محمد رفیع کی برسی کے موقع پر خاص پیشکش
زیبا نسیم - ممبئی
موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ محمد رفیع گائیکی کا وہ نایاب ہنر لے کر پیدا ہوئے تھے جو صرف قدرت کے خاص بندوں کو نصیب ہوتا ہے۔ ان کی آواز میں وہ جادو، وہ تاثیر اور وہ سحر تھا جو سننے والوں کو مسحور کر دیتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اگرچہ انہیں اس دنیا سے رخصت ہوئے چار دہائیاں بیت چکی ہیں، مگر ان کی آواز آج بھی فضاؤں میں گونجتی ہے اور لاکھوں دلوں میں دھڑکتی ہے۔ محمد رفیع کا فن نہ صرف ہندوستانی موسیقی کا قیمتی اثاثہ ہے بلکہ ان کے نغمے سن کر نسل در نسل سامعین ایک لازوال موسیقی کے سفر پر روانہ ہو جاتے ہیں
محمد رفیع 24 دسمبر 1924 کو برطانوی ہندوستان کے متحدہ پنجاب کے گاؤں کوٹلہ سلطان سنگھ میں پیدا ہوئے۔ وہ حاجی علی محمد اور اللہ رکھی بائی کے چھ بیٹوں میں پانچویں نمبر پر تھے۔ رفیع نے کم عمری سے ہی موسیقی میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا، اور ان کی صلاحیتوں کو ان کے بڑے بھائی کے دوست عبد الحمید نے پہچانا۔ عبد الحمید نے رفیع کے خاندان کو قائل کیا کہ وہ ان کے موسیقی کے شوق کو پروان چڑھنے دیں۔محمد رفیع نے ہندستانی کلاسیکی موسیقی کی تعلیم پنڈت جیون لال متو سے حاصل کی، جنہوں نے انہیں راگ شاستر اور پنجابی لوک راگ جیسے پہاڑی، بھیرویں، بسنت اور ملہار کی باریکیاں سکھائیں۔ بعد ازاں وہ کیرانہ گھرانے کے استاد عبد الواحد خان اور پٹیالہ گھرانے کے استاد بڑے غلام علی خان سے بھی تربیت یافتہ ہوئے۔
انہیں آل انڈیا ریڈیو لاہور کے پروڈیوسر فیروز نظامی نے بھی سکھایا۔ کے. ایل. سہگل اور جی. ایم. درانی ان کے آئیڈیل تھے، اور شروعات میں وہ سہگل کے انداز کو نقل کیا کرتے تھے۔محمد رفیع نے اپنی پہلی اسٹیج پرفارمنس 13 برس کی عمر میں لاہور میں دی۔ 1941 سے وہ آل انڈیا ریڈیو لاہور کے لیے گانے لگے۔
محمد رفیع کی پہلی شادی ان کی کزن بشیرا بانو سے ہوئی، لیکن 1947 میں تقسیمِ ہند کے سیاسی انتشار کی وجہ سے یہ شادی برقرار نہ رہ سکی۔ فسادات کے ہولناک مناظر دیکھ کر بشیرا بانو نے رفیع صاحب کے ساتھ ہندوستان آنے سے انکار کر دیا اور لاہور (جو اب پاکستان میں ہے) میں ہی رہ گئیں۔ ان کی اس شادی سے ایک بیٹا شہید پیدا ہوا۔بعد ازاں محمد رفیع نے بلقیس بانو سے دوسری شادی کی، جن سے ان کے چار بچے ہوئے – نسرین، خالد، پروین اور حامد۔
لاہور سے ہوا سفر کا آغاز
