علی گڑھ، :آئی آئی ٹی بمبئی کے ایف او ایس ایس ای ای، جیوگرافک انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس) پروجیکٹ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کو ’اوپن سورس جیو اسپیشل نالج پارٹنر‘ کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ اس پروجیکٹ کو مفت اور اوپن سورس جیو اسپیشل سافٹ ویئر، ہندوستانی سیٹلائٹ ڈیٹا اور مقامی ٹیکنالوجیز، جیسے این اے وی آئی سی کے استعمال کو تعلیم و صنعت میں فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے اور اے ایم یو کو یہ اعزاز 2020 سے جاری اوپن سورس جیو اسپیشل سرگرمیوں میں نمایاں شراکت اور قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے اہداف سے ہم آہنگ اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
یہ خاص طور پر اے ایم یو کے ویمنس کالج کی پیش رفت کا اعتراف ہے، جس نے اوپن سورس جی آئی ایس تربیت کو اپنے نصاب میں شامل کیا اور ملک گیر بیداری مہم کے ذریعے تمام ریاستوں میں اس علم کو فروغ دیا۔ ویمنس کالج کو اوپن سورس جیو اسپیشل مہارت اور تعلیم کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے نوڈل انسٹی ٹیوشن کے طور پر نامزد کیا گیا۔ یہ اعزاز اب تک ملک کے صرف تین اداروں کو حاصل ہوا ہے۔
2024 میں اے ایم یو کو نیشنل جیو اسپیشل ایوارڈز 2024 میں بیسٹ یونیورسٹی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ یہ پروگرام محکمہ تعلیم، حکومت ہند کے نیشنل مشن آن ایجوکیشن تھرو آئی سی ٹی (این ایم ای آئی سی ٹی) کے تحت آئی آئی ٹی بمبئی میں منعقد ہوا۔
قابل ذکر ہے کہ اے ایم یو کاجی آئی ایس اور ریموٹ سینسنگ کے اطلاق میں نمایاں کردار رہا ہے۔ 1984 میں مرحوم پروفیسر اقبال الدین کی قیادت میں اے ایم یو نے ریموٹ سینسنگ ایپلی کیشنز سنٹر فار ریسورس ایویلوئیشن اینڈ جیو انجینئرنگ قائم کیا جو 2014-15 میں انٹرڈسپلینری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلی کیشنز میں تبدیل ہوا۔
ایوارڈ تقریب کے دوران پروفیسر شہاب فضل (چیئرمین، شعبہ جغرافیہ) اور ڈاکٹر حارث حسن خان (چیئرمین، انٹرڈسپلینری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلیکیشنز) کی علمی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ اسی طرح اے ایم یو کے ویمنس کالج اور ڈاکٹر منصور عالم صدیقی (شعبہ جغرافیہ) کو ایکسِلینس اِن آؤٹ ریچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ انھیں اوپن سورس جیو اسپیشل ٹولز کے فروغ اور طالبات کو بااختیار بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔ ڈاکٹر کے ایرن کمار (سابق چیئرمین، اسرو)نے گزشتہ 17 جولائی 2025 کو آئی آئی ٹی بمبئی میں یہ ایوارڈ پیش کیے۔
پروفیسر نعیمہ خاتون (وائس چانسلر، اے ایم یو) کو توصیفی اسناد اور ایوارڈز پروفیسر عاصم ظفر (رجسٹرار، اے ایم یو)، پروفیسر شہاب فضل، ڈاکٹر حارث حسن خان اور ڈاکٹر منصور عالم صدیقی کی موجودگی میں محمد قاسم خان (نیشنل کوآرڈینیٹر و سینئر ریسرچ سائنٹسٹ، فوسی، جی آئی ایس، آئی آئی ٹی بمبئی) نے پیش کیے۔
پروفیسر عاصم ظفر نے بتایا کہ آئندہ مرحلے میں اے ایم یو اور ایف او ایس ایس ای ای، جی آئی ایس پروجیکٹ، آئی آئی ٹی بمبئی کے درمیان تھیمیٹک ورکشاپ، فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرامز اور سمر اور ونٹر اسکولز کے ذریعے صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس اشتراک کے تحت طلبہ کو نیشنل جیو اسپیشل انٹرن شپ پروگرام میں حصہ لینے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے، جو نیشنل جیو اسپیشل پالیسی 2022 اور انڈین اسپیس پالیسی 2023 سے ہم آہنگ ہے۔
ئئئئئ (دفتر رابطہ عامہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی)