مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال۔2026-27 کے لیے داخلوں کا آغاز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-04-2026
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال۔2026-27 کے لیے داخلوں کا آغاز
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال۔2026-27 کے لیے داخلوں کا آغاز

 



حیدرآباد : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے داخلوں کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کی جانب سے مقامی طلبہ کے لیے مختلف مراعات کا اعلان بھی کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس ادارے سے فائدہ اٹھا سکیں۔

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا قیام 1998 میں پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ کے ذریعے عمل میں آیا اور اس کا مرکزی کیمپس حیدرآباد میں قائم ہے۔ تقریباً 200 ایکڑ پر محیط اس کیمپس میں آج ہزاروں طلبہ مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم ہیں جبکہ بڑی تعداد فاصلاتی اور آن لائن تعلیم کے ذریعے بھی مستفید ہو رہی ہے۔ یونیورسٹی میں اس وقت سرٹیفکیٹ سے لے کر ڈاکٹریٹ سطح تک کے 100 سے زائد کورسز دستیاب ہیں۔

گزشتہ تقریباً تین دہائیوں کے دوران یونیورسٹی نے ہزاروں طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا اور انہیں ملک و بیرون ملک نمایاں مقام حاصل کرنے کے قابل بنایا۔ یونیورسٹی کے فارغین مختلف عالمی اداروں اور کمپنیوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو اس ادارے کے معیار تعلیم کا ثبوت ہے۔

مقامی طلبہ کو راغب کرنے کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کے لیے یونیورسٹی کے دورے کا اہتمام کیا گیا تاکہ وہ یہاں کی تعلیمی سہولیات اور ماحول سے واقف ہو سکیں۔ اس پروگرام کے تحت ہزاروں طلبہ کو یونیورسٹی کا عملی تعارف کرایا گیا۔

وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کی قیادت میں مقامی طلبہ کے لیے داخلوں میں دس فیصد اضافی نشستیں بھی مختص کی گئی ہیں تاکہ حیدرآباد کے طلبہ کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ مختلف نئے کورسز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں جن میں فیشن ٹیکنالوجی جیسے سرٹیفکیٹ پروگرام شامل ہیں۔

تعلیمی سال 2026-27 کے لیے داخلے دو بنیادوں پر دیے جائیں گے۔ ایک داخلہ امتحان کے ذریعے اور دوسرا میرٹ کی بنیاد پر۔ داخلہ امتحان کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 27 اپریل ہے جبکہ میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کی آخری تاریخ 10 جون مقرر کی گئی ہے۔

مزید معلومات اور داخلہ فارم کے لیے طلبہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے لیے الگ الگ رہنمائی نمبر بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ آسانی سے معلومات حاصل کر سکیں۔

یہ موقع ان تمام طلبہ کے لیے نہایت اہم ہے جو اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اپنے مستقبل کو روشن بنانا چاہتے ہیں۔