محمد رفیع کے موسیقی کے سفر کی ابتدا اُس وقت ہوئی جب ان کے بھائی کے دوست حامد، جنہیں رفیع اپنا رہنما اور بڑا بھائی مانتے تھے، انہیں عظیم اساتذہ کی تربیت میں لے گئے۔ ان میں استاد بڑے غلام علی خاں، وحید خاں اور پنڈت جیون لال مٹو شامل تھے۔جب رفیع کی عمر صرف 14 برس تھی، وہ ایک محفلِ موسیقی میں شریک ہوئے جہاں اُس وقت کے مشہور گلوکار کے ایل سہگل کو پرفارم کرنا تھا۔ اس دن بھی، جیسے آج کل ہوتا ہے، بجلی کا بحران تھا۔ بجلی کے بند ہونے کی وجہ سے سہگل نے گانے سے انکار کر دیا، جس پر منتظمین نے محمد رفیع کو اسٹیج پر بلایا۔ ان کی آواز سن کر سامعین نے زبردست داد دی۔ اس موقع پر موسیقار شیام سندر بھی موجود تھے، جنہوں نے رفیع کی آواز میں بھارت میں پلے بیک سنگنگ کے روشن مستقبل کو محسوس کیا۔ بہرحال محمد رفیع نے پہلا گانا ، مشہور گلوکارہ زینت بیگم کے ساتھ پنجابی فلم گل بلوچ کے لیے گایا تھا،یہ فلم 1944میں ریلیز ہوئی۔
بمبئی کا رخ
اس کے بعد 1944 میں رفیع صاحب نے بمبئی کا رخ کیا ،شیام سندر کی فلم "گاوں کی گوری" سے اپنا نیا سفر شروع کیا تھا،اس کے ساتھ نوشاد صاحب کی فلم "پہلے آپ" میں اپنی آواز کا جادو جگایا تھا ۔ان دنوں ہندوستانی سنیما میں پلے بیک سنگنگ کا رواج نہیں تھا، اداکار خود ہی اپنے نغمے گاتے تھے۔ مگر رفیع کو پہلی بار ایک پنجابی گانے میں پلے بیک گانے کا موقع دیا گیا۔ اس کے بعد فلم "جُگنو" (1947) ۔۔میں انہوں نے ایک اور نغمہ گایا۔لیکن محمد رفیع کی شہرت اُس وقت آسمان کو پہنچی جب مہاتما گاندھی کے انتقال کے بعد انہوں نے ایک نغمہ گایا۔۔۔"سنو سنو دنیا کے لوگو، باپو کی یہ امر کہانی"، یہ نغمہ بے حد مقبول ہوا، اور اس پر پنڈت جواہر لال نہرو نے انہیں تمغہ عطا کیا۔ یہی وہ لمحہ تھا جب محمد رفیع کے سنہری سفر کا آغاز ہوا، اور ساتھ ہی ہندی سنیما میں پلے بیک سنگنگ کے عہد کا بھی۔
"سہانی رات ڈھل چکی" اور رفیع کا عروج
سال 1949 میں فلم "دُلارا" کے گیت "سہانی رات ڈھل چکی" کی شاندار کامیابی نے محمد رفیع کو بالی ووڈ کے چوٹی کے مرد پس پردہ گلوکاروں کی صف میں لا کھڑا کیا۔ ان کی آواز کی مٹھاس، جذبات کی ادائیگی اور سُر پر گرفت نے سامعین کے دل جیت لیے۔ اس کامیابی کے بعد وہ اگلے کئی عشروں تک موسیقی کے افق پر چھائے رہے۔
ساٹھ کی دہائی: محمد رفیع کا سنہری دور
انیس سو ساٹھ کی دہائی محمد رفیع کے فنی سفر کا سنہری دور کہلاتی ہے۔ دہائی کا آغاز ہی ان کے لیے ایک بڑے اعزاز کے ساتھ ہوا جب انہوں نے فلم "چودھویں کا چاند" (1960) کے ٹائٹل سونگ کے لیے اپنا پہلا فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔ اس کے بعد ایک کے بعد ایک کامیاب گانے آتے چلے گئے۔اس دوران انہوں نے مدن موہن، روی، لکشمی کانت پیارے لال، شنکر جے کشن جیسے صف اول کے موسیقاروں کے ساتھ کام کیا اور ہر موسیقار کی مخصوص دھنوں میں اپنی آواز کے مختلف رنگ بھر کر گیتوں کو زندہ جاوید بنا دیا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب فلمی دنیا میں "رفی صاحب کی آواز" ایک معیار بن چکی تھی۔
ستّر کی دہائی: زوال اور شاندار واپسی
