سلام ہندوستان‘ :اردو میں کرسکتے ہیں بھارت پیٹرولیم پرگیس کی بکنگ’

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-09-2021
بھارت پیٹرولیم پر اپ ڈیٹ شروع ہوا اردو میں
بھارت پیٹرولیم پر اپ ڈیٹ شروع ہوا اردو میں

 



 

شاہ تاج، پونہ

اردوزندہ ہے اور زندہ رہے گی مگر اس میں کس کا کیا کردار ہے ،یہ بات بہت اہم ہوگی۔عام شکایت یہی رہتی کہ حکومت اردو کو نظر انداز کررہی ہے،اردو  بے توجہی کی شکار ہے۔لیکن یہ بے توجہی خود اردو داں طبقہ کی ہی ہوتی ہے۔ جنہوں نے اردو کو شاعری تک محدود کردیا ہے۔جو نہ اپنی نئی نسل کو اردو پڑھاتے ہیں نہ سکھاتے ہیں۔

اس ماحول میں اردو دنیا کو ایک خبر یقینا چوکنا دے گی۔آج کے دور میں جب اردو صرف سڑکوں پر نصب ناموں کے پتھر تک محدود ہے۔بھارت پیٹرولیم نے ایک قابل ستائش قدم اٹھایا ہے۔ اس کی ویب سائٹ اور ایپ پر اب اردو  بھی نظر آتی ہے۔

آپ اپنے گیس سلینڈر کی بکنگ ’اردو‘ میں کرسکتے ہیں ۔اردو میں وہ تمام  سہولیات موجود ہیں جو دیگر زبانوں میں ہوتی ہیں۔

اردو کی مقبولیت

بھارت پیٹرولیم کی صرف تعریف ہی نہیں کرنی ہوگی بلکہ اپنی ذمہ داری نبھانے کا بھی وقت آگیا ہے۔اگر آپ اردو جانتے ہیں تو گیس کی بکنگ اردو میں کریں۔اس سے گیس کمپنی کو اس ب ات کا احساس ہوگا کہ اس ایک سہولت سے کتنے لوگ فیضیاب ہورہے ہیں ۔

گیس سلینڈر کی آسمان چھوتی قیمتیں حالانکہ خوش نہیں ہونے دینا چاہتیں پھر بھی اقبال نیازی صاحب خود کو یہ كہنے سے نہیں روک پائے کہ"گیس مہنگی ہو رہی ہے اور اردو مقبول"۔ فیصل صاحب نے اسے قابلِ ستائش قدم قرار دیا تو شبانہ سیّد نے کہا کہ گیس سلینڈر اردو میں بُک کروں یا انگریزی میں۔

قیمت تومجھے پوری ہی دینا ہے۔ایپ پراردو دیکھ کر اچھا تو لگا لیکن قیمت میں اضافہ دیکھ کر ساری خوشی رفو چکر ہوگئی۔

مہنگائی مار گئی

اردو کے فروغ کے لیے ہمیشہ کوشاں رہنے والے لوگ بھارت پٹرولیم کی اِس پہل سے کافی خوش ہیں۔ شعیب صاحب کہتے ہیں کہ اردو والوں کو کہیں بھی اردو دیکھ کر خوشی ہی ہوتی ہے۔

ابھی تک میں بکنگ کے لیے انگریزی استعمال کرتا تھا لیکن اب میں اردو میں ہی سلینڈر بُک کروں گا۔ایسے لوگ بھی ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ سلینڈر کی قیمت کم ہوتی تو یہ خوشی دوچند ہو جاتی۔

اردو اب کام آئے گی

"میں نے 40 سال کی عمر میں اردو پڑھنا سیکھنا شروع کیا۔ ابھی مجھے بہت اچھی اُردو نہیں آتی۔لیکن کم اردو جاننے والا بھی آسانی سے اِس ایپ کو اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کر سکتا ہے۔" شمیم بانو شیخ نے ابھی گیس سلینڈر تو بُک نہیں کیا ہے لیکن ایپ پر جاکر دیکھا ضرور ہے۔ وہ خوش ہو کر کہتی ہیں کہ میری اردو اب کام آئے گی۔

اردو۔اردو اور صرف اردو

جب آواز دی وائس نے نسرین شیخ سے پوچھا کہ آپ کو انگریزی،ہندی اور اردو۔۔تینوں ہی زبانیں آتی ہیں تو گیس بُک کرتے وقت کس زبان کا انتخاب کریں گی؟ اُنہوں نے برجستہ جواب دیا اردو۔ بانو نے کہا کہ اگر اردو میں ایپ ٹھیک طریقے سے کام کرتا رہے تو میں خود تو اسے استعمال کروں گی ہی ساتھ ہی اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو بھی اِس بابت معلومات فراہم کروں گی کیونکہ مجھے بھی ابھی معلوم ہوا ہے۔اگلی بار سے صرف اردو۔ بانو لوگوں کو اردو لکھنا پڑھنا سکھاتی ہیں۔

awazurdu

قابلِ تقلید قدم

اشفاق عمر صاحب کا کہنا ہے کہ" بھارت پٹرولیم کا یہ قدم قابلِ ستائش اور قابلِ تقلید ہے۔اِس سے کم پڑھے لکھے صارفین میں کمپنی سے متعلق نہ صرف اعتماد پیدا ہوگا بلک وہ زیادہ بہتر طور پر چیزوں کو استعمال کرنے والے بھی بنیں گے۔"بھارت پیٹرولیم کے اِس قدم کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاش دیگر کمپنیاں بھی اردو زبان میں صارفین کو سہولیات فراہم کریں۔

ایپ پر اردو کی تلاش

بھارت پیٹرولیم کا ایپ کھولتے ہی اسکرین پربائیں جانب ایک لڑکی اُرجا(URJA) نظر آتی ہے۔اُس پر کلک کرنے کے بعد ایک باکس میں کچھ آپشنس آتے ہیں۔سب سے نیچے والے آپشن پر کلک کرتے ہی وہاں مختلف زبانوں میں لاگ ان کرنے کی معلومات موجود ہیں۔دوسری لائن میں اردو زبان کا آپشن صارفین کا منتظر نظر آئے گا۔بس اُس پر کلک کیجیے اور آگے بڑھتے جائیے۔ کل ملا کر اسے ایک بہترین قدم ضرور قرار دیا جاسکتا ہے۔ اُمید ہےکہ اردو والے اِس آپشن کا استعمال ضرورکریں گے.

اب آپ کی باری ہے 

بھارت پیٹرولیم کو جو خدمت کرنی تھی اس نے انجام دے دی ۔اب باری ہے اردو برادری کی۔

اب آپ اردو کو زندہ رکھنے کے لیے عملی طور پر سرگرم ہوں۔ مشاعروں کی واہ واہ سے زیادہ سکون آپ کو اردو میں گیس بکنگ سے ملے گا۔

زبان کا انتظار کررہی ہے ۔آگے بڑھیں اور پہل کریں ۔

اردو کی دراز عمری کے ساتھ صحت مندی کی ضمانت صرف آپ کے ہاتھوں میں ہے۔