علی گڑھ : مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی توانائی کو علم اور صلاحیت میں تبدیل کرتے ہوئے بامعنی عملی اقدامات کے ذریعے 2047 تک ایک ترقی یافتہ اور انسان دوست ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد ہندوستان کی پہلی نسل کے سامنے یہ سوال تھا کہ ملک آزاد کیسے ہوگا جبکہ موجودہ نسل کو یہ سوال خود سے کرنا چاہیے کہ وہ اس آزادی کو ملک کی مجموعی ترقی کے لیے کس شکل میں ڈھالے گی۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں 80واں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ تاریخی اسٹریچی ہال میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ اس سال کا موضوع ”وکست بھارت 2047 کے لیے یووا شکتی“ ملک کی ترقی کے سفر میں نوجوانوں کو مرکزی حیثیت دیتا ہے۔
قومی تعمیر میں یونیورسٹیوں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا سب سے اہم بنیادی ڈھانچہ اس کے نوجوان شہریوں کا فکری بنیادی ڈھانچہ ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں میں تجسس اور سائنسی مزاج کے ساتھ تخیل اور اخلاقی فیصلے کی صلاحیت پیدا کرنے پر زور دیا تاکہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کی جرأت کرسکیں جنہیں گزشتہ نسلیں حل نہیں کر سکیں۔
سر سید احمد خاں کے تعلیم کو تبدیلی کا ذریعہ بنانے کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ اے ایم یو کو ایک ایسی فکری طور پر متحرک اور جرات مند درس گاہ بننا چاہیے جو طلبہ کو صرف روزگار حاصل کرنے کے قابل نہ بنائے بلکہ انہیں دوسروں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے قابل بھی بنائے۔ انہوں نے اسے نوجوانوں کی توانائی کو عملی اختیار اور صلاحیت میں تبدیل کرنے کا عمل قرار دیا جس میں تحقیق اور تعمیر کے ساتھ بہتری اور تبدیلی کی صلاحیت بھی شامل ہے۔
اے ایم یو کی علمی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آج اپنی شاندار روایات اور مستقبل کی نئی سمتوں کے سنگم پر کھڑی ہے۔ اس کی خدمات سرکاری شعبے اور علمی تحقیق سے لے کر مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ سمیت ڈیٹا سائنس اور سائبر سکیورٹی جدید طبی تحقیق بین الاقوامی تعاون جغرافیائی معلوماتی تحقیق قابل تجدید توانائی اور ماحول دوست کیمپس جیسے شعبوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2025-26 کے دوران جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال میں کئی لاکھ مریضوں نے بیرونی مریضوں کے شعبے سے استفادہ کیا جبکہ 1.28 لاکھ سے زائد مریض داخل ہوئے اور 32 ہزار سے زیادہ بڑے اور چھوٹے آپریشن کیے گئے۔ اس کے بین شعبہ جاتی بچوں کے قلبی مرکز میں 200 سے زیادہ دل کے آپریشن بھی کیے گئے۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ترقی یافتہ ہندوستان صرف تکنیکی اعتبار سے ترقی یافتہ نہ ہو بلکہ ماحولیاتی طور پر بھی پائیدار ہو۔ غلط معلومات مصنوعی ذہانت اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ فکری خود انحصاری پیدا کریں اور اپنی رائے قائم کرنے سے قبل معلومات کے مطالعے تحقیق تقابل اور تصدیق کو اپنی عادت بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اے ایم یو کو ایسا ماحول پیدا کرنا چاہیے جہاں نوجوان ذہن فکری طور پر نئے تجربات کرنے کا حوصلہ رکھیں اور جدت طرازی کبھی کبھار کی سرگرمی کے بجائے ایک مستقل ثقافت بن جائے۔ انہوں نے مستقبل کے اے ایم یو گریجویٹ کو ایسے ماہر کے طور پر دیکھنے کی خواہش ظاہر کی جو انسانی ذہانت کو نظرانداز کیے بغیر مصنوعی ذہانت کے ساتھ کام کرسکے۔ ایسے سائنس داں جو معاشرے کو سمجھتے ہوں۔ ایسے صنعت کار جو ذمہ داری کا احساس رکھتے ہوں۔ ایسے اسکالرز جو یونیورسٹی سے باہر کی دنیا کو سمجھتے ہوں اور ایسے شہری جو نفرت کے بغیر اختلاف کرسکیں اور دیانت داری پر سمجھوتہ کیے بغیر کامیابی حاصل کرسکیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وائس چانسلر نے ایسے مستقبل کی اپیل کی جس میں ہندوستان محض ترقی یافتہ ہی نہیں بلکہ ”گہری معنوں میں انسان دوست“ بھی ہو۔ انہوں نے اے ایم یو برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے ماضی کو یاد رکھے لیکن اس کا اسیر نہ بنے اور اپنی اقدار سے منقطع ہوئے بغیر مستقبل کو گلے لگائے۔
یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے تقریب کی نظامت کی۔ یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں وائس چانسلر نے دیگر یونیورسٹی عہدیداران کے ہمراہ مختلف رسمی سرگرمیوں میں شرکت کی۔ ان میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم محسن خان ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر ایم اطہر انصاری پراکٹر پروفیسر ایم نوید خان اور دیگر افسران شامل تھے۔ انہوں نے سر سید ہالز جنوبی اور شمالی کے لان میں پودے بھی لگائے اور یونیورسٹی ہیلتھ سروس میں زیر علاج طلبہ میں پھل تقسیم کیے۔
اس سے قبل یونیورسٹی کی تاریخی عمارتوں میں انتظامی بلاک مولانا آزاد لائبریری وکٹوریہ گیٹ یونیورسٹی پالی ٹیکنک آڈیٹوریم باب سید اور فیکلٹی آف آرٹس کی عمارت کو ترنگے کی روشنیوں سے سجایا گیا۔
یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں شعبہ اردو نے 14 اگست کی شب یونیورسٹی پالی ٹیکنک کے اسمبلی ہال میں ایک شعری نشست بھی منعقد کی۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم محسن خان نے مشاعرے کی صدارت کی۔ پروفیسر سید سراج اجملی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کا پیغام پڑھ کر سنایا۔
علی گڑھ سے باہر سے تشریف لانے والے شعراء میں پروفیسر احمد محفوظ امیر امام ڈاکٹر عدنان قاسم اور ایم آر قاسمی علیگ شامل تھے جبکہ متعدد مقامی شعراء نے بھی اپنا مؤثر کلام پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر زبیر شاداب ڈائریکٹر اردو اکیڈمی نے کی جبکہ فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر محمد رضوان خان نے اظہار تشکر پیش کیا۔