اے ایم یو:ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں مشترکہ سر فہرست

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2021
اے ایم یو:ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2022  میں مشترکہ سر فہرست
اے ایم یو:ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2022 میں مشترکہ سر فہرست

 

 

 علی گڑھ۔: ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2022 میں لائف سائنسز کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے مشترکہ طور سے سرفہرست ہندوستانی یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے اور سبھی ہندوستانی تعلیمی انسٹی ٹیوٹس میں اس میدان میں تیسرا مقام عطا کیا گیا ہے۔ اس کا اعلان لندن میں قائم مذکورہ عالمی اعلیٰ تعلیمی ایجنسی نے حال ہی میں کیا جو دنیا کی مؤقر ترین یونیورسٹی رینکنگ ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

اس رینکنگ میں سوشل سائنسز میں سبھی ہندوستانی انسٹی ٹیوٹس اور یونیورسٹیوں میں اے ایم یو دوسرے نمبر پر، انجینئرنگ سائنسز میں سبھی ہندوستانی یونیورسٹیوں میں تیسرے اور سبھی تعلیمی انسٹی ٹیوٹس میں ساتویں نمبر پر، ہندوستان میں فزیکل سائنسز کی تعلیم کے لئے یونیورسٹیوں میں تیسرے نمبر پر اور ملک کے تمام انسٹی ٹیوٹس میں آٹھویں نمبر پر اور کلینیکل و ہیلتھ کے شعبہ میں ہندوستانی یونیورسٹیوں میں اے ایم یو چھٹے مقام پر اور انسٹی ٹیوٹس میں آٹھویں مقام پر ہے۔

مجموعی عالمی رینکنگ میں اے ایم یو کو 801-1000 کے زمرہ میں رکھا گیا ہے۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”کووِڈ وبا کے چیلنجوں کے باوجود دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں ہمارا بلند مقام ہمارے اعلیٰ معیارِ تدریس و تحقیق کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اے ایم یو ایک عالمی معیار کی یونیورسٹی ہے، جو اپنی بین الاقوامی اور قومی درجہ بندی کو مسلسل بہتر بنا رہی ہے۔ یہ ایک ایسا ادارہ ہے جس کے لائق و فائق اساتذہ اپنے طلبہ کے اندر علمی و تحقیقی نظریات وخیالات کو فروغ دیتے ہیں جو بدلتے وقت کے اعتبار سے ضروری ہیں۔ قومی ترقی میں بھی ہمارا تعاون تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

پروفیسر ایم سالم بیگ (چیئرمین، کمیٹی برائے یونیورسٹی رینکنگ) نے کہا کہ ”اے ایم یو نے مختلف مضامین و موضوعات میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کی ہے اور تدریس و تحقیق، حوالہ جات، صنعت سے ہونے والی آمدنی اور بین الاقوامی آؤٹ لُک کے حوالہ سے اپنی مجموعی رینکنگ کو بہتر کیا ہے۔ اس سال کی درجہ بندی میں 14.4 ملین سے زائد تحقیقی اشاعتوں میں 108 ملین سے زائد حوالہ جات کا تجزیہ کیا گیا اور عالمی سطح پر تقریباً 22000 اسکالرز کے سروے جوابات شامل کئے گئے۔ ڈاٹا جمع کرنے والے 2100 سے زائد اداروں سے 430000 سے زائد ڈاٹا پوائنٹس جمع کئے گئے۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2022 میں مجموعی طور سے 1662 یونیورسٹیوں کی درجہ بندی کی گئی ہے“۔