زیبا نسیم ۔ ممبئی
کشمیر صدیوں سے صوفی روایت کی سرزمین رہا ہے جہاں حضرت میر سید علی ہمدانیؒ اور دیگر بزرگوں نے محبت۔ رواداری۔ خدمت خلق اور روحانی اصلاح کا پیغام عام کیا۔ آج جب معاشرہ مختلف سماجی اور فکری چیلنجز سے دوچار ہے تو صوفی ازم کی تعلیمات پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکی ہیں۔ یہ روایت انسان کو نفرت کے بجائے محبت۔ تقسیم کے بجائے اخوت۔ تشدد کے بجائے امن اور انتقام کے بجائے صبر و برداشت کا راستہ دکھاتی ہے۔ خانقاہِ معلیٰ جیسے روحانی مراکز اس حقیقت کی یاد دلاتے ہیں کہ کشمیر کی اصل شناخت اس کی صوفی تہذیب۔ باہمی احترام اور انسان دوستی میں پوشیدہ ہے۔ حضرت شاہِ ہمدانؒ نے نہ صرف اسلام کی تعلیمات کو عام کیا بلکہ محنت۔ دیانت۔ خدمت خلق۔ اخلاق اور ہنرمندی کو بھی معاشرتی ترقی کی بنیاد بنایا۔ آپ کے ساتھ آنے والے علما اور ہنرمندوں نے کشمیری دستکاری۔ شال بافی۔ لکڑی کی نقش کاری اور دیگر روایتی فنون کو فروغ دے کر روحانیت اور معاشی ترقی کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا۔ موجودہ حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل کو صوفی بزرگوں کی تعلیمات سے جوڑا جائے تاکہ برداشت۔ مکالمہ۔ امن۔ باہمی احترام اور انسان دوستی کی اقدار مزید مضبوط ہوں۔ کشمیر کی دیرینہ صوفی روایت اس بات کی روشن مثال ہے کہ روحانی فکر اور اخلاقی اقدار معاشرے میں ہم آہنگی۔ امید اور پائیدار امن کے قیام کا مؤثر ذریعہ بن سکتی ہیں۔
خانقاہِ معلیٰ یا شاہِ ہمدانکی کہانی
خانقاہِ معلیٰ جسے شاہِ ہمدان بھی کہا جاتا ہے سرینگر شہر میں دریائے جہلم کے کنارے واقع کشمیر کی قدیم ترین اسلامی عبادت گاہوں اور روحانی مراکز میں شمار ہوتی ہے۔ یہ مقدس خانقاہ نہ صرف ایک مذہبی مقام ہے بلکہ کشمیر کی صدیوں پر محیط روحانی روایت اور ثقافتی ورثے کی بھی نمائندگی کرتی ہے۔صدیوں سے یہ مقام ذکر و فکر۔ عبادت۔ دعا اور روحانی تربیت کا سرچشمہ رہا ہے۔حضرت میر سید علی ہمدانی کی یہ یاد کشمیر میں قیام کے دوران ان کی اسلام کی اشاعت اور روحانی اصلاح میں غیر معمولی کردار کو بیان کرتی ہے ۔ ان کی تعلیمات نے کشمیر کے مذہبی اور سماجی ڈھانچے کو گہرے طور پر متاثر کیا۔اس عظیم خانقاہ کی تعمیر سلطان سکندر نے حضرت میر سید علی ہمدانی کی یاد میں کروائی تھی۔
.webp)
حضرت شاہِ ہمدان کی آمد اور روحانی خدمات
آپ کو بتا دیں کہ حضرت میر سید علی ہمدانی چودھویں صدی میں ہمدان فارس میں پیدا ہوئے۔جنہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ دعوت و اصلاح اور تصوف کی تعلیمات کے فروغ میں صرف کیا۔ وہ 1372 میں کشمیر تشریف لائے۔اس وقت وادیٔ کشمیر مختلف تہذیبی اور مذہبی اثرات کا مرکز تھی۔ حضرت شاہِ ہمدان نے اپنی حکمت۔ اخلاص اور روحانی قوت کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں محبت۔ اخوت اور خدا شناسی کا چراغ روشن کیا۔آپ کی تعلیمات کا بنیادی پیغام انسانیت سے محبت اور خالقِ حقیقی سے تعلق تھا۔ آپ نے لوگوں کو سکھایا کہ حقیقی روحانیت انسان کو تعصب۔ نفرت اور خود غرضی سے پاک کرتی ہے۔ آپ نے خدمت خلق۔ سخاوت۔ عدل اور روحانی تزکیہ پر زور دیا۔ یہی تعلیمات بعد میں کشمیری معاشرے کی شناخت بن گئیں۔حضرت شاہِ ہمدان نے کشمیر میں کئی خانقاہیں اور روحانی مراکز قائم کیے ۔جہاں ذکر۔ عبادت۔ تعلیم اور سماجی خدمت کا سلسلہ جاری رہا۔ انہی کوششوں کے نتیجے میں کشمیر میں تصوف کی مضبوط بنیاد قائم ہوئی۔
تصوف کا مرکز اور کشمیر کی روحانی دھڑکن
