یوسف ولی:پیاسوں کو پانی پلانا ہےجن کا مشغلہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-06-2022
یوسف ولی:پیاسوں کو پانی پلانا ہےجن کا مشغلہ
یوسف ولی:پیاسوں کو پانی پلانا ہےجن کا مشغلہ

 

 

محمد اکرم/حیدرآباد

ہمارے معاشرے میں ایسے بہت سے لوگ ہیں، جو بغیر کسی دکھاوے کے انسانیت کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وہ لوگوں کی خوشی اور غم میں مکمل خاموشی سے مدد کرتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ہم انہیں نہیں پہچانتے یا ہم نے کبھی ایسے لوگوں سے ملنے کی کوشش نہیں کی۔ ایسی ہی ایک تصویر ملک کے موجودہ ماحول میں سکون بخشنے والی ہے۔

آج ہم آپ کو حیدرآباد کے ایک بزرگ سے ملواتے ہیں جو ملازمت کے ساتھ ساتھ لوگوں کی پیاس بھی بجھاتے ہیں۔ شہر کے ایل بی نگر کے پیٹرول پمپ (بس اسٹینڈ) کے قریب روزانہ پانی رکھ آتے ہیں ،جسے عام لوگ چلچلاتی دھوپ میں پیتے ہیں۔ اس شخص کا نام یوسف ولی ہے جو ایل بی نگر کے علاقے چنتل کٹہ کی جہانگیر کالونی کا رہائشی ہے۔

awaz

اسی جگہ کے قریب ڈی سرینواس 25 سال سے موچی کا کام کرتا ہے اور جب یوسف ولی کے بارے میں پوچھاجائے تو ان کی تعریف کرتے نہیں تھکتا۔ یوسف ولی، جن کی عمر 62 سال ہے اور جلد ہی ریٹائر ہونے والے ہیں، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں کام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں یہ کام دکھاوے کے لیے نہیں کرتا۔ میں نہیں چاہتا کہ لوگ میری تعریف کریں۔ میں روزانہ دفتر جانے سے پہلے اپنی اسکوٹی پر پانی کے کئی بڑے ڈبے لاتا ہوں اور چھتری، پانی اور گلاس رکھ کر چلا جاتا ہوں اور پھر شام کو عصر کی نماز پڑھ کر واپس آتا ہوں، پھر اپنا سامان واپس لےجاتا ہوں۔

ان کے مطابق پانی رکھنے کی جگہ پر جان بوجھ کر مفت پانی کے علاوہ کچھ نہیں لکھا گیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں اس قسم کا کام دو جگہ کرتا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ پیاسے کو پانی پلانے کا کتنا ثواب ملتا ہے۔

awaz

۔ 25 سال سے موچی کا کام کرنے والے ڈی سرینواس نے بتایا کہ مولوی صاحب روزانہ گاڑی سے پانی لاتے ہیں اور چھتری، پانی، گلاس لے کر آتے ہیں اور شام پانچ بجے آکر واپس لے جاتے ہیں۔ ہم بھی پانی پیتے ہیں، لوگ بھی پیتے ہیں اور بوتل میں بھی لے جاتے ہیں۔

مولوی صاحب کئی مہینوں سے یہ کام کر رہے ہیں۔ لوگ بارہ بجے سے تین بجے تک زیادہ پانی پیتے ہیں۔ ایک مقامی شہری ایم وی گوڈا نے بتایا کہ میں یہاں روزانہ پانی پیتا ہوں، مولوی صاحب کو دیکھ کر مسکراتے ہوئے کہنے لگے کہ ہم جیسے بہت سے لوگ آتے ہیں۔

یوسف ولی کا مزید کہنا ہے کہ ہمارا مقصد لوگوں کو پانی دینا ہے، اللہ اس کا اجردے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک زندگی ہے یہ کام کرتا رہوں گا کیونکہ معاشرے میں آپسی بھائی چارہ لانے کی ایک چھوٹی سی کوشش ہے۔ یوسف ولی جیسے لوگوں کی شناخت اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، تاکہ معاشرے میں امن و سکون بڑھے اور ملک ترقی کرے۔