اے ایم یو کے میڈیکل، ڈینٹل اور انجینئرنگ کالج، انڈیا ٹوڈے رینکنگ میں ممتاز مقام پر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
اے ایم یو کے میڈیکل، ڈینٹل اور انجینئرنگ کالج، انڈیا ٹوڈے رینکنگ میں ممتاز مقام پر
اے ایم یو کے میڈیکل، ڈینٹل اور انجینئرنگ کالج، انڈیا ٹوڈے رینکنگ میں ممتاز مقام پر

 

 

 

علی گڑھ،27 جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) اور ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج (زیڈ اے ڈی سی) کو حال ہی میں جاری انڈیا ٹوڈے رینکنگ- 2022 میں ملنے والی بالترتیب 17ویں اور دسویں رینک اس بات کی شاہد ہے کہ طبی تعلیم اور صحت خدمات کو وسعت دینے کے اے ایم یو کے عزم مصمم کو نہ تو وبا اور نہ ہی تالابندی کمزور کرسکی۔

اے ایم یو کے میڈیکل اور ڈینٹل کالج دونوں اپنی انڈیا ٹوڈے 2021 کی درجہ بندی سے اوپر آ گئے ہیں۔ جے این ایم سی گزشتہ سال یعنی 2021 میں 18ویں پوزیشن سے 17ویں نمبر پر اور زیڈ اے ڈی سی پچھلے سال 11ویں پوزیشن سے دسویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا ”ہمارے ڈاکٹر کئی دہائیوں میں دنیا کو درپیش صحت کے سب سے بڑے بحران کووڈ-19 سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اتر پردیش اور آس پاس کی ریاستوں میں سبھی لوگ - کفایتی علاج کے لئے اسپتال کی اوپی ڈی میں آنے والے کم آمدنی والے مریضوں سے لے کر وی آئی پی مریضوں تک -

جانتے ہیں کہ جے این ایم سی اور زیڈ اے ڈی سی ملک کے عمدہ ترین اسپتال ہیں“۔ پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) نے کہا کہ جے این ایم سی اور زیڈ اے ڈی سی بنیادی طور پر معیاری ڈاکٹر پیدا کرنے کی اپنی صلاحیت کے لئے جانے جاتے ہیں جو ان کی عمدہ شناخت کی اصل بنیاد ہے۔ پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہا، ”مشینوں سے لے کر میڈیکل پروٹوکول تک، اور خاص طو ر سے تحقیقی دلچسپیوں کو آگے بڑھانے کی محققین کے لئے آزادی جے این ایم سی کو ممتاز بناتی ہے“۔ پروفیسر راجندر کمار تیواری (پرنسپل، زیڈ اے ڈی سی) نے کہا: یہ رینکنگ بتاتی ہے کہ زیڈ اے ڈی سی پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت فراہم کرتا ہے اور معیانی تشخیص اور آزاد سوچ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

دوسری طرف ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی بھی انڈیا ٹوڈے رینکنگ- 2022 میں ملک کے تمام انجینئرنگ کالجوں میں ایک مقام آگے بڑھ کر 22 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ یہ 2021 کی درجہ بندی میں 23 ویں نمبر پر تھا۔

وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے انجینئرنگ کالج کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ”ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی تحقیق و ترقی کا ایک مرکز ہے جس نے تدریس و تعلیم کے نئے مراکز کے ذریعے اپنے امتیاز کو برقرار رکھا ہے۔ ہمارے انجینئرنگ کالج کی رینکنگ میں مسلسل بہتری فیکلٹی ممبران اور طلباء کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ہے جو کالج کی مجموعی کارکردگی کو وسیع پیمانے پر قبول کیے جانے والے ایکسیلینس کے پیمانوں پر کھرے اترتے ہیں“۔

پروفیسر محمد التمش صدیقی (ڈین، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی) نے ذاکر حسین کالج کو انجینئرنگ سائنس اور ٹکنالوجی میں تربیت، تحقیق اور ترقی میں سنٹر آف ایکسیلنس کے طور پر اپنا مقام برقرار رکھنے پر فیکلٹی ممبران، محققین اور طلباء کی ستائش کی۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے پرنسپل پروفیسر ایم ایم سفیان بیگ نے کہا: ”ریسرچ، ترقی اور اختراع پر توجہ اور انجینئرنگ میں اعلیٰ تعلیمی معیار کی وجہ سے ذاکر حسین کالج طلبہ و طالبات کے لئے ترجیحی اور پسندیدہ مقامات میں سے ایک ہے“۔

یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ایم سالم بیگ نے اپنے تاثٖرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”ہمارے میڈیکل، ڈینٹل اور انجینئرنگ کالجوں کی کامیابی میں طلباء، ریسرچ پبلیکیشنز، اکیڈمک پروڈکٹیویٹی، فیکلٹی ممبران، پلیسمنٹ اور تعلیمی کارکردگی کے معیار کا اہم کردار ہے۔ جو طلباء اس وقت اپنے 12ویں کلاس کے بورڈ امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں، انہیں اے ایم یو میں میڈیکل، ڈینٹل اور انجینئرنگ کورسز میں داخلے کو اپنا ہدف بنانا چاہئے“