اے ایم یو : شعبہ کامرس میں انتریپرینیئرشپ کو فروغ دینے کے لیے شیور پروگرام کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
اے ایم یو : شعبہ کامرس میں انتریپرینیئرشپ کو فروغ دینے کے لیے شیور پروگرام کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز
اے ایم یو : شعبہ کامرس میں انتریپرینیئرشپ کو فروغ دینے کے لیے شیور پروگرام کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز

 



علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ کامرس نے ”اسٹیمولیٹنگ اربن رنیول تھرو انٹریپرینیئرشپ“ (شیور) پروگرام کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کردیا ہے۔ شہری ترقی میں پائیدار کاروباری اقدامات کو فروغ دینے کے مقصد سے بارہ ہفتوں پر مشتمل یہ ورکشاپ، امریکہ کی یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے باؤر کالج آف بزنس کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔شعبہ کامرس کی پروفیسر آسیہ چودھری (اے ایم یو) اور پروفیسر صالحہ کھمّاوالہ (یونیورسٹی آف ہیوسٹن) کے مابین یادداشت مفاہمت (ایم او یو) کے تحت یہ ورکشاپ ہورہی ہے۔

افتتاحی تقریب میں اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر اور شیور پروگرام کے چیئرمین پروفیسر محمد محسن خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے جدید شہری مسائل کے حل میں انتریپرینیئرشپ کی اہمیت پر زور دیا اور شرکاء کو وقت کی قدر کرنے اور اپنا کاروباری برانڈ بنانے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

اے ایم یو کے رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس نے کاروباری صلاحیت کو معیشت کی ترقی اور سماجی تبدیلی کا محرک قرار دیا۔ انہوں نے ورکشاپ کے شرکاء کو تلقین کی کہ وہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ٹکنالوجی میں جدت کو اپنی کاروباری کوششوں کا حصہ بنائیں، اور صارفین کی تسکین اور قدر کی تخلیق پر توجہ دیں۔

پروگرام کی کنوینر، پروفیسر آسیہ چودھری نے شیور پروگرام کا تعارف کرایا اور اس کے مقاصد و دستیابیوں پر روشنی ڈالی۔ 2022 میں آغاز کے بعد سے، اس پروگرام کے تحت اب تک تقریباً 250 شرکاء کو تربیت دی جا چکی ہے، جن میں سے 45 نے کامیابی کے ساتھ اپنے کاروبار شروع کردئے ہیں۔افتتاحی تقریب ڈاکٹر محمد صئیم خان کے کلماتِ تشکر پر تکمیل کو پہنچی۔ اس کے بعد تکنیکی سیشن کا سلسلہ شروع ہوا جن میں شرکاء کو کاروباری امور کے مختلف پہلوؤں کی تربیت دی جارہی ہے۔