جے پور کی وہ خانقاہ جہاں صدیوں سے محبت اور انسانیت کا پیغام گونج رہا ہے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-08-2026
جے پور کی وہ خانقاہ جہاں صدیوں سے محبت اور انسانیت کا پیغام گونج رہا ہے
جے پور کی وہ خانقاہ جہاں صدیوں سے محبت اور انسانیت کا پیغام گونج رہا ہے

 



 فرحان اسرائیلی

جے پور۔ جے پور کے قدیم شہر میں چار دروازے کے قریب واقع حضرت مولانا ضیاء الدین شاہ ولایت رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ محض ایک مذہبی مقام نہیں بلکہ شہر کی مشترکہ ثقافتی وراثت کی علامت ہے۔ تقریباً دو صدیوں سے یہ خانقاہ محبت انسانیت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی آ رہی ہے جہاں مذہب اور برادری کی حدود سے بالاتر ہو کر لوگ عقیدت کے ساتھ حاضری دیتے ہیں۔ درگاہ کے احاطے میں موجود مغلیہ طرز تعمیر کی مسجد خاندانی قبرستان آستانہ باغ اور حوض آج بھی اس دور کی یاد دلاتے ہیں جب خانقاہیں صرف عبادت کی جگہ نہیں بلکہ روحانی تعلیم اخلاقی تربیت سماجی خدمت اور روحانی رہنمائی کے مراکز ہوا کرتی تھیں۔ درگاہ کے سجادہ نشین سید ضیاء الدین ضیائی کے مطابق ان کا روحانی سلسلہ فخری نظامی چشتی ہے۔ اگرچہ انہیں چشتیہ کے ساتھ قادریہ سہروردیہ اور نقشبندیہ سمیت کئی صوفی سلسلوں میں اجازت حاصل ہے لیکن ان کے خاندان کی شناخت بنیادی طور پر چشتیہ نظامیہ سلسلے سے رہی ہے۔ ان کے مطابق حضرت مولانا فخر الدین فخر جہاں دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اس سلسلے کے اہم بزرگوں میں شامل تھے اور انہی کی روحانی روایت سے آگے چل کر حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب وابستہ ہوئے۔ راجستھان ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں وہ ’’مولانا صاحب جے پوری‘‘ کے نام سے مشہور صوفی بزرگ کے طور پر یاد کیے جاتے ہیں۔ حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کی پیدائش 1150 ہجری میں دہلی کے غیاث پور میں ہوئی بتائی جاتی ہے۔ ان کا تعلق ایک سید خاندان سے تھا۔ آپ کے والدین دونوں کا نسب حسنی حسینی سادات سے جڑا ہوا ہے۔ صوفی روایت میں ایسے خاندان کو نجیب الطرفین کہا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں چشتیہ قادریہ نقشبندیہ سہروردیہ نوربخشیہ شطاریہ اور فردوسیہ جیسے کئی صوفی سلسلوں میں مرید کرنے کی اجازت حاصل تھی۔ ان کے عقیدت مند انہیں روحانی پیشوا اور قطب کے لقب سے یاد کرتے ہیں۔

دہلی سے جے پور تک

ہندوستان میں چشتیہ سلسلے کی شناخت حضرت خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز اجمیر ی سے وابستہ ہے۔ ان کے بعد یہ سلسلہ خواجہ قطب الدین بختیار کاکی بابا فرید الدین گنج شکر اور حضرت نظام الدین اولیاء محبوب الٰہی تک پہنچا۔ حضرت نظام الدین اولیاء کے بعد اس شاخ کو چشتیہ نظامیہ کے نام سے جانا جانے لگا۔ بتایا جاتا ہے کہ وقت کے ساتھ اس سلسلے نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے لیکن حضرت شیخ کلیم اللہ جہاں آبادی اور ان کے خلفاء نے اسے نئی مضبوطی عطا کی۔ اسی روایت میں حضرت مولانا فخر الدین فخر جہاں دہلوی کا نام آتا ہے جن کے اہم خلفاء میں حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔

