علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینئر سیکنڈری اسکول (گرلز) کی گیارہویں جماعت کی طالبہ صبیرہ حارث کو نئی دہلی میں منعقدہ اولین ہیلتھ کیئر سی ایس آر چینج میکرز سمّٹ و ایوارڈز 2024 میں سی ایس آر چینج میکرز ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس تقریب کا اہتمام ہیل فاؤنڈیشن نے انڈیا ہیبی ٹیٹ سنٹر، نئی دہلی میں کیا تھا۔ صبیرہ حارث کو یہ ایوارڈ تقریب کے مہمان خصوصی، کارپوریٹ امور کے وزیر مملکت مسٹر ہرش ملہوترا نے پیش کیا۔ مس حارث نے شوٹنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
وہ اٹلی میں انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف) جونیئر ورلڈ کپ میں خواتین کے ٹریپ میں کانسہ کا تمغہ جیت چکی ہیں۔ انھوں نے متعدد بین الاقوامی شوٹنگ مقابلوں میں حصہ لیا ہے، اور لیما، پیرو میں آئندہ ہونے والی آئی ایس ایس ایف جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ 2024 کے لیے شاٹ گن سلیکشن ٹرائلز میں صبیرہ حارث نے پہلا مقام حاصل کیاہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ 2028 کے اولمپکس میں ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ جیتنے کی خواہش رکھتی ہیں۔