علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ مغربی ایشیائی و شمالی افریقی مطالعات، فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے پروفیسر اور سابق قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز طویل، باوقار اور کامیاب تدریسی، تحقیقی اور انتظامی خدمات انجام دینے کے بعد یونیورسٹی سے سبکدوش ہوگئے۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر، ڈین پروفیسر آفتاب عالم، سینئر اساتذہ، ریسرچ اسکالرز، غیر تدریسی عملے اور ان کے رفقائے کار نے شرکت کی اور ان کی گرانقدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
پروفیسر محمد گلریز نے 2 اپریل 2023 سے 22 اپریل 2024 تک قائم مقام وائس چانسلر کی حیثیت سے یونیورسٹی کی قیادت کی، جبکہ اس سے قبل وہ 22 جون 2022 سے 2 اپریل 2023 تک پرو وائس چانسلر کے منصب پر فائز رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈین فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر، صدر شعبۂ مغربی ایشیائی و شمالی افریقی مطالعات، کانفلکٹ ریزولوشن اینڈ پیس اسٹڈیز پروگرام کے بانی رابطہ کار اور سینٹر فار ساؤتھ افریقن اینڈ برازیلین اسٹڈیز کے بانی ڈائریکٹر سمیت متعدد اہم ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ پروفیسر گلریز کی قیادت میں یونیورسٹی میں تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے کئی اہم اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامی بصیرت، ادارے سے وابستگی اور تعلیمی ترقی کے لیے سنجیدہ کوششیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ پروفیسر گلریز کے دور میں بوہرہ روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین نے اے ایم یو کے کالج آف فارمیسی کی نئی عمارت کے لیے فراخدلانہ عطیہ فراہم کیا۔
فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے سابق ڈین پروفیسر محمد اظہر نے کہا کہ پروفیسر گلریز نے علاقائی مطالعات، بین الاقوامی تعلقات اور امن مطالعات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا اور ایک مخلص معلم اور مدبر منتظم کی حیثیت سے اپنی شناخت قائم کی۔
دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما، سر سید اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروفیسر شافع قدوائی، سابق ڈین فیکلٹی آف تھیولوجی پروفیسر توقیر عالم فلاحی اور سینٹر آف کنٹینیونگ اینڈ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر گلریز کی علمی، انتظامی اور انسانی خوبیوں کو سراہا۔
پروفیسر محمد گلریز عالمی حکمرانی (Global Governance)، بین الاقوامی تعلقات، تقابلی سیاست، کثیرالثقافتی معاشروں، امن اور پائیدار ترقی جیسے موضوعات کے ممتاز ماہرین میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ سات کتابوں اور مونوگراف کے مصنف یا مدیر ہیں، جبکہ 40 سے زائد تحقیقی مقالات قومی اور بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے متعدد ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز کی نگرانی بھی کی ہے۔
بین الاقوامی سطح پر بھی انہوں نے نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ یونیورسٹی آف کولمبو (سری لنکا) میں آئی سی سی آر وزیٹنگ چیئر، نیشنل یونیورسٹی آف روانڈا میں وزیٹنگ پروفیسر اور حکومتِ روانڈا کے گڈ گورننس پروجیکٹ سے بطور مشیر وابستہ رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے امریکہ، برطانیہ، ایران، پاکستان، جنوبی افریقہ، قطر، کویت، ترکی، سعودی عرب، سری لنکا اور دیگر ممالک میں متعدد علمی کانفرنسوں اور سیمیناروں میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔
اپنے الوداعی خطاب میں پروفیسر محمد گلریز نے یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ، ملازمین، طلبہ اور اپنے تمام رفقائے کار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ان کی علمی اور ذاتی زندگی کا سب سے اہم حصہ رہی ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی معیار، ادارہ جاتی نظم و ضبط اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
تقریب کے اختتام پر شعبۂ مغربی ایشیائی و شمالی افریقی مطالعات کی صدر ڈاکٹر رخشندہ ایف فاضلی نے شکریہ ادا کیا، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر رونق شاہی نے انجام دیے۔