مہاراشٹر- 43 سال سے گاؤں میں گنیش جی کا مسجد کے دروازے پر ہوتا ہے استقبال

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-09-2025
 مہاراشٹر- 43 سال سے گاؤں میں گنیش جی کا  مسجد کے دروازے پر ہوتا ہے استقبال
مہاراشٹر- 43 سال سے گاؤں میں گنیش جی کا مسجد کے دروازے پر ہوتا ہے استقبال

 



فضل پٹھان

کہا جاتا ہے کہ آزادی کے مجاہد لوک مانیہ تلک نے سماج کو جوڑنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے عوامی گنیش اتسو کا آغاز کیا تھا۔ گنیش اتسو کے دوران مہاراشٹر بھر میں جگہ جگہ مذہبی رواداری اور خیرسگالی کی مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی یہ سنا ہے کہ کسی مسجد کے اندر گنیش کی مورتی  کی گئی ہو؟

مہاراشٹر کے سانگلی ضلع میں محرم ہو یا عید یا پھر گنیش اتسو، ہمیشہ ہندو مسلم اتحاد کی مثالیں سامنے آتی رہی ہیں۔ ریاست کے مختلف حصوں میں دونوں مذاہب کے لوگ مل جل کر تہوار مناتے ہیں۔ انہی مثالوں میں ایک انوکھا واقعہ سانگلی ضلع کے والتوا تعلقہ کے گاؤں گوتکھنڈی کا ہے، جو ہندو مسلم ہم آہنگی کا شاندار مظہر ہے۔

مسجد کے دروازے پر گنیش کی مورتی

مہاراشٹر کے کئی مقامات پر گنیش کی مورتی درگاہوں یا مساجد کے احاطے میں رکھی جاتی ہے اور وہاں گنیش اتسو کے دوران باقاعدہ پوجا کی جاتی ہے۔ گوتکھنڈی میں بھی ایسا ہی ایک رواج ہے۔ پچھلے 43 برسوں سے یہاں گنیش کی مورتی مقامی مسجد کے دروازے پر نصب کی جا رہی ہے۔ اس روایت کی ابتدا بھی دلچسپ ہے۔

نئی گنیش منڈل کے سکریٹری راہل کوکاٹے کے مطابق کہ 43 سال پہلے گاؤں کے جھنجھر چوک میں مورتی رکھی گئی تھی۔ اچانک زبردست بارش ہوئی اور پانی مورتی پر گرنے لگا۔ مسجد کے بزرگوں نے کہا کہ مورتی کو اندر لاکر رکھو تاکہ بارش سے محفوظ رہے۔اس واقعے کے بعد اگلے سال گاؤں کی میٹنگ میں طے پایا کہ آئندہ گنیش کی مورتی مسجد کے احاطے میں رکھی جائے گی۔ دونوں برادریوں نے خوشی خوشی اس فیصلے کو قبول کیا۔ شروع میں مورتی مسجد کے بیرونی حصے میں رکھی جاتی تھی، لیکن اب وہ مسجد کے مرکزی دروازے پر رکھی جاتی ہے۔

گنیش اتسو میں مسلمانوں کی شمولیت

چار دہائی قبل مسلمانوں نے اپنے ہندو بھائیوں کی مدد کے لیے دروازے کھولے تھے۔ اس کے بعد سے آج تک یہ روایت زندہ ہے۔ گاؤں کے مسلمان گنیش اتسو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، خدمت کرتے ہیں اور کئی بار پرساد بھی وہی تقسیم کرتے ہیں۔

گوتکھنڈی میں بھائی چارہ ہمیشہ قائم رہا

سال 2009 میں جب سانگلی کے ہی شہر میراج میں گنیش اتسو کے دوران بڑے فسادات ہوئے تو گوتکھنڈی گاؤں بالکل پرامن رہا۔ یہاں ہندو مسلم اتحاد پر کوئی آنچ نہیں آئی۔ گزشتہ برسوں میں کئی بار بقرعید اور اننت چتردشی ایک ہی دن آئے۔ اس موقع پر مسلمانوں نے قربانی اگلے دن کی تاکہ ہندو بھائی سکون سے مورتی وسرجن کر سکیں۔راہل کوکاٹے بتاتے ہیں کہ"1986 اور پھر 2018-19 میں محرم اور گنیش اتسو ایک ساتھ آئے۔ ان موقعوں پر بھی دونوں برادریوں نے ایک ہی جگہ پر محرم کے پنجے اور گنیش کی مورتی نصب کی۔

تعلیم اور بیداری کے پروگرام

گنیش اتسو مہاراشٹر کا ایک بڑا تہوار ہے۔ اس موقع پر گاؤں میں تعلیمی اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، جنہیں ہندو اور مسلم نوجوان مل کر کامیاب بناتے ہیں۔ یہ نوجوان کندھے سے کندھا ملا کر بیداری اور ثقافتی تقریبات میں حصہ لیتے ہیں۔

ہم سب ایک ہیں

گاؤں کے مسلمان کہتے ہیں کہ جب بات تہوار کی آتی ہے تو یہ نہیں سوچا جاتا کہ ہم ہندو ہیں یا مسلمان۔ سب ایک دوسرے کے گھروں میں جاتے ہیں اور مل جل کر خوشی مناتے ہیں۔گوتکھنڈی کے ہندو مسلم بھائیوں نے گزشتہ چار دہائیوں سے جو مثال قائم کی ہے، وہ صرف مہاراشٹر نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ایک نمونہ ہے۔