اے ایم یو:ایم بی بی ایس کے طلبہ کا دیہی کنبوں کو گود لینے کا پروگرام

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
اے ایم یو:ایم بی بی ایس کے طلبہ کا دیہی کنبوں کو گود لینے کا پروگرام
اے ایم یو:ایم بی بی ایس کے طلبہ کا دیہی کنبوں کو گود لینے کا پروگرام

 

 

علی گڑھ، 6/جون: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ایم بی بی ایس،سال اوّل کے طلبہ نے ایم بی بی ایس تربیتی نصاب کے ایک حصے کے طور پر پنجی پو گاؤں پہنچ کر گاؤں کے ساکنین کی صحت کی نگرانی کا کام شروع کیا۔

    قابل ذکر ہے کہ ایم بی بی ایس کے نئے نصاب تعلیم میں نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) نے ہر میڈیکل طالب علم کے لئے گاؤں کے تین سے پانچ کنبوں کو گود لینے، اور ان کی صحت کی باقاعدہ نگرانی اور انہیں مشورہ دینے کو شامل کیا ہے۔

    طلبہ کو پنجی پو گاؤں لے جانے والی بس کو شری گورو دیال (علی گڑھ کمشنر)، ڈاکٹر نیرج تیاگی (چیف میڈیکل آفیسر، ضلع علی گڑھ)، ساوتری پال (آئی سی ڈی ایس، جواں بلاک، علی گڑھ)، پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن)، پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل، جے این ایم سی)، پروفیسر سائرہ مہناز (چیئرپرسن، شعبہ کمیونٹی میڈیسن)، پروفیسر ایم اطہر انصاری (پروگرام کوآرڈینیٹر)، ڈاکٹر علی جعفر عابدی، ڈاکٹر محمد سلمان شاہ اور ڈاکٹر نفیس فیضی نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

    مسٹر گورو دیال نے کہا ”کنبوں کو گود لینے کے اس پروگرام سے دیہی علاقوں میں صحت خدمات بہتر ہوں گی۔ گود لیے گئے کنبے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے لئے خود کفیل ہو جائیں گے اور ان میڈیکل طلبہ کے حاصل کردہ نتائج سے دیہی علاقوں کے باشندوں کی صحت کی دیکھ بھال میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی“۔

    ڈاکٹر نیرج تیاگی (چیف میڈیکل آفیسر، علی گڑھ) نے کہا: ”ہم دیہی آبادی کو صحت مراکز سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں“۔

    پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) نے کہا ”فیکلٹی ممبران دیہی علاقوں میں گود لیے گئے کنبوں کی دیکھ بھال کرنے والے ایم بی بی ایس کے طلبہ کی رہنمائی کریں گے۔ طبی سماجی کارکن بھی ان کی مدد کریں گے۔ یہ پروگرام دیہی علاقوں میں ماہر ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ کرے گا“۔

    پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہا: ”میڈیکل پوسٹ گریجویٹس کے لیے ہمارے پاس پہلے سے ہی ایک ڈسٹرکٹ ریزیڈنسی پروگرام ہے جس میں طلبہ کے لیے لازمی ہے کہ وہ ضلعی اسپتالوں میں تین ماہ کی لازمی خدمات انجام دیں۔ ایم بی بی ایس ٹریننگ میں کنبوں کو گود لینے کے ایک نئے پروگرام کا آغاز ہونے سے ہم دیہی علاقوں میں عوام کی بنیادی صحت و بہبود کے نظام کو مزید بہتر کرسکتے ہیں“۔

    پروفیسر سائرہ مہناز (چیئرپرسن، کمیونٹی میڈیسن شعبہ) نے کہا ”نیشنل میڈیکل کمیشن نے اس ٹریننگ پروگرام کو ہر میڈیکل کالج کے کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے تحت شامل کیا ہے تاکہ دیہی علاقوں میں صحت خدمات کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس پروگرام کے پس پشت یہ خیال بھی ہے کہ ایم بی بی ایس کے طلباء کو شروع سے ہی عملی تجربہ فراہم کیا جائے“۔

    پروفیسر سائرہ مہناز نے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر محمد سلمان شاہ، ڈاکٹر تبسم نواب، ڈاکٹر علی جعفر عابدی اور ڈاکٹر نفیس فیضی کے ہمراہ ایم بی بی ایس، سال اوّل کے طلبہ کو تربیت بھی دی۔

    ڈاکٹر علی جعفر عابدی نے پروگرام کے لئے فیلڈ میپنگ اور دیہی رابطہ سازی کی ذمہ داری نبھائی، جب کہ ڈاکٹر محمد سلمان شاہ اور ڈاکٹر نفیس فیضی نے گائیڈنس ڈاکیومنٹ، ماڈیول اور لاگ بک تیار کی۔