جے پور آمد اور مہاراجہ سے ملاقات

حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کی جے پور آمد سے متعلق کئی روایات آج بھی درگاہ میں بیان کی جاتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جب وہ جے پور آئے اس وقت شہر کو جے نگر کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ رفتہ رفتہ انہوں نے جے پور کو اپنی روحانی اور سماجی سرگرمیوں کا مرکز بنا لیا۔ ان کی خانقاہ میں بڑی تعداد میں لوگ آنے لگے اور ہر طبقے کے لوگ ان سے وابستہ ہونے لگے۔ درگاہ سے وابستہ روایات کے مطابق ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر کچھ لوگوں نے اس وقت کے مہاراجہ سوائی پرتاپ سنگھ کے دربار میں شکایت کی۔ کہا جاتا ہے کہ مہاراجہ نے معاملے کی معلومات حاصل کرنے کے لیے سپاہیوں کو انہیں دربار میں لانے کا حکم دیا لیکن سپاہی آگے نہیں بڑھ سکے۔ درگاہ سے وابستہ روایات میں اس واقعے کو کرامت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ روایات کے مطابق اس کے بعد مہاراجہ خود حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب سے ملنے پہنچے۔ پہلی ہی ملاقات میں بادشاہ ان کی شخصیت سے اتنے متاثر ہوئے کہ ان کے دل میں ان کے لیے گہری عقیدت اور احترام پیدا ہوگیا۔ اس کے بعد ان کی خانقاہ رفتہ رفتہ علم تصوف اور سماجی خدمت کا ایک اہم مرکز بن گئی۔ حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کی شناخت صرف ایک صوفی بزرگ کے طور پر نہیں بلکہ معاشرے کو جوڑنے والی شخصیت کے طور پر بھی رہی۔ ان کی خانقاہ میں مختلف طبقات کے لوگ آتے تھے جہاں مذہب اور ذات کی بنیاد پر کسی طرح کا امتیاز نہیں کیا جاتا تھا۔ سید ضیاء الدین ضیائی کے مطابق چشتیہ سلسلے کی بنیادی تعلیم محبت خدمت اور انسانیت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کی خانقاہ آج بھی جے پور کی گنگا جمنی تہذیب اور مشترکہ ثقافت کی ایک اہم مثال سمجھی جاتی ہے۔

تعلیم اور روحانی اصلاح کا مرکز

درگاہ سے وابستہ لوگوں کے مطابق جے پور آنے کے بعد ابتدائی دنوں میں حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کا خیمہ محلہ کمانگراں میں قائم تھا۔ کچھ عرصے بعد انہوں نے چار دروازہ کے قریب محلہ ہانڈی پورہ کو اپنا مرکز بنایا۔ یہیں واقع مدرسہ مولانا صاحب اور مسجد مولانا صاحب میں ان کی محفلیں سجنے لگیں۔ رفتہ رفتہ یہ جگہ دینی اور روحانی تعلیم کا ایسا مرکز بن گئی جہاں علم کے ساتھ ساتھ انسان کی اخلاقی اور روحانی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی تھی۔ یہاں قرآن حدیث فقہ اور دیگر دینی علوم کی تعلیم کے ساتھ تصوف کی تعلیم بھی دی جاتی تھی۔ طلبہ صرف کتابی علم حاصل نہیں کرتے تھے بلکہ اپنے شیخ کی صحبت میں اخلاق تزکیہ نفس اخلاص اور انسانیت کی بھی تعلیم پاتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ یہ خانقاہ علم اور عمل دونوں کا سنگم سمجھی جاتی تھی۔ درگاہ سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس خانقاہ کی شہرت جے پور تک محدود نہیں رہی۔ دہلی اتر پردیش دکن افغانستان اور یہاں تک کہ چین سے بھی طلبہ اور سالک یہاں تعلیم اور روحانی فیض حاصل کرنے پہنچتے تھے۔ اس سے اس دور میں اس خانقاہ کی علمی اور روحانی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ خانقاہ کے دو حصوں کا خصوصی ذکر ملتا ہے۔ گلابی دالان وہ جگہ تھی جہاں مدرسے کی تعلیم ہوتی تھی محفلیں سجتی تھیں اور عام لوگوں سے ملاقات کی جاتی تھی۔ وہیں سندلی دالان حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کی عبادت ذکر مشاہدہ اور ریاضت کا مقدس مقام تھا جہاں وہ طویل عرصے تک روحانی مجاہدے میں مشغول رہتے تھے۔

