اے ایم یو کو ’نیک‘ کو دیا نظرثانی کے بعد اے پلس رینک

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
اے ایم یو کو ’نیک‘ نے نظرثانی شدہ جائزے میں اے پلس رینک عطا کیا
اے ایم یو کو ’نیک‘ نے نظرثانی شدہ جائزے میں اے پلس رینک عطا کیا

 


آواز دی وائس،علی گڑھ

نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل (نیک) نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی نظر ثانی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے اے ایم یو کی رینک کو ترمیم کرکے اے پلس (A+) کردیا ہے۔

اس طرح سے ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں اے ایم یو نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کی ہے۔ نیک نے اس سے قبل اے ایم یو کو اے رینک عطا کیا تھا، جس پر اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے نظر ثانی کی درخواست کے لئے پروفیسر پرویز مستجاب (ڈین، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی) کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی تھی۔

وائس چانسلر کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے نیک نے اپنے اسسمنٹ میں ترمیم کی اور اسے بلند کرکے اے پلس کردیا ہے جو 10/مئی 2022 سے اگلے پانچ سال تک کے لئے ہے۔

پروفیسر طارق منصور نے کہا ”نیک کی اعلیٰ درجہ بندی، حکمرانی اور تعلیمی و تدریسی کارکردگی سمیت کئی دیگر معیارات پر اے ایم یو کے اعتبار کی نشاندہی کرتی ہے۔ ہم طلباء اور فیکلٹی ممبران کو بہتر نتائج دینے کے لئے اپنی کارکردگی کا دائرہ لگاتار وسیع کررہے ہیں“۔

اساتذہ، طلبہ، غیرتدریسی عملہ کے اراکین اور سابق طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ملک کی نمایاں ترین یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں اے ایم یو کا مقام ہمارے اساتذہ کی محنت و لگن اور یونیورسٹی میں ہونے والی موزوں اور اعلیٰ ریسرچ کی عکاس ہے۔

انھوں نے یونیورسٹی اساتذہ کی خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا”اے ایم یو ایک ممتاز ادارہ ہے جہاں اساتذہ وقت کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کے اندر تعلیمی خیالات و افکار کو جِلا بخشنے کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ ملک کی ترقی اور فلاح و بہبود میں ہمارا کردار بھی وسیع ہورہا ہے“۔

پروفیسر منصور نے کہا: ”مجھے یقین ہے کہ ہمارے اساتذہ اور طلبہ اس گریڈ کو مستقبل میں مزید بہتر کریں گے۔ نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل کی طرف سے کی جانے والی درجہ بندی یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کی طرف سے فنڈ اور گرانٹ ملنے میں بہت اہمیت رکھتی ہے“۔

اے پلس گریڈ، نصابی پہلوؤں، ٹیچنگ- لرننگ اور ایویلوئیشن، تحقیق، اختراعات و توسیع، بنیادی ڈھانچہ اور سیکھنے کے وسائل، طلباء کی مدد اور ترقی، حکمرانی، قیادت اور مینجمنٹ اور ادارہ جاتی اقدار اور عمدہ ترین پریکٹیسز جیسے نکات پر مبنی ہے۔