آواز دی وائس/ نئی دہلی
جشن ریختہ،راجدھانی میں تین دنوں تک اردو کے نام پر رنگوں اور روشنیوں کا تہوار اختتام پر پہنچا مگر سرد رات میں اردو کے عاشقان کے لیے ایک بار پھر حسین پلوں اور خوبصورت لمحات کی یادیں چھوڑ گیا، جمنا کے کنارے بانسرہ پارک میں ایک بار پھر اس بات کا ثبوت مل گیا کہ زبان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے - جشن ریختہ اردو سے محبت کرنے والوں کی انجمن دراصل ہندوستانیت کی علامت بن گئی ہے،، کیا قوالیاں اور کیا بھجن - ہر کوئی جھومتا ہوا نظر آیا،
ادبی و ثقافتی میلے کے اس دن میں ہزاروں شائقین شریک ہوئے اور سارا دن تھیٹر مشاعرے موسیقی اور علمی نشستوں سے معمور رہا۔ یہ جشن ایک بار پھر دنیا میں اردو زبان و ادب کے سب سے بڑے تہوار کے طور پر اپنی پہچان کو مضبوط کرتا دکھائی دیا
.webp)
دوسرے دن کا آغاز شیکھر سمن کی شاندار پیشکش ہوئے مر کے ہم جو رسوا سے ہوا۔ یہ ایک ڈرامائی دلچسپ تھا، جس میں مرزا غالب کے آخری دن کی کیفیت کو اسرار و تاثیر کے ساتھ پیش کیا گیا۔ اسی دوران سخن زار میں ایک ریختہ نشست ہوئی جس میں اہل ادب شریک ہوئے اور بزم خیال کے تحت رسم الخط کا مسئلہ کے موضوع پر ایک اہم گفتگو ہوئی جس میں اردو دیوناگری اور رومن رسم الخط کے مسائل اور نزاکتوں پر روشنی ڈالی گئی۔
شاعری سے محبت رکھنے والوں کے لئے ایک یادگار ریختہ مشاعرہ بھی ہوا جس میں وسیم بریلوی جاوید اختر وجیندر سنگھ پرویز ہلال فرید شارق کیفی اور دیگر ممتاز شعرا نے اپنا کلام سنایا اور سامعین کو کلاسیکی اور جدید اردو شاعری کی لطافتوں سے روشناس کرایا۔
.webp)
.webp)
تھیٹر کے دوسرے حصے میں ایک لمحہ زندگی نامی تمثیل پیش کی گئی۔ یہ محض ایک کہانی نہیں بلکہ محبت انقلاب اور فنکارانہ جذبے کا ایک حسین امتزاج تھا۔
شام کا آغاز دھروو سنگاری کی وجد آفریں قوالی سے ہوا۔ اس کے بعد دو اہم کتابوں کی رونمائی کی گئی۔ شارق کیفی کی کتاب میرا کہا ہوا جسے فرحت احساس اور خالد جاوید نے پیش کیا۔ اور وسیم بریلوی کی کتاب محبت نہ سمجھ ہوتی ہے جسے خلیل الرحمن نے پیش کیا۔
.webp)
رات کے آخری حصے میں دانش حسین کی دل کش داستان گوئی نے اردو زبان اور اس کے ادبی ورثے کی تاریخ کو نئے رنگ میں پیش کیا۔ اس کے بعد سلیم سلیمان کے موسیقی شو نے محفل کو ایک نئی توانائی بخشی اور رنگ اور نور اردو شاعروں کے فلمی شاہکار نے رقص موسیقی اور بیانیے کے حسین امتزاج کے ساتھ محفل کو یادگار بنا دیا۔جشن ریختہ کے دوسرے دن نے ثابت کیا کہ اردو زبان اپنی خوب صورتی وسعت اور ہمہ گیری کے ساتھ آج بھی دلوں کو مسحور کر رہی ہے اور اس دن نے شرکا کو مسرور بھی کیا اور آئندہ کی تقریبات کے لئے بے تاب بھی۔