زیبا نسیم
کولکتہ ۔ خوشیوں کا شہر،یوں تو بنگال کے سب سے بڑے تہوار درگا پوجا میں اپنی سجاوٹ اور رونق کے لیے مشہور ہے،کیونکہ کولکتہ بنگال کی تہذیب کا مرکز ہے اور درگا پوجا کے تہوار کی جگمگاہٹ اس تہذیب کا ایک نمایاں حصہ سمجھی جاتی ہے کیونکہ یہ درگا ماں کی سرزمین مانی جاتی ہے ۔ لیکن اس سرزمین پر درگا پوجا کی مانند جو تہوار منایا جاتا ہے وہ کرسمس ہوتا ہے ۔ ایک ی دو دن کی بات نہیں بلکہ دس سے بارہ دنوں تک کرسمس اور نئےسال کا جشن شہر کو دلہن بنا دیتا ہے۔ فطری طور پر یہ سوال ذہن میں ابھرتا ہے کہ آخر وہ کون سی کہانی ہے جس کے باعث عیسائیوں کی خوشیاں پچیس دسمبر سے ایک ہفتہ پہلے شروع ہو جاتی ہیں اور نئے سال کے جشن میں ضم ہو جاتی ہیں۔ یہ جشن اس قدر ہمہ گیر ہوتا ہے کہ عیسائی صرف چرچ تک محدود نظر آتے ہیں جبکہ ہندو مسلمان سکھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ روشنیوں میں نہائی سڑکوں پر خوشیاں مناتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہی وہ پہلو ہے جو کولکتہ کے کرسمس کو پورے ملک میں منفرد بناتا ہے۔
یہ بات بالکل واضح ہے کہ جب کلکتہ صنعت تعلیم تجارت اور کاروبار کا مرکز بنا اور اٹھارہویں صدی کے وسط میں ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان میں اپنی سیاسی گرفت مضبوط کر لی تو اسی دور سے یہاں کرسمس کی بڑی اور شاندار تقریبات کا آغاز ہونا طے تھا۔ انیسویں صدی سے بیسویں صدی کے درمیان یورپی اور امریکی سماج کے شہری اور فوجی حلقوں نے کلکتہ میں کرسمس کس طرح منایا اس کی ایک روشن تصویر فینی پارکس سمیت کئی مصنفین نے پیش کی۔ بنگالی ادب میں شری پنٹھا کے نام سے مشہور نکھل سرکار اور ستول بابو کے نام سے معروف رادھا پرساد گپتا نے اس دور کی سماجی اور سیاسی فضا میں کرسمس کی جھلک دکھاتے ہوئے اہم مضامین تحریر کیے۔ تاہم انہوں نے اس پہلو پر کم روشنی ڈالی کہ اٹھارہ سو ستاون کی بغاوت کے بعد جب برطانوی تاج نے ہندوستان کا اقتدار کمپنی سے اپنے ہاتھ میں لیا تو اس کے بعد کرسمس کس طرح منایا جانے لگا۔


سال 1857 سے 1911 تک کلکتہ برطانوی ہندوستان کا دارالحکومت رہا اور اس حیثیت میں وہ محض ایک تجارتی کمپنی کے زیر قبضہ علاقے کا مرکز نہیں تھا۔ 1911میں جب دارالحکومت دہلی منتقل کیا گیا تو کلکتہ کی شان کو شدید دھچکا پہنچا کیونکہ اس وقت دہلی نہ تو کلکتہ جتنا بڑا شہر تھا اور نہ ہی اس کے پاس ایسی دولت اور شہری سہولیات موجود تھیں۔ اس کے باوجود 1911سے 1947 کے درمیان اگرچہ کلکتہ سرکاری دارالحکومت نہیں رہا مگر 1930 کی دہائی کے وسط تک وہ غیر رسمی طور پر اپنی عظمت برقرار رکھے ہوئے تھا کیونکہ یہ ملک کا سب سے بڑا صنعتی شہر تھا۔
دراصل1950 کی دہائی کے آخر تک کلکتہ میں کرسمس اور نئے سال کی تقریبات ایک مضبوط روایت بن چکی تھیں اور انہیں جدید ہندوستان کی ثقافتی میراث کا حصہ سمجھا جاتا تھا۔ بڑے کلبوں اور سماجی اداروں میں جشن کا سماں ہوتا تھا۔ اعلیٰ درجے کے ریستورانوں میں شاندار دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا تھا۔ بہترین کھانے اور مشروبات پیش کیے جاتے تھے۔ بیکریوں میں رونقیں رہتی تھیں اور درآمدی تحفوں کی خریداری اپنے عروج پر ہوتی تھی۔ سرکس باغیچوں کی محفلیں کرکٹ گھڑ دوڑ تھیٹر جادو کے کھیل اور دریائی سیر سب کچھ اس جشن کا حصہ ہوتا تھا۔
