شاہجہاں پور:آج شہید رام پرساد بسمل کی جینتی کے موقع پر آزادی کا امرت مہوتسو

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-06-2021
 شہید رام پرساد بسمل
شہید رام پرساد بسمل

 

 

  نئی دہلی:آزادی کا امرت مہوتسو کے ایک جزو کے طور پر ثقافت کی وزارت کے ذریعے معروف مجاہد آزادی شہید رام پرساد بسمل کی جینتی منانے کے لئے 11 جون 2021 کو شہید رام پرساد بسمل کی جائے پیدائش شاہجہاں پور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

 ثقافت و سیاحت کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب پرہلاد سنگھ پٹیل شہید ادیان شاہجہاں پور، اترپردیش میں نارتھ سینٹرل زون کلچرل سینٹر (این سی زیڈ سی سی)، وزارت ثقافت، بھارت سرکار کے ذریعے منعقد کئے جارہے خصوصی پروگرام میں شہید رام پرساد بسمل، شہید اشفاق اللہ خان اور شہید روشن سنگھ کو گلہائے عقیدت نذر کریں گے۔ اترپردیش حکومت کے خزانہ، پارلیمانی امور اور طبی تعلیم کے وزیر جناب سریش کھنہ، جو شاہجہاں پور سے رکن اسمبلی بھی ہیں، کے علاوہ اترپردیش حکومت کے ثقافت و سیاحت کے وزیر جناب نیل کنٹھ تیواری اور شاہجہاں پور کے رکن پارلیمنٹ جناب ارون کمار ساگر اور ضلع افسر بھی اس پشپانجلی تقریب میں حصہ لیں گے۔

شاہجہاں پور میں 11 جون 1897 کو پیدا ہوئے پنڈت رام پرساد بسمل ان مشہور بھارتی تحریک کاروں میں سے ایک تھے جنھوں نے برطانوی نوآبادیاتی نظام کے خلاف لڑائی لڑی۔ انھوں نے 19 سال کی عمر سے ’بسمل‘ کے تخلص سے اردو اور ہندی میں حب وطن سے متعلق مؤثر نظمیں لکھنی شروع کردیں۔ انھوں نے بھگت سنگھ اور چندر شیکھر آزاد جیسے مجاہدین آزادی سمیت ہندوستان ریپبلکن ایسوسی ایشن کی تشکیل کی اور 1918 میں اس میں مین پوری سازش اور برطانوی حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لئے اشفاق اللہ خاں اور روشن سنگھ کے ساتھ 1925 میں کاکوری سازش میں حصہ لیا۔ کاکوری سازش میں ان کا ہاتھ ہونے کے سبب انھیں محض 30 سال کی عمر میں 19 دسمبر 1927 کو گورکھپور جیل میں پھانسی دے دی گئی۔ جب وہ جیل میں تھے تو انھوں نے ’میرا رنگ دے بسنتی چولا‘ اور ’سرفروشی کی تمنا‘ لکھے جو مجاہدین آزادی کا نغمہ گئے۔

اس شاعر اور تحریک کار کو خراج عقیدت کے طور پر، ان کی وراثت کے نام منسوب ایک مختصر ثقافتی پیشکش بھی پروگرام کے دوران پیش کی جائے گی۔ پشپانجلی کے وقت جناب نوین مشرا ستار پر بھکتی سنگیت پیش کریں گے۔ معروف قصہ گو جناب ہمانشو باجپئی شہید بسمل کی زندگی کی کہانی سنائیں گے جس کے بعد کشور چترویدی اور گروپ کے ذریعے دیش بھکتی گیت پیش کئے جائیں گے۔ ثقافت کی وزارت اس موقع پر بسمل اور دیگر محبین وطن کے تعاون سے متعلق ورچول پروگرام بھی پیش کرے گی، جسے وزارت ثقافت اور این سی زیڈ سی سی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر مشترک کیا جائے گا۔