علی گڑھ، : ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری کی ریسرچ اسکالر مس بصری کو نوبل انعام یافتہ سائنس دانوں کے ساتھ منعقد ہونے والی باوقار سترہویں ہوپ میٹنگ 2026 میں شرکت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ بین الاقوامی سائنسی میٹنگ 2 سے 6 مارچ 2026 تک جاپان کے شہر سوکوبا میں منعقد ہوگی۔
مس بصری ڈاکٹر مشیر احمد کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ انہیں حکومت ہند کے محکمہ سائنس و ٹکنالوجی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا جس کے بعد جاپان سوسائٹی فار دی پروموشن آف سائنس نے اس عالمی شہرت یافتہ سائنسی فورم میں ہندوستان کی نمائندگی کے لیے ان کا انتخاب کیا۔ ہوپ میٹنگ میں دنیا بھر سے نوبل انعام یافتہ سائنس دان اور ممتاز نوجوان محققین شریک ہوتے ہیں جہاں بین الشعبہ جاتی مکالمے کو فروغ دیا جاتا ہے اور جدید سائنسی پیش رفت پر غور و خوض کیا جاتا ہے۔
محکمہ سائنس و ٹکنالوجی مس بصری کے بین الاقوامی سفر کے اخراجات برداشت کرے گا جبکہ جاپان میں قیام اور دیگر مقامی اخراجات جاپان سوسائٹی فار دی پروموشن آف سائنس کے ذمے ہوں گے۔ یہ انتخاب ان کی تحقیقی صلاحیتوں اور عالمی سطح پر ان کے اعتراف کا واضح ثبوت ہے۔
مس بصری کی تحقیق میٹل آرگینک فریم ورکس کی تیاری اور ان کے عملی استعمال سے متعلق ہے جو سینسنگ، ماحولیاتی تطہیر اور توانائی کے ذخیرے جیسے اہم شعبوں میں بروئے کار لائے جاتے ہیں۔ اب تک ان کے 9 تحقیقی مضامین شائع ہو چکے ہیں جن میں رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کے ممتاز جریدے کیمیکل کمیونیکیشنز میں شائع ہونے والا مقالہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایک اینٹی کینسر مرکب اور اس کی تیاری کے عمل سے متعلق پیٹنٹ بھی ان کے نام ہے جبکہ وہ تین بین الاقوامی اور دو قومی کانفرنسوں میں اپنی تحقیق پیش کر چکی ہیں۔
سترہویں ہوپ میٹنگ کے لیے ان کا انتخاب شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری کے لیے باعث فخر ہے اور یہ عالمی سطح پر تحقیقی سرگرمیوں میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فعال شرکت کو بھی نمایاں کرتا ہے۔ پورے ہندوستان سے اس باوقار پروگرام کے لیے منتخب ہونے والے صرف پانچ افراد میں مس بصری واحد امیدوار ہیں۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس نمایاں کامیابی پر مس بصری کو مبارکباد پیش کی اور نوبل انعام یافتہ سائنس دانوں کے ساتھ ہوپ میٹنگ 2026 میں ہندوستان کی نمائندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اسی طرح شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری کے چیئرپرسن پروفیسر رئیس احمد نے بھی انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