شب برات پرکھلے گاتبلیغی مرکزکاتالا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-03-2021
عالمی تبلیغی مرکز،نئی دہلی
عالمی تبلیغی مرکز،نئی دہلی

 

 

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ میں تبلیغی مرکزنظام الدین کا تالا کھولنے کے لئے جاری سماعت کے دوران دہلی وقف بورڈ کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب عدالت عالیہ نے شب برات اور رمضان کے پیش نظر تبلیغی مرکز کا تالا کھولے جانے کی اجازت دیدی۔

عدالت نے دہلی وقف بورڈ کے وکیلوں کی اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے یہ اجازت دی کہ جلد ہی رمضان کا مہینہ شروع ہونے والا ہے جبکہ اس سے قبل شب برات آنے والی ہے جس میں تمام مسلمان خصوصی عبادت کرتے ہیں، اس لئے عالمی تبلیغی مرکزبنگلہ والی مسجد کا تالا کھولنے کی اجازت دی جائے۔البتہ عدالت عالیہ نے اپنی اجازت کو 50لوگوں کے داخلہ تک محدود کیاہے۔

تفصیل کے مطابق عدالت نے عالمی تبلیغی مرکز میں ابھی 50لوگوں کو داخلہ کی اجازت دی ہے جنکی تفصیل نام اور پتے کے ساتھ مقامی پولیس اسٹیشن میں جمع کرانی ہوگی، جہاں سے مقامی تھانہ انچارج اجازت نامہ جاری کریں گے۔تفصیل کے مطابق عدالت میں دہلی وقف بورڈ کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ رمیش گپتا ورچولی اوروقف بورڈ کے اسٹینڈنگ کاونسل وجیہ شفیق بذات خود موجود رہے جبکہ دہلی حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ نندتا رائوموجود رہیں۔

مرکزی حکومت کی جانب سے ورچول طریقہ سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل چیتن شرما اور ایڈوکیٹ رجت نائر پیش ہوئے۔ مرکزی حکومت کے وکلاءنے عدالت عالیہ سے ایک مرتبہ پھر مزید وقت کا مطالبہ کیا۔مرکزی وکلاءنے اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کے لیئے مزید وقت کا مطالبہ کیاجس کے جواب میں دہلی وقف بورڈ کے وکلاءنے عدالت عالیہ کے سامنے شب برائت اور رمضان کی آمد کا حوالہ دیتے ہوئے رمضان سے قبل سماعت کی درخواست کی جسے عدالت نے تسلیم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے وکلاءکو اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کے لئے دو ہفتوں کا وقت دیا اور اگلی تاریخ 12اپریل مقرر کردی۔

غور طلب ہیکہ گزشتہ سال اسی ماہ میں کووڈ 19کا حوالہ دیتے ہوئے انتظامیہ نے عالمی تبلیغی مرکز کی تالابندی کردی تھی جسے اب ایک سال مکمل ہوچکاہے۔ (ان پٹ ایجنسی)