حضرت شاہِ ہمدان کی تعلیمات محبت۔ اخوت۔ رواداری اور خدا سے تعلق پر مبنی تھیں۔ انہی تعلیمات کی روشنی آج بھی اس خانقاہ کے ماحول میں محسوس کی جا سکتی ہے۔ یہاں ہر طبقے اور ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ آتے ہیں اور روحانی فیض حاصل کرتے ہیں۔تصوف کی بنیادی تعلیم نفس کی اصلاح اور خدا کی قربت کا حصول ہے۔ خانقاہِ معلیٰ اس تصور کی عملی تصویر پیش کرتی ہے۔ زائرین یہاں ذکرِ الٰہی کرتے ہیں۔ قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں اور صوفیانہ تعلیمات سے استفادہ کرتے ہیں۔ اس طرح یہ مقام انسان کے باطن کو سنوارنے اور روحانی بالیدگی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔خانقاہِ معلیٰ درحقیقت کشمیر کی روحانی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں تاریخ۔ تصوف۔ فنِ تعمیر اور تہذیب ایک دوسرے سے ہم آہنگ نظر آتے ہیں۔ حضرت شاہِ ہمدان کی تعلیمات نے صدیوں پہلے جس روحانی روایت کی بنیاد رکھی تھی وہ آج بھی اسی شان سے جاری ہے۔یہ مقدس خانقاہ انسان کو محبت۔ اخوت۔ خدمتِ خلق اور خدا شناسی کا پیغام دیتی ہے۔ اس کی لکڑی کی خوبصورت عمارت۔ روح پرور فضا اور صدیوں پر محیط تاریخ زائرین کو ایک ایسے روحانی سفر پر لے جاتی ہے جو دل و دماغ پر دیرپا اثر چھوڑتا ہے۔کشمیر کی صوفی روایت جو محبت اور رواداری پر قائم ہے اس کی بنیادوں میں حضرت شاہِ ہمدان کی تعلیمات کا بڑا حصہ شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی کشمیری عوام آپ کو غیر معمولی احترام اور عقیدت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
.webp)
کشمیری تہذیب اور معاشرے پر شاہِ ہمدان کے اثرات
حضرت شاہِ ہمدان ؒ نے کشمیر میں صرف مذہبی اصلاح ہی نہیں کی بلکہ سماجی اور ثقافتی زندگی پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے۔ آپ نے لوگوں میں محنت۔ دیانت۔ اخلاق اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا کیا۔ آپ کے ساتھ آنے والے علما۔ صوفیا اور ہنرمندوں نے کشمیر میں مختلف فنون اور دستکاریوں کو فروغ دیا۔کشمیر کی مشہور شال بافی۔ لکڑی کی نقش کاری۔ کاغذ سازی اور دیگر روایتی صنعتوں کے فروغ میں بھی حضرت شاہِ ہمدان اور ان کے رفقا کا اہم کردار بیان کیا جاتا ہے۔ اس طرح آپ نے نہ صرف روحانی بلکہ معاشی اور تہذیبی ترقی میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔
عرسِ شاہِ ہمدان۔ عقیدت اور روحانیت کا عظیم اجتماع
خانقاہِ معلیٰ میں ہر سال حضرت شاہِ ہمدان رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کا انعقاد نہایت عقیدت اوراحترام کے ساتھ کیا جاتا ہے۔یہ تقریب کشمیر کے اہم ترین مذہبی اجتماعات میں شمار ہوتی ہے اور اس میں ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔عرس کے ایام میں خانقاہ کا ماحول روحانی کیفیت سے بھر جاتا ہے۔ خصوصی دعاؤں۔ محافلِ ذکر۔ تلاوتِ قرآن اور دینی اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ عقیدت مند دور دراز علاقوں سے سفر کرکے یہاں حاضر ہوتے ہیں اور حضرت شاہِ ہمدان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔یہ تقریب صرف ایک یادگاری اجتماع نہیں بلکہ حضرت شاہِ ہمدان کی تعلیمات کو تازہ کرنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔عرس کے دوران لوگوں کو محبت۔ خدمت۔ اخلاص اور روحانی پاکیزگی کا پیغام دیا جاتا ہے جو تصوف کا بنیادی جوہر ہے۔

خانقاہِ معلیٰ کی تعمیر اور ارتقائی سفر