ایاد رہے کہ 1911 کے بعد بھی وائسرائے اور ان کی کابینہ کرسمس کے موقع پر کلکتہ آتی رہی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس زمانے میں کرسمس منانے کے لحاظ سے کلکتہ بمبئی سنگاپور اور ہانگ کانگ سے کہیں آگے تھا۔ کرسمس سے ایک ہفتہ پہلے ہی تقریبات شروع ہو جاتی تھیں اور کرسمس کی شام شہر پوری آب و تاب کے ساتھ جگمگا اٹھتا تھا۔ پچیس دسمبر اٹھارہ سو بیاسی کو دی اسٹیٹس مین میں شائع ہونے والی رپورٹ میں شہر کی روشنیوں اور سجاوٹ کی تفصیل ملتی ہے۔ کیفے اور ریستوران صبح تک کرسمس کے شائقین سے بھرے رہتے تھے۔ گریٹ ایسٹرن ہوٹل میں شاندار بفی سجتے تھے جن میں کیک اور مٹھائیاں اعلیٰ ذائقے کی ہوتیں اور مختلف گوشت کے پکوان پیش کیے جاتے تھے۔


اطالوی بیکری پلیتّی جو وائسرائے ہاؤس کو سامان فراہم کرتی تھی کرسمس پر دیوہیکل کیک تیار کرنے کے لیے مشہور تھی۔ اٹھارہ سو نواسی میں اس بیکری نے بارہ فٹ بلند ایفیل ٹاور کی شکل کا کیک تیار کیا جسے فن کا اعلیٰ نمونہ قرار دیا گیا۔ کرسمس کے دنوں میں کلکتہ کے بازاروں میں بھی غیر معمولی رونق ہوتی تھی۔ دی اسٹیٹس مین کی اٹھارہ سو چھیاسی کی رپورٹ کے مطابق نیو مارکیٹ میں بہترین گوشت اور پلم کیک کی دکانیں خاص طور پر سجی ہوتی تھیں۔کرسمس اور نئے سال کا ہفتہ تحفوں کے تبادلے کا اہم وقت ہوتا تھا اور یورپی باشندے لندن اور یورپ سے آنے والی نئی کھیپ کا انتظار کرتے تھے۔ وائٹ وے لیڈلا اینڈ کمپنی آرمی اینڈ نیوی اسٹور ہال اینڈ اینڈرسن اور مور اینڈ کمپنی جیسے بڑے اسٹورز میں خریداروں کا سیلاب آ جاتا تھا۔ اس زمانے میں گراموفون ایک مقبول تحفہ تھا۔ انیس سو پچیس میں ایڈیسن کا نیا ماڈل تین سو پچاس روپے میں پیش کیا گیا اور اسے کرسمس کے لیے بہترین تحفہ کہا گیا۔ کھلونوں کی مانگ بھی بہت زیادہ ہوتی تھی اور بیکر اینڈ کیٹلف جیسی کمپنیاں بڑی تعداد میں درآمدی کھلونے فراہم کرتی تھیں۔
گرینڈ ہوٹل بچوں کے لیے کرسمس کارنیوال منعقد کرتا تھا اور سینٹرل کلکتہ اس دور میں ایشیا کا سب سے بڑا تفریحی مرکز مانا جاتا تھا۔ بڑے ہوٹل کلب اور ریستوران کرسمس کی خصوصی تقریبات پیش کرتے تھے۔ انگریزی اخبارات کرسمس کے خصوصی ضمیمے شائع کرتے تھے اور حیرت انگیز طور پر انیس سو چالیس میں رابندر ناتھ ٹیگور نے بھی دی اسٹیٹس مین کے کرسمس سپلیمنٹ کے لیے ایک نظم ارسال کی تھی۔آزادی کے بعد بھی کلکتہ کرسمس اور نئے سال کا مقبول ترین مرکز رہا۔ ایک غیر اعلانیہ روایت یہ تھی کہ کرکٹ کے ٹیسٹ میچ اسی دوران کلکتہ میں رکھے جائیں تاکہ مہمان ٹیمیں جشن کا لطف اٹھا سکیں۔ اگرچہ معاشی برتری کے زوال کے بعد شہر اپنی پرانی شان پوری طرح بحال نہ کر سکا مگر آج بھی کرسمس اور نئے سال کی تقریبات یہاں پورے جوش و خروش سے منائی جاتی ہیں۔