درگاہ اور مسجد کی تعمیر

بتایا جاتا ہے کہ بعد کے برسوں میں حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب نے موجودہ چار دروازے کے قریب خانقاہ مسجد اور درگاہ کے احاطے کی بنیاد رکھی۔ درگاہ سے وابستہ لوگوں کے مطابق اس احاطے کی تعمیر اٹھارہویں صدی کے آخری برسوں میں کرائی گئی جو آگے چل کر ان کی روحانی وراثت کا مستقل مرکز بن گیا۔ آج موجود درگاہ مغلیہ طرز تعمیر کی مسجد آستانہ خاندانی قبرستان باغ اور حوض اسی احاطے کا حصہ ہیں۔ مقامی روایات میں ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں کو اجرت دیتے وقت مولانا صاحب اپنی جائے نماز کے نیچے سے سکے نکال کر دیتے تھے۔ ایک کاریگر کو اس پر شبہ ہوا اور اس نے رات میں وہاں کھدائی کی لیکن اسے کچھ نہیں ملا۔ اگلے دن مولانا صاحب نے اسے دو دن کی مزدوری دی اور مسکرا کر کہا کہ رات کو بھی تو تم محنت کر رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعے کے بعد وہ کاریگر ان کا مرید ہوگیا۔

ٹونک کے نواب میر خان

حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کے مرید صرف جے پور تک محدود نہیں تھے بلکہ راجستھان کے کئی علاقوں میں پھیلے ہوئے تھے۔ درگاہ سے وابستہ روایات میں ٹونک کے نواب میر خان کا ذکر بھی ملتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک مرتبہ ایک شخص نے نواب صاحب کی قید سے بچنے کے لیے مولانا صاحب کے مرید قاضی صاحب کے یہاں پناہ لی۔ قاضی صاحب نے اسے واپس کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد نواب کی فوج وہاں پہنچ گئی۔ روایات کے مطابق قاضی صاحب نے اپنے پیر حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کو یاد کیا۔ بعد میں جب نواب میر خان کو پوری حقیقت معلوم ہوئی تو وہ خود جے پور آئے مولانا صاحب کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنی تلوار اور پگڑی مولانا صاحب کے قدموں میں رکھ کر بیعت کی اور انہیں اپنا پیر تسلیم کیا۔

خدمت خلق

حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کی خانقاہ کی سب سے بڑی شناخت خدمت خلق رہی۔ چشتیہ سلسلے میں اللہ کی مخلوق کی خدمت کو سب سے بڑی نیکی سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ تھی کہ اس خانقاہ کے دروازے ہر ضرورت مند مسافر اور مدد کے طلب گار انسان کے لیے ہمیشہ کھلے رہتے تھے۔ درگاہ سے وابستہ لوگوں کے مطابق یہاں آنے والے مہمانوں کے رہنے کھانے اور دوسری ضروریات کا پورا خیال رکھا جاتا تھا۔ دور دراز سے آنے والے مسافروں کے قیام کا انتظام بھی خانقاہ میں کیا جاتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ مولانا ضیاء الدین صاحب پہلے مہمان نوازی کرتے تھے پھر ان کی پریشانی سنتے تھے۔ یہی خدمت محبت اور انسانیت کی روایت آگے چل کر اس خانقاہ کی سب سے بڑی شناخت بن گئی۔ حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کے حسن اخلاق اور صبر سے متعلق ایک واقعہ بھی درگاہ کی روایات میں ملتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک مرتبہ ایک شخص ان کی محفل میں بیٹھ کر صوفیوں اور بزرگوں پر تنقید کرنے لگا۔ مولانا صاحب نے نہ اس کی بات کا جواب دیا اور نہ ناراضی کا اظہار کیا بلکہ پوری تسلی اور خاموشی کے ساتھ اس کی باتیں سنتے رہے۔ جب وہ شخص اپنی بات مکمل کرچکا تو مولانا صاحب نے اس کی خاطر تواضع کی اور اسے مٹھائی پیش کی۔ ساتھ ہی دوبارہ آنے کی دعوت بھی دی۔ یہ دیکھ کر وہ شخص حیران رہ گیا۔ روایت کے مطابق مولانا صاحب نے فرمایا کہ یہ فقیر کا گھر ہے۔ فقیر کا کام دلوں کو خوش کرنا ہے دل توڑنا نہیں۔