1970ء کی دہائی میں رفی صاحب کو فنی طور پر ایک قدرے مشکل دور کا سامنا کرنا پڑا۔ فلم "ارادھنا" (1969) کی کامیابی کے بعد کشور کمار کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا، اور بہت سے پروجیکٹ جو پہلے رفی کو ملتے تھے، اب کشور کو دیے جانے لگے۔ اس دور میں محمد رفیع کا نام نسبتاً پس منظر میں چلا گیا، اور ان کے مداحوں کو یہ خدشہ لاحق ہو گیا کہ شاید رفی صاحب کا دور اب ختم ہو چکا ہے۔تاہم، محمد رفیع نے سب کو غلط ثابت کیا جب فلم "ہم کسی سے کم نہیں" (1977) میں ان کا گایا ہوا سپر ہٹ گیت "کیا ہوا تیرا وعدہ" نہ صرف مقبولِ عام ہوا بلکہ انہیں نیشنل ایوارڈ بھی دلایا۔ یہ ان کی شاندار واپسی تھی، جس نے ثابت کر دیا کہ محمد رفیع کی آواز کا جادو کبھی ماند نہیں پڑ سکتا۔
بالی ووڈ میں محمد رفیع کی آواز کا جادو تقریبا سال تک چھایا رہا،اس دوران انہوں نے ہندوستان کی چودہ زبانوں میں 7000 سے زیادہ گانے گائے، رفیع صاحب نے شنکر جے کشن، ایس ڈی برمن، اور لکشمی کانت-پیاریلال جیسے میوزک ڈائریکٹرس کے ساتھ بالی ووڈ کو ناقابل فراموش گیتوں کی سوغات دی،بلکہ اپنے دور کے کے فلمی ستاروں کو اس آواز سے عروج بخشا ۔۔۔۔جن میں دیو آنند، شمی کپور، دلیپ کمار، گرو دت، دھرمیندر، امیتابھ بچن اور رشی کپور جیسے نام شامل ہیں،۔ دراصل محمد رفیع کی یہ صلاحیت رہی کہ وہ آواز کے ذریعے اداکار کا چہرہ، جذبہ اور انداز پیش کر سکتے تھے، انہیں نہ صرف گائیکی میں عظمت عطا کرتی ہے بلکہ فلمی تاریخ کا ایک امر باب بھی بناتی ہے۔
نوشاد اور "بیجو باورا" کا قصہ
محمد رفیع کے کیریئر سے جڑا ایک نہایت دلچسپ اور اہم واقعہ فلم "بیجو باورا" سے متعلق ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ابتدائی طور پر اس فلم کے گیت مشہور گلوکار طلت محمود کو دیے جانے تھے۔ تاہم، موسیقار نوشاد علی نے ایک دن طلت محمود کو سگریٹ پیتے ہوئے دیکھ لیا، جس پر وہ بہت برہم ہوئے۔ نوشاد کو یہ گوارا نہ ہوا کہ ایک کلاسیکی اور روحانی ماحول کی فلم کے گیت کسی ایسے گلوکار کی آواز میں ہوں جو سگریٹ نوش ہو۔ نتیجتاً، انہوں نے یہ گیت محمد رفیع کو دے دیے۔ ان گیتوں نے فلم کو زبردست کامیابی دلائی اور آج بھی کلاسیکی شاہکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔نوشاد اور محمد رفیع کی جوڑی نے اس کے بعد فلمی موسیقی میں کئی سالوں تک راج کیا۔ محمد رفیع نے نوشاد کے لیے مجموعی طور پر 149 گیت گائے۔ ان دونوں کی شراکت نے نہ صرف فلموں کو کامیاب بنایا بلکہ ہندوستانی فلمی موسیقی کی تاریخ میں ایک سنہرا باب بھی رقم کیا۔
کردار کے مطابق آواز کا جادو
ایسے بے شمار مواقع آئے جب محمد رفیع نے اپنے لہجے کو بدل کر دلیپ کمار کے لیے سنجیدہ اور غمگین گانے گائے، اور وہی رفیع شمّی کپور کے لیے پرجوش، رومانوی گیت گاتے۔ انہوں نے ہمیشہ اداکار کے کردار، منظر اور جذبات کو سامنے رکھ کر اپنی آواز میں تبدیلی کی۔ یہی وہ فن تھا جس نے رفیع کو محض ایک گلوکار نہیں، بلکہ فلمی کرداروں کی جان بنا دیا۔
سر جو تیرا چکرائے – رفیع کی مزاحیہ گائیکی
