لال باغ کے راجا کا مخملی پردہ: ہندو مسلم ہم آہنگی کی علامت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 29-08-2025
  لال باغ کے راجا کا مخملی پردہ: ہندو مسلم ہم آہنگی کی علامت
لال باغ کے راجا کا مخملی پردہ: ہندو مسلم ہم آہنگی کی علامت

 



بھکتی چالک

ممبئی کے مشہور ترین گنیش اتسو میں اس سال 50 فٹ اونچا مخملی پردہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ یہ عظیم پردہ اتر پردیش کے مسلم ہنرمندوں نے تیار کیا ہے اور یہ مذہبی ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال کے طور پر ابھرا ہے۔

گنیش اتسو صرف ایک تہوار نہیں بلکہ تہذیب، روایت و یکجہتی کا سنگم ہے۔ دس دن تک بڑے جوش و خروش سے منائے جانے والے اس تہوار کی بنیاد مہاراشٹر میں ڈالی گئی تھی۔ اس سال ریاستی حکومت نے اسے ’’ریاستی تہوار‘‘ کا درجہ دیا ہے، جس کے تحت سرکاری امداد اور سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ عوامی شمولیت، ڈیجیٹل رسائی، بین الاقوامی پہچان اور ماحول دوست اقدامات کے ذریعے یہ تہوار محض مذہبی شناخت سے آگے بڑھ کر ایک ایسا ثقافتی جشن بنتا جا رہا ہے جو معاشرے کو یکجا کرتا ہے۔

اس تہوار کی سب سے بڑی کشش ممبئی کا ’’لال باغ کا راجا‘‘ ہے، جسے لاکھوں عقیدتمند پوجتے ہیں اور جو قومی یکجہتی کی علامت کے طور پر دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔ اس سال لال باغ کا راجا کے تہوار کا 92واں سال ہے۔ ’’نوساچا گنپتی‘‘ (منّت پوری کرنے والے گنیش) کے نام سے مشہور یہ دیوتا صرف آرزوؤں کو پورا کرنے کی علامت نہیں بلکہ سماجی اتحاد کا پیغام بھی دیتا ہے۔ اس بار لال باغ کا راجا کی انتظامی کمیٹی نے اپنی ایک تازہ پیش قدمی سے دنیا کے سامنے ہندو مسلم ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال رکھی ہے۔

اتحاد سے بُنا ہوا مخملی پردہ

اس سال لال باغ کا راجا کی سجاوٹ تروپتی بالا جی مندر کے سنہری تھیم پر مبنی ہے۔ دیوتا کو سونے کے تخت پر بٹھایا گیا ہے، جن کے بدن پر گہرے لال رنگ کی ریشمی دھوتی (پیتامبر) ہے۔ بائیں ہاتھ میں چکر، دائیں ہاتھ میں شَنگھ اور سر پر شاندار تاج سجائے یہ منظر دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتا ہے۔ جگمگاتی روشنیوں، سونے کی سجاوٹ اور دروازے پر کھڑے ہاتھیوں کے ساتھ پنڈال کو شاہی محل کا روپ دیا گیا ہے۔ مگر ان سب کے باوجود اس سال کی سب سے بڑی جھلک پنڈال کے سامنے لگایا گیا 50 فٹ اونچا مخملی پردہ ہے۔

تروپتی بالا جی طرز کا تاج تیار ہونے کے بعد پنڈال کی اونچائی 50 فٹ کرنی پڑی۔ اس کے مطابق ایک شان دار پردہ بنانا بڑا چیلنج تھا۔ کئی کوششوں کے باوجود ہنرمند دستیاب نہ ہو سکے۔ پھر کمیٹی نے پورے ملک میں تلاش شروع کی اور یہ حل ایک مسلم ہنرمند کے ہاتھوں میں نکلا۔ لکھنؤ کے قریب ایک گاؤں کے محمد رئیس خان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ یہ ذمے داری سنبھالی اور نہایت خوبصورتی کے ساتھ اسے مکمل کیا۔ ان کی کاریگری نے سب کو متاثر کیا۔

