شیخ نےپوراکیا گاؤں میں رام مندرکا خواب

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 22-06-2022
شیخ نےپوراکیا گاؤں میں رام مندرکا خواب
شیخ نےپوراکیا گاؤں میں رام مندرکا خواب

 

 

کھمم: "رام مندر، گاؤں والوں کا ایک خواب تھا، جسے گائوں کے مسلم سرپنچ نے پورا کیا۔62 سالہ شیخ میرا صاحب، جو کھمم ضلع کے راگھوناداپلم منڈل کے گاؤں بڈیدمپاڈو کے سرپنچ ہیں۔ وہ اپنے گائوں کے بارے میں کہتے ہیں کہ ہم سب لوگ اکٹھے رہتے ہیں، یہاں کوئی ذات پات اور مذہب کا بھید بھائو نہیں ہے۔ سب ایک ہیں۔ سب کا خدا ایک ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ سب لوگوں کو چاہئے کہ ایک دوسرے کی مدد کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ پرامن زندگی گزاریں۔ وہ خود بھی اس اتحادویکجہتی کی مثال ہیں۔وہ ایک مسلمان ہیں اور اسلام مذہب میں یقین رکھتے ہیں۔

awaz

وہ گائوں کے سرپنچ ہیں اور سب کے لئے کام کرتے ہیں۔ انھوں نے گاؤں والوں کا خواب پورا کرنے کے لئے 50 لاکھ روپے کی لاگت سے رام مندربنوایا۔ دلچسپ بات یہ ہے شیخ میرا صاحب نے مندر کی تعمیر کے لیے 25 لاکھ روپے خودعطیہ کئے ہیں۔

شیخ میرا نے کہا، " ہم لوگ عبادت کرنےمسجد، مندر اور گرجا گھروں میں جاتے ہیں۔ جب ہم مرتے ہیں تو ہم اپنے ساتھ کچھ نہیں لے جا سکتے،لیکن ہمارے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔"

انھوں نے کہا"مسلمانوں نے ریاست کے ارد گرد بہت سے مندر بنائے۔ مثال کے طور پر نظام نے بھدراچلم رامالیم کو کھڑا کیا۔ برطانوی دور حکومت میں، ایک مسلمان نے محبوب آباد ضلع کے ڈورنکل میں 20 کروڑ روپے میں ایک چرچ بنایا۔"

تلنگانہ کے ایک وزیر کے ٹی راما راؤ نے برادریوں کو اکٹھا کرنے میں شیخ میرا کے کام کی تعریف کی۔ وزیر نے ایک ٹویٹ میں لکھا۔۔ یہ تلنگانہ ہے۔۔ یہ وہ کہانیاں ہیں جو ہمیں بتانی چاہئیں! تلنگانہ کے بوڈیدمپاڈو گاؤں کے سرپنچ شیخ میرا صاحب نے اپنے پیسے سے بھگوان رام کا مندر تعمیر کیا۔

واضح ہوکہ تین قبائلی بھائیوں بیچا، نندا اور کونیا نے مندر کی تعمیر کے لیے 1000 مربع گز زمین عطیہ کی تھی۔اسی زمین پر شیخ نے مندر کی تعمیر کرائی ہے۔ شیخ میرا دوسری بار سرپنچ منتخب ہوئے ہیں اور گائوں والوں کےپسندیدہ لیڈر ہیں۔