اے ایم یو : جدید سرجیکل ایچ ڈی یو کا افتتا ح

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-08-2025
 اے ایم یو : جدید سرجیکل ایچ ڈی یو کا افتتا ح
اے ایم یو : جدید سرجیکل ایچ ڈی یو کا افتتا ح

 



 علی گڑھ، 26 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے آج جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ سرجری میں وارڈ نمبر 9 میں جدید سہولیات سے آراستہ چھ بستروں پر مشتمل سرجیکل ہائی ڈپینڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو) کا افتتاح کیا جو ادارے میں اہم جراحی نگہداشت کو مزید مضبوط بنانے کی سمت میں ایک انقلابی قدم ہے۔

یہ منصوبہ جے این ایم سی کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر واصف محمد علی کی کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بلند کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر سید امجد علی رضوی کی بھرپور حمایت نے اس اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنایا۔

تقریب کی صدارت فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین، پرنسپل اور سی ایم ایس پروفیسر محمد حبیب رضا اور شعبہ سرجری کی سربراہ پروفیسر عطیہ ذکاء الرب نے کی، جو جے این ایم سی میں جراحی خدمات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں اساتذہ، ریزیڈنٹ ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف نے شرکت کی، جن کی محنت و لگن ادارے میں مریضوں کی دیکھ بھال کی بنیاد ہے۔جدید مانیٹرنگ سسٹمز اور خصوصی بعد از آپریشن نگہداشت سے لیس یہ سرجیکل ایچ ڈی یو آئی سی یو اور جنرل وارڈز کے درمیان ایک اہم کڑی کے طور پر کام کرے گا، جس سے جراحی نتائج بہتر ہوں گے اور جے این ایم سی کے اعلیٰ معیار کی طبی خدمات کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