معروف کامیڈین جانی واکر نے فلم پیاسا میں ایک مزاحیہ کردار ادا کیا۔ اس فلم میں ان پر ایک گانا فلمایا گیا "سر جو تیرا چکرائے", جس میں وہ سر کی مالش کرتے دکھائے گئے۔ یہ گانا مکمل طور پر مزاحیہ انداز میں فلمایا گیا تھا۔ محمد رفیع نے اس گانے کو اس انداز میں گایا کہ ان کی رومانوی آواز کو ہٹاکر، ایک مزاحیہ اور ہلکی پھلکی کیفیت پیدا کی، تاکہ سامعین کو ہنسی آئے اور گانے کا مقصد پورا ہو۔
شمّی کپور اور رفیع کی ہم آہنگی
ایک اور مشہور واقعہ شمّی کپور سے جڑا ہے، جو راج کپور کے بھائی اور رنبیر کپور کے دادا تھے۔ ایک دن شمّی کپور اسٹوڈیو میں موجود نہیں تھے جب محمد رفیع ان کے لیے ایک گانا ریکارڈ کر رہے تھے۔ رفیع کو یہ معلوم بھی نہ تھا کہ وہ گانا شمّی کپور پر فلمایا جانا ہے۔ جب موسیقار نے انہیں یہ بتایا تو رفیع نے اپنی گائیکی کو اس انداز میں ڈھالا کہ شمّی کے مخصوص انداز اور حرکات کو ذہن میں رکھ کر گایا۔ جب گانا ریکارڈ ہو چکا اور شمّی نے سنا تو وہ اس قدر جذباتی ہو گئے کہ انہوں نے رفیع سے کہا کہ رفیع صاحب، آپ نے یہ گانا اتنی خوبصورتی سے کیسے گایا؟ مجھے لگا جیسے میں خود اسکرین پر ہوں اور گانا گا رہا ہوں!"
ایوارڈز اور اعزازات
محمد رفیع کو بہترین پلے بیک گلوکار کے طور پر بارہ فلم فیئر نامزدگیاں ملیں، جن میں سے انہوں نے چھ مرتبہ یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔ 1977 میں فلم ہم کسی سے کم نہیں کے مشہور گانے کیا ہوا تیرا وعدہ کے لیے انہیں نیشنل فلم ایوارڈ میں سلور لوٹس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1967 میں حکومت ہند نے انہیں پدم شری کے اعزاز سے بھی سرفراز کیا۔اداکار دلیپ کمار اور شمی کپور جیسے لیجنڈری فنکار ہمیشہ محمد رفیع کی ہندی فلم انڈسٹری کے لیے خدمات کی تعریف کرتے رہے۔ وہ کشور کمار سے لے کر سونو نگم تک کئی نسلوں کے گلوکاروں کے لیے زبردست تحریک کا ذریعہ بنے۔پلے بیک سنگنگ کے اس بے تاج بادشاہ کا انتقال 31 جولائی 1980 کو صرف 55 برس کی عمر میں ہوا ،۔۔۔ رخصتی پر شمی کپور نے کہا کہ میری آواز نہیں رہی
آخری گیت اور آخری سفر
سلور اسکرین کی گولڈن وائس کہلانے والے رفیع صاحب نے 31 جولائی 1980 کو آخری سانس لی،انہوں نے جو آخری گانا ریکارڈ کیا، وہ فلم آس پاس کے میوزک ڈائریکٹر جوڑی لکشمی کانت پیاری لال کے لیے 'شام پھر کیوں اداس ہے دوست' تھا۔ ان کی موت پر بالی ووڈ نہیں ممبئی شہر کی زندگی تھم گئی تھی،کیونکہ بالی ووڈ نے آج تک کسی کے اتنا پر ہجوم آخری سفر میں کا دیدار نہیں کیا تھا اور کسی کے کانوں میں ان کا یہی گیت گونج رہا تھا کہ کہ تم مجھے یوں نہ بھلا پاو گے ۔حمد رفیع کا جنازے میں ایک لاکھ سے زیادہ سوگوار شامل ہوئے تھے ۔اس جنازے کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی تھی، جسے بعد میں ریلیز ہونے والی ایک فلم میں استعمال کیا گیا۔