50 فٹ پردے کی خصوصیات

پردہ اونچائی اور چوڑائی دونوں میں 50 فٹ ہے۔ اس کے صرف شکن دار کنارے ہی 8 فٹ چوڑے ہیں۔ رئیس خان اور ان کی لکھنؤ کی ٹیم نے مسلسل پانچ چھ دن دن رات مشینوں پر کام کر کے یہ عظیم شاہکار تیار کیا۔ مخمل پر بنے سنہری کڑھائی کے ڈیزائن نے اس سال کی سجاوٹ کو اور بھی دلکش بنا دیا ہے۔ یہ پردہ محض آرائشی نہیں بلکہ اتحاد، ایمان اور فن کا استعارہ بن گیا ہے۔

مسلم ہنرمندوں کے تاثرات

محمد رئیس خان نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"یہ ہمارا بھی تہوار ہے۔ ہم نے یہاں پیسے کے لیے کام نہیں کیا۔ لکھنؤ میں ہمیں زیادہ کمانے کو مل رہا تھا، مگر ہم یہاں صرف اس لیے آئے کہ ہمیں بپّا کو خوش کرنا تھا۔ ہم نے دل سے یہ کام کیا ہے۔"انہوں نے مزید کہا"میں ہندو مسلم فرق پیدا نہیں کرنا چاہتا، سب کے ساتھ چلنا چاہتا ہوں۔ سیاست دانوں کا کام ہے کہ وہ یہ تقسیم پیدا کریں، ہمارا کام صرف ساتھ جینا ہے۔ ہمارا خدا ایک ہے، صرف عقیدے الگ ہیں۔"

لال باغ کا راجا کے بت کے قدموں میں رکھی نرم گدی محمود علی شیخ نے تیار کی ہے۔ وہ پچھلے دس برسوں سے لال باغ کا راجا کی خدمت کر رہے ہیں۔ محمود نے کہا:"جتنا زیادہ ہم ایک ساتھ بغیر مذہبی تفریق کے جئیں گے، اتنا ہی اچھا ہے۔ یہ معاشرتی فضا کو بھی بہتر بنائے گا۔ ہماری یکجہتی ہی ملک کی ترقی کی بنیاد ہے۔ دس ہاتھوں کی طاقت ایک ہاتھ سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔"

کمیٹی اور سماجی پیغام

لال باغ کا راجا گنیش اتسو منڈل کے صدر بالا صاحب کامبلے نے کہا:
"یہاں مختلف ذاتوں، مذاہب اور زبانوں کے لوگ ایک چھت کے نیچے کام کرتے ہیں۔ ہمارے مسلم بھائی بھی یہاں کئی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ پانچ چھ دنوں میں اس پردے کو بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے۔ لال باغ کا راجا منڈل نے ہمیشہ اتحاد کا پیغام دیا ہے۔ یہاں کسی قسم کے امتیاز کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔"

اسی دوران گنیش اتسو سے ایک روز قبل ایک سوشیل میڈیا انفلوئنسر نے مذہبی ہم آہنگی کے پیغام کے ساتھ ایک ویڈیو بنایا۔ مگر اس ویڈیو میں مسلم ہنرمند سے مورتیاں خریدنے کا منظر دکھائے جانے پر تنازعہ کھڑا ہو گیا کیونکہ کچھ لوگوں نے کہا کہ ان کے "جذبات مجروح" ہوئے ہیں۔ ایسے ماحول میں، جب نفرت انگیز نظریات سماج میں جگہ بنا رہے ہیں،مہاراشٹر کے سب سے بڑے گنیش لال باغ کا راجا کی کمیٹی نے ایک مضبوط مثال قائم کی ہے۔ ان کا یہ قدم ہندو مسلم اتحاد کے مخالفین کو کرارا جواب ہے اور یہ عوامی تہواروں کی اصل روایت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