علی گڑھ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ بزنس ایڈمنسٹریشن کے سات طلبہ نے دبئی میں اپنی انٹرن شپ کامیابی کے ساتھ مکمل کی، جہاں انہوں نے مختلف کاروباری اداروں میں بین الاقوامی سطح کا قیمتی تجربہ حاصل کیا۔ اس انٹرن شپ پروگرام کا اہتمام یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) نے کیا تھا۔
دانش مشتاق اور مریم احمد نے متحدہ عرب امارات کے معروف مالیاتی ادارے شرف ایکسچینج میں انٹرن شپ مکمل کی، جب کہ حسن اور ارمان نے بین الاقوامی مارکیٹنگ کے میدان میں عملی تجربہ حاصل کیا۔ یسریٰ نجم نے دبئی میں لگژری ایرینا واچز اینڈ گلاسز ایل ایل سی کے ہیومن ریسورس شعبہ میں اپنی انٹرن شپ پوری کی۔ محمد فائز نے ایگمائر کانٹریکٹنگ اینڈ مینٹیننس ایل ایل سی کے فنانس شعبہ میں کام کیا، جبکہ عامر اعظم نے کراس ڈوک جنرل ٹریڈنگ ایل ایل سی کے مارکیٹنگ آپریشنز میں حصہ لے کر اپنی مہارتوں کو نکھارا۔
بین الاقوامی انٹرن شپ کے اس تجربے نے طلبہ کو بین الثقافتی مینجمنٹ، کارپوریٹ گورننس اور عالمی کاروباری طریقۂ کار کی گہری سمجھ عطا کی، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔
شعبۂ بزنس ایڈمنسٹریشن کی چیئرپرسن پروفیسر سلمیٰ احمد نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کا وقار بلند کیا ہے۔ ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) مسٹر سعد حمید نے کہا کہ اس پروگرام نے طلبہ کو متحدہ عرب امارات کے متحرک اور کثیرالثقافتی کاروباری ماحول میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا قیمتی موقع فراہم کیا۔