عرس اور ثقافتی روایات

حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب کا عرس ہر سال چاند کی تاریخ 21 ذیقعد سے 25 ذیقعد تک منایا جاتا ہے۔ درگاہ سے وابستہ لوگوں کے مطابق ان کا وصال 25 ذیقعد 1230 ہجری میں ہوا تھا۔ عرس کے دوران میلاد شریف مشاعرہ محفل سماع قل شریف اور دعا جیسے پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ رجب کے مہینے میں خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز کی یاد میں خصوصی محفلوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ درگاہ میں بسنت کی روایت بھی گزشتہ تقریباً ایک صدی سے جاری ہے۔ اس موقع پر سرسوں کے پھول پیش کیے جاتے ہیں۔

سجادہ نشینوں کی روحانی وراثت

سجادہ نشین سید ضیاء الدین ضیائی یعنی ضیا میاں کے مطابق حضرت مولانا ضیاء الدین رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی پوری زندگی عبادت تصوف اور خدمت خلق کے لیے وقف کردی تھی۔ ان کے انتقال کے بعد درگاہ کی روحانی وراثت اور سجادہ نشینی کی ذمہ داری ان کے سگے بھانجے حضرت سید غلام رسول صاحب نے سنبھالی۔ سید ضیاء الدین کا کہنا ہے کہ سجادہ نشین کی ذمہ داری صرف ایک عہدہ سنبھالنا نہیں بلکہ بزرگوں کی تعلیم خانقاہی روایات اور روحانی وراثت کو آگے بڑھانا ہے۔ ان کے مطابق سجادہ نشین کی بنیادی ذمہ داری لوگوں کو محبت امن انسانیت اور روحانی رہنمائی کے راستے سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عرس کے انعقاد مہمانوں کی خدمت اور خانقاہ کی قدیم روایات کو آگے بڑھانے میں وہ اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ ضیا میاں نے جے پور اور راجستھان یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور بعد میں اورنگ آباد سے ایل ایل بی کی تعلیم مکمل کی۔ ان کا کہنا ہے کہ صوفی روایت کی اصل تعلیم انسان کے کردار کو بہتر بنانا ہے۔ پیر و مرشد سے حاصل ہونے والی روحانی تعلیم انسان کو خود احتسابی اچھے برتاؤ اور معاشرے کے تئیں ذمہ داری کا راستہ دکھاتی ہے۔

جب شام ڈھلتے ہی درگاہ کے صحن میں دعا کے لیے ہاتھ اٹھتے ہیں تو وہاں مختلف طبقات کے لوگ ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔ یہی اس خانقاہ کی سب سے بڑی شناخت ہے۔ تقریباً دو سو برس سے زیادہ قدیم یہ خانقاہ مقامی لوگوں کے مطابق جے پور کی مشترکہ ثقافتی وراثت کا حصہ رہی ہے۔ یہ درگاہ آج بھی جے پور کی گنگا جمنی تہذیب اور انسانیت کے اس پیغام کی گواہ بنی ہوئی ہے جسے اس کے بزرگوں نے محبت بھائی چارے اور خدمت کی روایت کے طور پر آگے بڑھایا۔