اے ایم یو: خوشبودار پودوں سے تیل کشید کرنے کا انوکھا طریقہ دریافت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2021
ایک اور کارنامہ اے ایم یو کے نام
ایک اور کارنامہ اے ایم یو کے نام

 

 

 علی گڑھ:خوشبو دار پودوں سے تیل نکالنا ایک دقت طلب کام ہے اور اس کے لیے خاصا وقت درکار ہوتا ہے۔ لیکن علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے باٹنی ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر مسرور خاں نے پودوں سے عطر اور تیل کشید کرنے کا جدید طریقہ دریافت کیا ہے جس میں انڈکشن کولر اور انڈکشن ہیٹر کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس طریہ کا نام انہوں نے ایف او آر ٹی یعنی فاسٹ آئل رِکوری ٹیکنیک رکھا ہے۔ یہ مروجہ طریقے سے تقریباً 4گنا تیز ہے اور اس طریقہ سے منتھا، پیپرمنٹ، یوکلپٹس، گلاب، لیوینڈر، لیمن گراس، تلسی، خس وغیرہ کا تیل آسانی سے کشید کیا جا سکتا ہے۔

 پروفیسر مسرور خاں نے بتایا کہ اس تکنیک کے ذریعہ ایک کلو پودینہ سے صرف 45منٹ میں تیک کشید کیا جا سکتا ہے جبکہ مروجہ طریقہ سے اس کام میں تقریباً 3گھنٹے خرچ ہوتے ہیں۔ دوسری جانب اس عمل میں بجلی کا خرچ ایک چوتھائی سے بھی کم ہوتا ہے۔ تیسرے یہ کہ مروجہ طریقہ میں قریب 250لیٹر ٹیپ کا پانی ٹھنڈائی کی خاطر خرچ ہوتا ہے جبکہ اس طریقہ میں صرف ایک یا دو کلو برف کا خرچ ہے۔ اس کے علاوہ کام کی جگہ پر زیادہ گرمی پیدا نہیں ہوتی۔

 پروفیسر مسرور خاں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ میں ڈاکٹر محمد نعیم اور ڈاکٹر طارق آفتاب کا بھی تعاون شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تکنیک کو حکومت ہند سے پیٹنٹ کرانے کے لیے پیش رفت کی جا چکی ہے۔ اس سے قبل بھی وہ نینو ذرات

(Nanoparticles)کے ذریعہ پیپرمنٹ کی پیداوار بڑھانے پر ایک پیٹنٹ کرا چکے ہیں۔

awazurdu

 پروفیسر مسرور خاں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ہی پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے اور امریکہ کی اوہایو اسٹیٹ یونیورسٹی نے پوسٹ ڈاکٹوریٹ کیا ہے۔ وہ تقریباً 40سال سے تحقیق اور درس و تدریس کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ اب تک ان کے 200مقالے معیاری جرائد میں شائع ہو چکے ہیں اور انہوں نے ادویاتی پودوں پر ایک درجن سے زائد کتابیں تصنیف کی ہیں۔