ڈی ڈی اردو پر اردو نیوز بلیٹن بحال کیا جائے: شبنم ہاشمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 19-01-2022
ڈی ڈی اردو پر اردو نیوز بلیٹن بحال کیا جائے: شبنم ہاشمی
ڈی ڈی اردو پر اردو نیوز بلیٹن بحال کیا جائے: شبنم ہاشمی

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

معروف سماجی کارکن و انہد کی سربراہ شبنم ہاشمی نے پرسار بھارتی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ششی ایس ویمپتی کے نام ایک خط لکھ کر ڈی ڈی اردو پر اردو نیوز کو بحال کرنے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ ہم  ڈی ڈی اردو پر اردو نیوز بلیٹن میں دس میں سے دو میں بڑی کمی کے بارے میں لکھ رہے ہیں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ یہ کمی ڈی ڈی انڈیا- انگریزی اور ڈی ڈی نیوز ہندی پر کووڈ کے عروج کے وقت کی گئی تھی۔

جب چیزیں معمول پر آنے لگیں تو پابندیاں ہٹا دی گئیں۔انگریزی اور ہندی نیوز بلیٹن دوبارہ شروع ہو گئے۔ ڈی ڈی اردو کے پاس اب بھی صرف دو نیوز بلیٹن ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ اس ادارہ کو ایسی تنظیم نہیں بنیں گے جو کسی بھی زبان کے ساتھ امتیازی سلوک کرے، خاص طور پرایک ایسی زبان کے ساتھ جو ہندوستان کی سرزمین پر پیدا ہوئی اور پرورش پائی ہے۔

 اتوار کو انہد اور مسلم ویمنز فورم نے اس مسئلے پر بات کرنے کے لیے ایک ورچوئل پلیٹ فارم کا اہتمام کیا۔ اس میں مختلف ریاستوں کے نمائندے نے شرکت کی، جو الگ الگ مذہب کے ماننے والے اور الگ الگ زبان کے بولنے والے تھے۔انہوں نے اس ورچوئل میٹ میں اس بات پر زور دیا کہ ڈی ڈی اردو پر اردو نیوز بلیٹن کو بحال کرنے کے لیے حکومت ہند سے درخواست کی جائے۔

شبنم ہاشمی نے خط میں تحریر کیا ہے کہ ان اردو بلیٹنز کو بین الاقوامی ناظرین حاصل ہیں، اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اردو نیوز بلیٹن حکومت کے اقدامات اور اسکیموں کو ان طبقوں تک پہنچانے میں کارآمد ہیں جہاں زبان کو بہتر طور پر سمجھا جاتا ہے۔ اردو کو صرف ایک مسلم زبان کے طور پر پہچاننا غلط ہے۔ یہ  ان لاکھوں اردو جاننے والوں اور اردو سے محبت کرنے والے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے خسارہ کی بات ہے۔

انہوں نے لکھا کہ یہ پنڈت دیا شنکر نسیم، پنڈت برج نارائن چکبست، جگن ناتھ آزاد، گوپی ناتھ امان اور ہزاروں دیگراسکالرز، شعرا اور ادیبوں کے کام کی بھی نفی کرنے کی مانند ہے۔

انہوں درخواست کی ہے کہ ڈی ڈی اردو پر تمام 10 نیوز بلیٹنز کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔

خیال رہے کہ اس  خط پر شبنم ہاشمی کے دستخط کے  ساتھ  اشوک لال( شاعر، ڈرامہ نگار)،چندر بھان خیال(شاعر، صحافی)،گوہر رضا(شاعر، سابق چیف سائنٹسٹ، )CSIR کامنا پرساد( جشن بہار ٹرسٹ)،قربان علی( سینئر صحافی) صادق الرحمٰن قدوائی( سابق ڈین آف اسکول آف لینگویجز، جے این یو)،ایس ایم خان(دوردرشن نیوز کے سابق ڈائریکٹر جنرل) سیدہ حمید(سابق ممبر پلاننگ کمیشن) کے نام شامل ہیں۔