ستیہ وتی کالج، دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں داخلوں کا آغاز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-06-2026
ستیہ وتی کالج، دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں داخلوں کا آغاز
ستیہ وتی کالج، دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں داخلوں کا آغاز

 



نئی دہلی۔ دہلی یونیورسٹی سے وابستہ ستیہ وتی کالج کے شعبۂ اردو میں تعلیمی سیشن 2026۔27 کے لیے داخلوں کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے داخلہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد بی اے اردو آنرس۔ بی اے پروگرام ہسٹری اردو۔ اور بی اے پروگرام پولیٹیکل سائنس اردو میں داخلے کے خواہش مند طلبہ و طالبات کے لیے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

دہلی یونیورسٹی کے مختلف کالجوں میں داخلے کامن یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ کے ذریعے کیے جا رہے ہیں۔ سی یو ای ٹی کی جانب سے 26 جون 2026 کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد دہلی یونیورسٹی نے اپنے داخلہ پورٹل پر رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ امیدوار داخلے کے لیے https://ugadmission.uod.ac.in پر جا کر اپنی درخواست آن لائن درج کر سکتے ہیں۔

شعبۂ اردو ستیہ وتی کالج اردو زبان و ادب کی تعلیم کا ایک فعال اور ممتاز مرکز شمار ہوتا ہے۔ یہاں طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ علمی۔ ادبی اور تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ ان کی شخصیت کی ہمہ جہت نشوونما ہو سکے۔

شعبۂ اردو کے فارغ التحصیل طلبہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں کالج کے متعدد طلبہ دہلی حکومت کے محکمۂ تعلیم کے تحت اساتذہ کے طور پر منتخب ہوئے ہیں اور دہلی کے مختلف سرکاری اسکولوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں میں بھی اس کالج کے طلبہ تعلیم۔ تحقیق اور دیگر میدانوں میں نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں۔

کالج میں طلبہ کی علمی اور ادبی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ادبی انجمن "بزم ادب" کے زیر اہتمام مختلف ادبی اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ اسی طرح ضرورت مند طلبہ کی مالی معاونت کے لیے اسٹوڈنٹ ایڈ فنڈ کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے تاکہ معاشی دشواری تعلیم میں رکاوٹ نہ بنے۔

شعبۂ اردو نے اردو کے طلبہ۔ والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے روشن تعلیمی مستقبل کے لیے ستیہ وتی کالج کا انتخاب کریں جہاں معیاری تعلیم۔ سازگار تعلیمی ماحول اور ہمہ جہت ترقی کے بہترین مواقع دستیاب ہیں۔

داخلے سے متعلق مزید معلومات اور رجسٹریشن کے لیے امیدوار دہلی یونیورسٹی کے داخلہ پورٹل سے رجوع کر سکتے ہیں۔