خانقاہِ معلیٰ کی تعمیر اسی مقام پر کی گئی جہاں حضرت شاہِ ہمدان قیام پذیر رہے تھے اور جہاں ان سے وابستہ اہم تاریخی یادیں موجود تھیں۔ ابتدا میں یہ ایک سادہ مگر روحانیت سے بھرپور عبادت گاہ تھی۔1480میں ایک شدید آتش زدگی کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا۔ بعد ازاں سلطان حسن شاہ نے 1493 میں اس کی دوبارہ تعمیر کروائی۔ اس کے بعد 1731 میں ایک اور آتش زدگی نے خانقاہ کو متاثر کیا جس کے نتیجے میں ابو البرکات خان نے اس کی ازسر نو تعمیر کرائی۔مختلف ادوار میں ہونے والی تعمیرات اور مرمتوں نے اس عمارت کو مزید مضبوط اور خوبصورت بنا دیا۔ آج یہ خانقاہ نہ صرف ایک تاریخی یادگار ہے بلکہ کشمیر کی روحانی زندگی کا فعال مرکز بھی ہے۔
خانقاہِ معلیٰ کا منفرد طرزِ تعمیر
خانقاہِ معلیٰ کشمیر کے روایتی طرزِ تعمیر کا ایک بے مثال نمونہ ہے۔ اس کی تعمیر میں بدھ مت۔ ہندو اور اسلامی فن تعمیر کے حسین امتزاج کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔موجودہ عمارت مربع شکل کے نقشے پر قائم ہے۔ اس کی بنیاد غیر ہموار پتھریلی دیواروں پر رکھی گئی ہے جن میں بعض قدیم مندروں کے پتھر بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ عمارت دو منزلہ ہے اور اس کے اوپر دو سطحی اہرامی طرز کی چھتیں تعمیر کی گئی ہیں۔پہلی منزل کے گرد محرابی برآمدے بنائے گئے ہیں جو پوری عمارت کا احاطہ کرتے ہیں۔ دوسری منزل پر چاروں سمت کھلی بالکونیاں موجود ہیں۔ اوپری چھت پر مؤذن کے لیے ایک کھلا چبوترہ تعمیر کیا گیا ہے جس کے اوپر مخروطی مینار ایستادہ ہے۔خانقاہ کی لکڑی پر کی گئی نفیس نقاشی اس کی سب سے نمایاں خصوصیت ہے۔ دروازوں۔ ستونوں۔ چھتوں اور دیواروں پر انتہائی باریک اور خوبصورت نقش و نگار کندہ ہیں۔ بعض اوقات چھت کے حصوں پر موسمی پودے اور سبزہ اُگ آتا ہے جو اس عمارت کو مزید دلکش بنا دیتا ہے۔
.webp)
مزارِ شاہِ ہمدان اور داخلی حسن
خانقاہ کے شمال مغربی گوشے میں حضرت شاہِ ہمدان سے منسوب مقدس مقام واقع ہے۔ دروازے کے اوپر 1384 کی تاریخ کندہ ہے جو آپ کے وصال کی یاد دلاتی ہے۔اندر داخل ہونے پر زائرین کو روحانی سکون اور تقدس کا احساس ہوتا ہے۔ مرکزی حصے میں موجود مقدس مقام خوبصورت لکڑی کی جالیوں سے گھرا ہوا ہے۔ یہاں آنے والے لوگ دعا کرتے ہیں اور روحانی فیوض و برکات حاصل کرنے کی امید رکھتے ہیں۔خانقاہ کی دیواروں اور اندرونی حصوں پر قرآنی آیات اور صوفیانہ اشعار کی نفیس خطاطی کی گئی ہے۔ یہ فن پارے نہ صرف جمالیاتیحسن پیدا کرتے ہیں بلکہ زائرین کو روحانی پیغام بھی دیتے ہیں۔
Today visited khanqah-e-moula ♥️
— Kashmir memories (@kshmirmemories) April 21, 2026
Khanqah-e-Moula also known as Shah-e-Hamdan Masjid. It is a historic 14th-century Sufi shrine located on the banks of the Jhelum River in Srinagar Kashmir. Built in 1395 and dedicated to preacher Mir Syed Ali Hamadani. It is a key cultural and… pic.twitter.com/4TDshDztWh
خانقاہِ معلیٰ اور سیاحتی اہمیت
سرینگر آنے والے سیاحوں کے لیے خانقاہِ معلیٰ ایک لازمی مقامِ زیارت سمجھی جاتی ہے۔ یہ عمارت دریائے جہلم کے کنارے واقع ہونے کے باعث قدرتی حسن اور روحانی فضا کا ایک دلکش امتزاج پیش کرتی ہے۔خانقاہ کی بیرونی خوبصورتی۔ لکڑی کی نفیس نقش کاری۔ قدیم طرزِ تعمیر اور پرسکون ماحول ہر آنے والے کو متاثر کرتا ہے۔ تاریخ اور فنِ تعمیر سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے یہ مقام ایک نادر خزانہ ہے جبکہ روحانی سکون کے متلاشی افراد یہاں ایک منفرد کیفیت محسوس کرتے ہیں۔صبح اور شام کے اوقات میں جب دریائے جہلم کے پانی پر روشنی کے عکس بکھرتے ہیں تو خانقاہ کا منظر اور بھی دل آویز ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ مقام نہ صرف مذہبی بلکہ ثقافتی اور سیاحتی اعتبار سے بھی بے حد اہم ہے۔
.webp)