اے ایم یو:وائس چانسلر طارق منصور نے کیا مختلف کتب و رسائل کا اجراء

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-03-2022
اے ایم یو:وائس چانسلر طارق منصور نے کیا مختلف کتب و رسائل کا اجراء
اے ایم یو:وائس چانسلر طارق منصور نے کیا مختلف کتب و رسائل کا اجراء

 




آواز دی وائس، علی گڑھ

وائس چانسلر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، پروفیسر طارق منصور نے آج پانچ کتابوں و رسائل کا اجراء کیا، جن میں علی گڑھ جرنل آف لِنگوسٹکس، نیوز لیٹر آف ویمنس کالج، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلبہ کی میگزین ’حرف 2020-21‘ سہ ماہی فکر و نظر کا قاضی عبدالستار خصوصی نمبر، اور ڈاکٹر آفتاب عالم نجمی (شعبہ اردو) کی کتاب’الطاف حسین حالی، علمی و ادبی خدمات‘ شامل ہیں۔

علی گڑھ جرنل آف لِنگوسٹکس (اے جے ایل) کی گیارہویں جلد ہندوستان کے لسانی تنوع، ذو لسانیت اور علمی حصولیابیوں پر مبنی تحقیقی مضامین پر مشتمل ہے۔ رسم اجراء کے موقع پر پروفیسر ایم جے وارثی (صدر، شعبہ لسانیات اور ایڈیٹر اِن چیف، اے جے ایل) نے کہاکہ اے جے ایل میں اعلیٰ پایہ کی لسانی تحقیق شائع ہوتی ہے جو ملک کے لسانی تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔

رسالہ کے ایڈیٹر مسعود علی بیگ اور ڈاکٹر ناظرین بی لسکر نے کہا کہ مضامین کی اشاعت میں فیکلٹی ممبران نے ریسرچ اسکالروں کے ساتھ اشتراک کیا۔

اے ایم یو کے تاریخی ادبی وتحقیقی سہ ماہی ’رسالہ فکرونظر‘ کے خصوصی شمارے قاضی عبد الستار نمبر کی رونمائی وائس چانسلرپروفیسر طارق منصور نے ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر سید محمد ہاشم، صدر شعبہ اردو پروفیسر محمد علی جوہر، پروفیسر سفیان بیگ، پروفیسر شہاب الدین ثاقب، پروفیسر قمر الہدیٰ فریدی، پروفیسر ضیاء الرحمن صدیقی، پروفیسر سید سراج الدین اجملی، ڈاکٹر سید محمد نعمان طارق اور پروفیسر نعیمہ خاتون کے ہمراہ کی۔

اپنے وقیع مضامین کے لحاظ سے یہ ایک اہم نمبر ہے جو معروف محقق ڈین فیکلٹی آف آرٹس، اردو اکادمی کے ڈائریکٹر اور سابق صدر شعبہ پروفیسر سید محمد ہاشم کی ادارت میں شائع ہوا ہے۔ اس سے قبل سر سید نمبر اور مشاتق یوسفی نمبر بھی ان کی ادارت میں شائع ہوکر قبول عام حاصل کرچکے ہیں۔

پروفیسر سید محمد ہاشم اور جوائنٹ ایڈیٹر ڈاکٹر آفتاب عالم نجمی کی ادارت میں نکلنے والا یہ خاص شمارہ اپنی سابقہ روایت کا حامل ہے جس میں قاضی عبد الستار کی حیات و خدمات کے مخفی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔یہ رسالہ ابتداء سے ہی اپنے علمی، تحقیقی اور تجزیاتی مواد کے لحاظ سے اہمیت کا حامل رہا ہے جس کی چھاپ اس شمارے میں بھی دیکھی جاسکتی ہے۔

خصوصی شمارے کے لئے سرسید احمد خاں اور مشتاق احمد یوسفی کے بعد قاضی عبد الستار کی شخصیت کا انتخاب کرکے ان کی حیات و خدمات اور ان کے ذریعہ تشکیل دیئے گئے متن کے اہم پہلوؤں پر ملک کی اہم علمی شخصیات سے مضامین رقم کرا کر یہ خاص نمبر شائع کیا گیا ہے جس میں پروفیسر حکیم سید ظل الرحمان،پروفیسر نصیر احمد خاں،پروفیسر ابن کنول،پروفیسر غضنفرعلی،پروفیسر طارق چھتاری،پروفیسر صغیر بیگ افراہیم،پروفیسر ابوبکر عباد،ڈاکٹر پریم کمار،جناب اسرار گاندھی،اور پروفیسر ندیم احمد کے وقیع مضامین شامل ہیں۔

خصوصی نمبر میں قاضی عبدالستار کے افسانے، ناول اور ان کی زندگی پر اہم مضامین شامل ہیں جو ان تخلیقات کی تفہیم میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق نے خاص نمبر کی اشاعت پر مدیر پروفیسر سید ہاشم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے ادب اور دنیا کو انگنت آفتاب و ماہتاب دئے ہیں، ایسی ہی شخصیات میں قاضی عبدالستار کا شمار ہوتاہے جن پر فکرونظر کے خاص نمبر کی اشاعت سے نہ صرف ان کی خدمات سامنے آئیں گی بلکہ ادبی دنیا اور آنے والی نسلوں کو اس سے فائدہ ہوگا۔

ویمنس کالج، اے ایم یو کے پہلے سالانہ نیوز لیٹر میں کالج سے متعلق خبروں اور مضامین اور مختلف سرگرمیوں میں فیکلٹی ممبران کی حصولیابیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہاکہ اس نیوز لیٹر سے کالج کی علمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزئی اور مزید بہتری کے راستے پیدا ہوں گے۔ اجراء کے موقع پر ادارتی ٹیم کے اراکین ڈاکٹر نغمہ فاروقی، ڈاکٹر فوزیہ عثمانی اور ڈاکٹر صدف فرید بھی موجود تھے۔

شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلبہ کی میگزین ’حرف 2020-21‘ میں فیکلٹی ممبران اورطلبہ کے مضامین شامل ہیں۔ پروفیسر سلمیٰ احمد (ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ اور میگزین کی ٹیچر انچارج) نے بتایا کہ ادارتی ٹیم میں شیراز خاں، کارتک بھیاجی اور فضا عباس شامل ہیں۔

اجراء کے موقع پر پروفیسر جمال احمد فاروقی (چیئرمین، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن)، پروفیسر ولید احمد انصاری، پروفیسر فضا تبسم اعظمی (ٹیچر انچارج)، اور ڈاکٹر طارق عزیز (ٹیچر انچارج) موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے شعبہ اردو کے استاذ ڈاکٹر آفتاب عالم نجمی کی کتاب’الطاف حسین حالی: علمی و ادبی خدمات‘ کا بھی اجراء کیا۔

انھوں نے مصنف ڈاکٹر آفتاب عالم نجمی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ اردو یونیورسٹی کے ان شعبوں میں سے ہے جن سے اس یونیورسٹی کی شناخت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سو سالہ تقریبات کے موقع پر یہ کتاب سرسید احمد خاں کے اہم رفیق اور علی گڑھ تحریک کے روح رواں الطاف حسین حالی کوسچی خراج عقیدت ہے۔