علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے اپنے ریگولر طلبہ سے ڈاکٹر شنکر دیال شرما گولڈ میڈل 2024-25 کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اس کی تفصیلات اور درخواست فارم ڈین، اسٹوڈنٹس ویلفیئر (ڈی ایس ڈبلیو) کے ویب صفحہ پر دستیاب ہیں، جس کا ویب لنک ہے:
https://api.amu.ac.in/storage//file/10062/notice-and-circular/1755929559.pdf.
ڈی ایس ڈبلیو دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اے ایم یو سے کم از کم ایک ڈگری بشمول ایم بی بی ایس، بی یو ایم ایس حاصل کرنے والے یا ایم فل / پی ایچ ڈی کرنے والے طالب علم اس گولڈ میڈل کے اہل ہے۔ وہ طلبہ جن کے دو کورسز کے درمیان وقفہ رہا ہو، یا جو سپلیمنٹری یا بیک لاگ کے ساتھ پاس ہوئے ہوں، یا جن کے خلاف تادیبی کارروائی چل رہی ہو، انہیں اس ایوارڈ کے لیے اہل نہیں سمجھا جائے گا۔ علمی کارکردگی کا جائزہ دسویں جماعت سے لے کر ماسٹرز سطح تک کے تمام امتحانات کی بنیاد پر لیا جائے گا۔
درخواست کے ساتھ تصدیق شدہ شناختی کارڈ، تمام امتحانات کی اسناد، اے ایم یو سے جاری کیریکٹر سرٹیفیکٹ، ہم نصابی سرگرمیوں /سماجی خدمات کی اسناد کی نقول اورامتحانات، حاصل شدہ نمبرات اور دیگر حصولیابیوں پر مشتمل تفصیلی بایو ڈیٹامنسلک کرنا لازمی ہے۔ مکمل طور پر بھری ہوئی درخواستیں ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر، اے ایم یو کے دفتر میں جمع کرنے کی آخری تاریخ 13 ستمبر 2025 ہے۔