اے ایم یو -شعبہ پیتھالوجی کے اساتذہ اور ریزیڈنٹس کی یو پی سائٹوکون 2025 میں امتیازی کارکردگی
علی گڑھ، 9 ستمبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پیتھالوجی کے اساتذہ اور ریزیڈنٹس نے یو پی سائٹوکون 2025 میں نمایاں علمی و تحقیقی خدمات پیش کیں۔ یہ سالانہ کانفرنس جی ایس وی ایم میڈیکل کالج، کانپور میں منعقد ہوئی، جس میں اتر پردیش بھر کے پیتھالوجسٹ، محققین اور نوجوان اسکالرز شریک ہوئے۔
سینئر فیکلٹی ممبران نے سائنسی سیشن میں اپنے علمی خطبات سے شرکاء کو مستفید کیا۔ پروفیسر وینا مہیشوری نے ”بریسٹ سائیٹولوجی تھرو دی یوکوہاما لینس“ کے عنوان پر لیکچر کیا، جب کہ پروفیسر نشاط افروز نے کینسر مینجمنٹ میں امّیونوہسٹوکیمسٹری کے ابھرتے کردارپر گفتگو کی۔ پروفیسر کفیل اختر، پروفیسر روبینہ خان اور پروفیسر حنا انصاری نے الگ الگ سیشن کی صدارت کی اور مقابلوں میں جج کے طور پر بھی فرائض انجام دئے۔ نوجوان فیکلٹی ممبران ڈاکٹر بشریٰ صدیقی، ڈاکٹر رقیہ افروز اور ڈاکٹر سہیل الرحمٰن نے دلچسپ کیسز پیش کیے، جنہیں سراہا گیا۔
ان کے علاوہ جے این ایم سی کے ریزیڈنٹس نے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اے ایم یو کا نام روشن کیا۔ ڈاکٹر فاطمہ قیصر نقوی نے اورل پیپر پرزنٹیشن میں اوّل انعام اور ڈاکٹر جولی نے دوئم انعام حاصل کیا۔ ڈاکٹر حبا خالد اور ڈاکٹر دیبا خان نے مشترکہ طور پر سوئم انعام جیتا۔ڈاکٹر وردھی شرما نے پوسٹر پرزنٹیشن میں پہلا انعام حاصل کیا۔ شعبہ پیتھالوجی کے چیئرمین پروفیسر محبوب حسن نے تمام اساتذہ اور ریزیڈنٹس کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور سائیٹولوجی و آنکو-پیتھالوجی میں ان کے علمی امتیاز کو سراہا، جو جے این ایم سی اور اے ایم یو کے لیے باعث فخر ہے