انڈیا ٹوڈے بیسٹ یونیورسٹیز سروے 2022 میں اے ایم یو کی چوتھی رینک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-08-2022
 انڈیا ٹوڈے بیسٹ یونیورسٹیز سروے 2022 میں اے ایم یو کی چوتھی رینک
انڈیا ٹوڈے بیسٹ یونیورسٹیز سروے 2022 میں اے ایم یو کی چوتھی رینک

 

 

آواز دی وائس، علی گڑھ

 انڈیا ٹوڈے-ایم ڈی آر اے بیسٹ یونیورسٹیز سروے- 2022 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کو چوتھی رینک دی گئی ہے۔ سروے میں اپنایا گیا طریقہ کار کافی سخت ہے اور یونیورسٹیوں کی درجہ بندی معروضی طور پر 120 سے زائد صفات پر کی گئی ہے۔ ملک میں 1000 سے زائد یونیورسٹیوں کے ساتھ، انڈیا ٹوڈے گروپ کی بہترین یونیورسٹیوں کی سالانہ درجہ بندی ملک کے تعلیمی کیلنڈر میں ایک خاص مقام رکھتی ہے۔

سب سے زیادہ پی جی کورسز پیش کرنے کے لیے بھی اے ایم یو کو ملک میں پہلا مقام دیا گیا ہے۔ پچھلے تین برسوں کے دوران 15 پیٹنٹ کے ساتھ اے ایم یو کو ملک کی گورنمنٹ یونیورسٹیوں میں دوسرا مقام اور 36 پیٹنٹ داخل کیے جانے کے ساتھ اس زمرہ میں اسے تیسری رینک عطا کی گئی ہے۔

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے سبھی متعلقہ افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ”اے ایم یو کو ملک کے ممتاز اداروں میں مسلسل اعلیٰ درجہ دیا گیا ہے اور انڈیا ٹوڈے-ایم ڈی آر اے بیسٹ یونیورسٹیز سروے 2022 نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ اس کے فیکلٹی ممبران، طلباء، غیر تدریسی عملہ، اور سابق طلباء اس کے تعلیمی اور تحقیقی معیار کو بلند کرنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کر رہے ہیں“۔

اے ایم یو رینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ایم سالم بیگ نے کہا: ”یہ نتائج یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی کے اراکین کی محنت کا ثبوت ہیں“۔ انہوں نے اے ایم یو برادری کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ اے ایم یو،پیٹنٹ داخل کرنے اور پیٹنٹ دئے جانے کے لحاظ سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ہی سب سے زیادہ تعداد میں پی جی کورسز پیش کرنے کے لیے ملک کی نمبر ایک یونیورسٹی کے طور پر نمایاں ہے۔

کمیٹی برائے اے ایم یو رینکنگ کے کنوینر پروفیسر محمد نوید خاں نے کہا ”انڈیا ٹوڈے گروپ کا اپنے نالج پارٹنر ایم ڈی آر اے کے ساتھ کیا گیا سروے ہندوستانی یونیورسٹیوں کی تعلیمی اور بنیادی ڈھانچہ کی صورت حال پر ایک حتمی بیان کے طور پر سامنے آیا ہے اور اس حصولیابی پر اے ایم یوبرادری بجاطور پر مبارکباد کی مستحق ہے“۔