اے ایم یو : داخلہ جاتی امتحان آف لائن منعقد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
احتیاط کے ساتھ ہوگئے امتحان
احتیاط کے ساتھ ہوگئے امتحان

 

 

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بی ایس سی(آنرز)،بی کام(آنرز) اور بی اے(آنرز) کے داخلہ امتحانات آج اے ایم یو سمیت ملک میں مختلف مقامات پر دو شفٹوں میں خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوئے۔

پہلی شفٹ میں بی ایس سی (آنرز) اور بی کام (آنرز) کا داخلہ امتحان صبح دس بجے سے دوپہربارہ بجے تک منعقد ہوا۔بی ایس سی(آنرز) کے داخلہ امتحان کے لئے 11683/امیدواروں نے فارم جمع کئے تھے جن میں سے 8682/امیدوار امتحان میں شامل ہوئے۔

بی کام(آنرز) کا داخلہ امتحان بھی صبح دس بجے سے دو پہر بارہ بجے تک اے ایم یو میں بنے امتحانی مراکز کے علاوہ لکھنؤ(یو پی)، کولکاتا(بنگال)، سری نگر(کشمیر)، پٹنہ(بہار) کوزی کوڈ(کیرالہ)اور گوہاٹی(آسام) میں واقع امتحانی مراکز پر پُر امن ماحول میں منعقد ہوا۔ بی کام (آنرز) کے داخلہ امتحان کے لئے 4795/ امیدواروں نے داخلہ فارم جمع کئے تھے، جس میں سے 3749 /امیدوار امتحان میں شامل ہوئے۔

دوسری طرف بی اے (آنرز) کا داخلہ امتحان سہ پہر تین بجے سے پانچ بجے تک اے ایم یوسمیت دیگر ریاستوں میں بنائے گئے امتحانی مراکز پر منعقد ہوا۔ اس داخلہ امتحان کے لئے10896/امیدواروں نے فارم پُر کئے تھے۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا ”وبا کے دوران امتحانات منعقد کرانا یونیورسٹیوں کے لئے ایک چیلنج بھرا مرحلہ رہا ہے۔

ہم نے داخلہ عمل کو پورا کرنے کے لئے محنت کی ہے۔ خوشی کی بات ہے کہ داخلہ امتحانات کے نتائج آنے کے بعد داخلہ کا عمل جلد شروع ہوگا“۔ وائس چانسلر نے مختلف امتحانی مراکز کا معائنہ کیا اور کووِڈ رہنما ہدایات کے مطابق بندوبست کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کنٹرولر امتحانات مسٹر مجیب اللہ زبیری نے کہا کہ داخلہ امتحانات نہایت پُر امن ماحول میں منعقد ہوئے۔ سبھی امتحانی مراکز پر اساتذہ کو مشاہد کے طور تعینات کیا گیا تھا۔ امیدواروں اور ان کے سرپرستوں کی رہنمائی کے لئے یونیورسٹی کیمپس میں مختلف مقامات پر امدادی کیمپ لگائے گئے تھے۔ اے ایم یو کی این ایس ایس اکائی کے ملازمین نے امدادی کیمپ میں مقامی و بیرونی امیدواران کی ان کے مراکز سے متعلق رہنمائی کی گئی۔ اس موقع پر کووِڈ 19 سے متعلق رہنما ہدایات کا دھیان رکھا گیا۔