لاہور : پاکستان میں تقسیم کے بعد پہلی بار خاموشی کے ساتھ سنسکرت کی تدریس دوبارہ شروع ہوگئی ہے اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز نے اس کلاسیکی زبان کا باقاعدہ کورس متعارف کرایا ہے۔ ابتدا میں یہ تین ماہ کا ویک اینڈ ورکشاپ تھا لیکن غیر معمولی دلچسپی کے باعث یہ ایک مکمل چار کریڈٹ کورس میں بدل گیا۔گرمانی سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علی عثمان قاسمی نے بتایا کہ پاکستان کے پاس سنسکرت کے ایسے نایاب مخطوطے موجود ہیں جن پر ابھی تک کوئی مقامی اسکالر کام نہیں کر سکا۔ پنجاب یونیورسٹی کی لائبریری میں سنسکرت کے پام لیف نسخے موجود ہیں جنہیں 1930 کی دہائی میں جے سی آر وولنر نے مرتب کیا تھا لیکن 1947 کے بعد آج تک کسی پاکستانی محقق نے اس ذخیرے پر توجہ نہیں دی۔ صرف غیر ملکی محققین اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اگر مقامی اسکالرز کو تربیت دی جائے تو صورتحال بدل سکتی ہے۔
ایل یو ایم ایس آئندہ برس مہابھارت اور بھگوت گیتا کے کورسز بھی شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ڈاکٹر قاسمی کے مطابق اگر تسلسل قائم رہا تو اگلے دس سے پندرہ برسوں میں پاکستان میں بیٹھے ہوئے گیتا اور مہابھارت کے اسکالرز سامنے آسکتے ہیں۔ابتدا میں ایک ویک اینڈ پروگرام پیش کیا گیا تھا جو ہر شخص کے لیے کھلا تھا۔ اس میں طلبہ محققین وکلا اور اساتذہ نے حصہ لیا۔ غیر معمولی ردعمل کے بعد اسے یونیورسٹی کا باقاعدہ کورس بنا دیا گیا۔ اگرچہ طلبہ کی تعداد ابھی کم ہے لیکن امید ہے کہ آئندہ برسوں میں یہ بڑھے گی۔ منصوبہ یہ ہے کہ بہار 2027 تک اسے سال بھر کے کورس کی شکل دی جائے۔
اس پورے منصوبے کے مرکز میں ڈاکٹر شاہد رشید ہیں جو فارمین کرسچین کالج میں سوشیالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں۔ سنسکرت میں ان کی دلچسپی ایل یو ایم ایس سے کہیں پہلے شروع ہوچکی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ کلاسیکی زبانیں انسانیت کے لیے حکمت کا خزانہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے پہلے عربی اور فارسی سیکھی پھر سنسکرت کا مطالعہ شروع کیا۔ پاکستان میں اس زبان کے استاد یا درسی کتابیں نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے آن لائن طریقہ اختیار کیا۔ انہوں نے کیمبرج کی اسکالر اینٹونیا روپیل اور آسٹریلوی ماہر میک کومس ٹیلر سے رہنمائی لی۔ تقریباً ایک سال میں انہوں نے سنسکرت کی کلاسیکی گرامر مکمل کی اور وہ اب بھی اس کا مطالعہ کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر قاسمی کی دعوت پر ڈاکٹر رشید نے ایف سی کالج سے سبٹیکل لیا اور ایل یو ایم ایس میں تدریس شروع کی۔ وہ زیادہ تر گرامر پڑھاتے ہیں۔ جب وہ سُبھاشت یعنی حکمت بھری نظمیں پڑھاتے ہیں تو طلبہ اس بات پر حیران رہ جاتے ہیں کہ اردو کے بے شمار الفاظ سنسکرت سے آئے ہیں۔ کئی طلبہ تو یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ سنسکرت ہندی سے مختلف زبان ہے۔ ابتدا میں انہیں یہ زبان مشکل لگی لیکن جب اس کی منطقی ساخت سمجھ آئی تو دلچسپی بڑھ گئی۔ مشکل چیز کو حل کرنے کا لطف ہی کچھ اور ہے۔
ڈاکٹر رشید کا کہنا ہے کہ جدید زبانیں اپنی کلاسیکی روایتوں سے جنم لیتی ہیں۔ ان کے درمیان صرف ایک پردہ ہوتا ہے اور جب یہ پردہ ہٹ جائے تو انسان سمجھتا ہے کہ یہ سب اپنی ہی روایت ہے۔ڈاکٹر قاسمی کے مطابق یہ قدم یونیورسٹی کے وسیع لسانی نظام سے ہم آہنگ ہے جس میں سندھی پشتو پنجابی بلوچی عربی اور فارسی شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ روایت ہماری پاکستانی ہندستانی مشترکہ وراثت ہے اور ہمارا ادب شاعری فن اور فلسفہ سب ویدی دور تک پہنچتا ہے۔ کئی مورخین کا خیال ہے کہ وید اسی خطے میں لکھے گئے تھے۔ اسی لیے ان متون کو اصل زبان میں پڑھنا نہایت اہم ہے۔
سیاسی حساسیت کے باوجود دونوں محققین کا خیال ہے کہ فکری ماحول بدل رہا ہے۔ ڈاکٹر رشید سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ وہ سنسکرت کیوں سیکھ رہے ہیں۔ وہ جواب دیتے ہیں کہ ہمیں یہ زبان کیوں نہ سیکھنی چاہیے۔ یہ سارے خطے کی مشترکہ زبان ہے۔ سنسکرت کے عظیم ماہر پانی نی کا گاؤں اسی خطے میں تھا۔ وادی سندھ کی تہذیب میں بھی بہت سا علمی کام ہوا۔ سنسکرت ایک پہاڑ کی طرح ہے یعنی ایک ثقافتی یادگار۔ اسے اختیار کرنا ضروری ہے۔ یہ صرف ایک مذہب سے وابستہ نہیں۔ڈاکٹر رشید کے مطابق اگر خطے کے لوگ ایک دوسرے کی کلاسیکی روایتوں کو سمجھیں تو باہمی فاصلے کم ہوسکتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر ہندستان کے زیادہ ہندو اور سکھ عربی سیکھیں اور پاکستان کے زیادہ مسلمان سنسکرت پڑھیں تو جنوبی ایشیا میں ایک نئی مثال قائم ہوسکتی ہے جہاں زبانیں دیواروں کے بجائے پل بن جائیں۔