محبوب الحق
زبین ازم ایک نیا تصور ہے جو آسام کے ہر دلعزیز فنکار زبین گرگ کی پراسرار موت کے بعد سامنے آیا ہے۔ لاحقہ ازم کا استعمال کسی عقیدے کسی اصول کسی نظام یا کسی تحریک کے لیے کیا جاتا ہے۔ یہ عام طور پر خیالات فلسفے یا طرز فکر کے ایک مجموعے کی نشاندہی کرتا ہے جسے افراد یا گروہ اختیار کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر حب الوطنی اپنے وطن سے محبت وفاداری اور وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ فخر اور ذمہ داری کا وہ جذبہ ہے جو انسان اپنے ملک کے لیے رکھتا ہے۔ جو اس کی مٹی اس کے لوگوں اس کے وسائل اس کی ثقافت اس کی فطرت اس کے قانون کے احترام اور اس کی خدمت اور دفاع کی خواہش کے ذریعے ظاہر ہوتا ہے۔ اسی طرح زبین ازم سے مراد ثقافتی شناخت جذباتی اظہار اور سماجی شعور کا وہ احساس ہے جو زبین گرگ کی زندگی موسیقی اور نظریے سے پیدا ہوتا ہے۔
یہ مانا جاتا ہے کہ جب دنیا میں عدم توازن پیدا ہو جاتا ہے اور برائی اچھائی پر غالب آجاتی ہے تو خدائی مداخلت ہوتی ہے۔ یعنی تاریک ترین حالات میں بھی ایک طاقت نمودار ہوتی ہے جو دنیا میں توازن قائم کرتی ہے۔ بیسویں صدی کے آخری برس خاص طور پر انیس سو نوے کی دہائی آسام میں سماجی سیاسی بے چینی شناختی بحران اور ثقافتی تغیر کا دور تھا۔ ریاست طویل شورش معاشی غیر یقینی اور آسام تحریک کے اثرات سے ابھر رہی تھی۔ ایسے وقت میں زبین گرگ نے موسیقی اور ثقافت کو لوگوں کو ایک مقصد سے جوڑنے کا وسیلہ بنایا۔ انہوں نے گایا
ক্লান্ত জীৱন আজি
ক্লান্ত দিঠক আজি
দুচকুত ভাঁহে মাথোঁ
শান্তিৰ শুভ্ৰ ৰথ
মুকুতিৰ শুদ্ধ পথ
ترجمہ
آج زندگی تھکی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔
آنکھیں بھی بوجھل ہیں۔
میرے پیش نظر صرف
امن کا سفید رتھ ہے۔
نجات کی پاکیزہ راہ ہے۔
ان کے گیت جدید موسیقی اور آسام کی لوک روایت کو ملا کر نوجوانوں کے دلوں میں اتر گئے۔ ان کی موسیقی نے آسام کی عوامی ثقافت کو نئی زندگی دی۔ انہوں نے روایت اور جدیدیت کے درمیان ایک لازوال پل قائم کیا۔ ان کی مقبولیت نے سماجی سیاسی بے یقینی کے دور میں آسام کے لوگوں کو اپنی شناخت پر دوبارہ فخر کرنے کا موقع دیا۔ وہ صرف موسیقار نہیں تھے بلکہ نوجوانوں کے جذبے حوصلے اور علاقائی شناخت کی آواز بن گئے۔
زبین ازم کی تشکیل کو تین مرحلوں میں سمجھا جا سکتا ہے۔
ابتدا انیس سو نوے کی دہائی۔ آسام کے پُر آشوب دور میں زبین گرگ کا ایک طاقتور ثقافتی علامت بن کر ابھرنا۔
نشوونما دو ہزار کی دہائی۔ موسیقی اور فلموں کے ذریعے ثقافتی ہم آہنگی اور شمولیت کو فروغ دینا۔
استحکام دو ہزار دس سے آج تک۔ بدعنوانی اور ناانصافی کے خلاف عوامی آواز کے طور پر ابھرنا اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام دینا۔
زبین ازم کو ان کی سادگی ہمدردی اور انسان دوستی نے مضبوط کیا۔ یہ محسوس کرنے سوچنے اور وابستہ ہونے کا ایک طریقہ ہے۔ اسے ہم ہم آہنگ زندگی کے چار اصولوں کے طور پر بھی سمجھ سکتے ہیں۔ ثقافتی فخر۔ ہمدردی۔ ضمیر۔ بقائے باہمی۔
ثقافتی فخر
زبین گرگ اپنی خداداد صلاحیت کی بنا پر ممبئی میں بہترین مقام حاصل کر سکتے تھے۔ لیکن وہ اپنی مٹی اور اپنے لوگوں کی محبت میں اپنے وطن لوٹ آئے۔ زبین ازم مقامی شناخت کے تحفظ کے ساتھ تبدیلی کو قبول کرنے کا درس دیتا ہے۔ ان کے نزدیک فن محض تفریح نہیں بلکہ دلوں کو بیدار کرنے اور لوگوں کو جوڑنے کا ایک وسیلہ تھا۔ موسیقی کے علاوہ انہوں نے فلم مشن چائنا کے ذریعے آسام کے فلمی صنعت میں انقلاب برپا کیا۔ ان کی اپیل کہ دوڑی دوڑی جام آسویا سینما سام آسویا سینما سے محبت اور ذمہ داری دونوں کو ظاہر کرتی ہے۔ وہ کہتے تھے کہ گاموچا کتاب نہ پڑھنے والی قوم کو نہیں بچا سکتا۔ یعنی کسی قوم کی اصل طاقت اس کی تہذیبی علامتوں میں نہیں بلکہ باشعور اور تعلیم یافتہ نسل میں ہوتی ہے۔
