹی کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

تقریب میں مختلف فیکلٹیوں کے ڈین بشمول پروفیسر وسیم احمد، (فیکلٹی آف لائف سائنسز)، پروفیسر نثار اے خاں (فیکلٹی آف سوشل سائنسز)، پروفیسر سعود عالم قاسمی(فیکلٹی آف تھیالوجی)، پروفیسر سید محمد ہاشم(فیکلٹی آف آرٹس)، پروفیسر سلمیٰ انصاری(فیکلٹی آف مینجمنٹ)، پروفیسر اے آر قدوائی (ڈائریکٹر، خلیق احمد نظامی سنٹر برائے علوم القرآن)، پروفیسر محمد سلیم (چیئرمین، شعبہ سنی تھیالوجی)، پروفیسر فیضان احمد، (چیئرمین، شعبہ عربی)، پروفیسر محمد اسماعیل (چیئرمین، شعبہ اسلامیات)، پروفیسر عبید اللہ فہد (شعبہ اسلامک اسٹڈیز) اے ایم یو سے، جب کہ آئی یو ایم کی نمائندگی ڈاکٹر دیبا موسیٰ(ڈپٹی وائس چانسلر)، مسٹر احمد رؤف عبداللہ(رجسٹرار)، مسٹر علی رزین (ڈائریکٹر ہیومن ریسورس)، محترمہ ایشت شینا (قائم مقام ڈائریکٹر، لوکل اینڈ انٹرنیشنل ریلیشن) اور مسٹر یانیو ہاشم (ڈائریکٹر، چانسلر بیورو) نے کی۔