ہمدردی
ان کی موسیقی ان کے الفاظ اور ان کے عمل میں ہمدردی سچائی اور اخوت کی جھلک تھی۔ وہ صرف گلوکار موسیقار یا فلم ساز نہیں تھے بلکہ اپنی سادگی بے باکی اور اخلاص کی وجہ سے لاکھوں دلوں کی دھڑکن تھے۔ وہ دوسروں کے دکھ کو محسوس کرنے والا نرم دل انسان تھے۔ وہ چھپ کر ضرورت مندوں کی مدد کرتے تھے۔ سیلاب کے دنوں میں انہوں نے خود امدادی کام منظم کیے۔ وہ غریبوں اور مریضوں خصوصاً کینسر کے مریضوں کی مدد کرتے تھے۔ ان کا جذبہ ہمدردی خاموش مگر لامحدود تھا۔
ضمیر
زبین گرگ کو سچائی کا پیکر کہا جاتا تھا۔ وہ بے آوازوں کی آواز بنے۔ وہ ان مسائل پر بولتے تھے جن پر دوسروں نے خاموشی اختیار کی۔ وہ بدعنوانی عدم برداشت اور ناانصافی کے خلاف کھل کر بولتے تھے۔ وہ کبھی ڈرے نہیں چاہے ان کی بات پر کتنی ہی تنقید کیوں نہ ہوئی۔ انہوں نے کہا تھا سیاست نہ کریبا بندھو۔ وہ سیاست دانوں کو بھی للکار سکتے تھے۔ وہ کہتے تھے کہ اگر کسی سے کچھ سیکھنے کو نہ ہو تو اسے حد سے زیادہ عزت دکھانے کی ضرورت نہیں۔ ان کی یہی جرات عوام کے دلوں میں محبت اور اعتماد پیدا کرتی تھی کیونکہ وہ ان میں اپنی جھلک دیکھتے تھے۔
بقائے باہمی
انہوں نے کہا تھا کہ میرا کوئی جاتی نہیں۔ میرا کوئی دھرم نہیں۔ میرا کوئی بھگوان نہیں۔ میں آزاد ہوں۔ میں کنچنجنگا ہوں۔ شاید یہ بات انہوں نے حالیہ سماجی تقسیم سے پیدا ہونے والی مایوسی میں کہی۔ وہ ذات مذہب فرقے سے اوپر اٹھ چکے تھے۔ ان کا مقصد یہ بتانا تھا کہ اصل روحانیت انسانیت محبت اور دیانت میں ہے۔ ان کی موت نے اس پیغام کو اور بھی مضبوط کردیا۔ آسام کی تاریخ میں پہلی بار اُن کی آخری رسومات میں مختلف مذاہب کے رہنما ایک ساتھ شریک ہوئے۔ سوناپور کے کامرکُچی میں جہاں انہیں چتا دیا گیا لوگ آج بھی وہاں پہنچ کر انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کا گیت مایابِنی ہر مذہب اور ہر طبقے کے لوگوں کے لیے ایک دعا بن چکا ہے۔ سوناپور میں زبین کھیتر ایک نئی وحدت کا مقام بن چکا ہے جو ایک نئے آسام کی علامت ہے۔
زبین گرگ نے ثابت کیا کہ اصل مذہب رسومات میں نہیں بلکہ محبت ہمدردی اور انسانی رشتوں میں ہے۔ ایک ایسی دنیا میں جو شناخت اور عقیدے کی بنیاد پر بٹتی جارہی ہے زبین کی زندگی یاد دلاتی ہے کہ انسانیت کی محبت سب سے بڑی عبادت اور امن کا ذریعہ ہے۔
یوں زبین ازم آسام میں زبین گرگ کی شخصیت اور فن سے پیدا ہونے والے ثقافتی اور جذباتی رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔ کوئی شخص اس وقت زبین ازم کا پیرو کہلا سکتا ہے جب وہ لوگوں کی فلاح کے لیے بے لوث کام کرے۔ ثقافتی فخر کے ساتھ ہمدردی اور بھائی چارے کا پیغام دے۔ لوگوں کو متحد رکھے اور مظلوموں اور ضرورت مندوں کے لیے ڈٹ کر آواز اٹھائے۔
جیسا کہ انہوں نے اپنے گیت جگت پوہور کری میں کہا ہے ہمیں روشنی کی وہ لہر اختیار کرنی چاہیے جو دنیا کی تاریکی مٹا کر ایک پرامن اور ترقی یافتہ معاشرہ قائم کرے۔
জগত পোহৰ কৰি আহিব প্লাৱন
আঁতৰাব অমানিশা বধিব ৰাৱণ
নিকা হ’ব সমাজ
শেষ হ’ব এই পাপ
ফুলি ৰ’ব প্ৰেম শতদল ।
লিখা হ’ব আকৌ নতুন ইতিহাস ।
ترجمہ
دنیا پر روشنی کا سیلاب امڈ آئے گا۔
اندھیرا ختم ہوگا۔
برائی راون کی طرح شکست کھائے گی۔
معاشرہ پاکیزہ ہو جائے گا۔
یہ گناہ ختم ہو جائے گا۔
محبت کا کنول ہمیشہ کھلتا رہے گا۔
نئی تاریخ دوبارہ لکھی جائے گی۔
آئیے زبین ازم کی قدروں کو اپنی زندگی میں شامل کریں۔ انہیں علمی اداروں میں رواج دیں۔ یہ تمام متعلقین خصوصاً تعلیمی دنیا کا فرض ہے کہ وہ زبین گرگ کی زندگی اور وراثت کے تحفظ کے لیے تین اصول اختیار کریں۔ تحفظ۔ نگہداشت۔ ترویج۔ تاکہ ایک ہم آہنگ پرامن اور انسان دوست معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