کشمیر:مندروں کی تعمیرنومیں مصروف مسلمان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-03-2021
اننت ناگ کاایک مندرجس کی تعمیرنوکاکام مسلمان کر رہے ہیں۔
اننت ناگ کاایک مندرجس کی تعمیرنوکاکام مسلمان کر رہے ہیں۔

 

 

اذان اورآرتی کی آوازیں ساتھ ساتھ گونجنے کا انتظار

غوث سیوانی،نئی دہلی

 کشمیرکے خستہ حال مندروں میں تین دہائیوں سے نہ گھنٹیاں بج رہی ہیں اور نہ ہی شنکھ کی آوازبلند ہوتی ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ تقریبا تین دہائی قبل کشمیری پنڈتوں کی اکثریت وادی چھوڑ گئی تھی اور اب کم ہی ہندویہاں بچے ہیں۔ایسے میں مقامی مسلمانوں نے مندروں کی تزئین و آرائش اور تحفظ کا کا کام اپنے ذمہ لے لیاہے۔ اننت ناگ کے ڈلسیرعلاقے میں واقع ایک ایسے ہی پرانے مندر کی باؤنڈری کی تعمیرکا کام ان دنوں مقامی مسلمان کر رہے ہیں۔مندر کی چھت بھی نئی تعمیر ہوئی ہے۔

محکمہ دیہی ترقی کے ساتھ مل کر ، مسلم نوجوان اور عمائدین اس مندر کی تزئین و آرائش میں مصروف ہیں۔ قریب ہی ایک مسجد اور درگاہ بھی ہے۔ ڈلسیر کے لوگ بے صبری سے اس وقت کا انتظار کر رہے ہیں جب مسجد کی اذان کی آواز اور مندر کی آرتی کی گھنٹیاں پہلے کی طرح روزانہ سنائی دیںگی۔ مشتاق احمد راتھر کہتے ہیں کہ تین سال عرصہ ابھی کل کی بات لگتاہے۔ہندواور مسلمان بچے اور نوجوان ایک ساتھ کرکٹ کھیلتے تھے۔ دونون فرقوں کے تہوار لوگ ساتھ ساتھ مناتے تھے۔

ایک دوسرے کو مبارک بادیاں پیش کرتے تھے اور دعوتوں میں ایک ساتھ ہوتے تھے۔ وہ سنہرے ایام مقامی لوگوں کے ذہنوں میں ابھی تازہ ہیں۔ اب ڈلسیر مندر کی دیوار ، چھت کو نیا بنایا گیا ہے۔ مزید تعمیرات جاری ہیں ، جس میں مقامی نوجوان اور عمائدین بھی مشغول ہیں۔ تزئین و آرائش کے کام میں مدد فراہم کرنے والے لطیف احمد ، ارشاد احمد اور نثار احمد نے بتایا کہ 200 میٹر کے دائرے میں مسجد ، درگاہ اور مندرہیں۔ ایک دوسرے کے قریب یہ مذہبی مقامات کشمیرکی ثقافت کو بیان کرتے ہیں۔

پہلے اذان اور مندر کی گھنٹیاں روزانہ سنائی دیتی تھیں۔ اب یہ صرف خاص دنوں میں ممکن ہے۔یہاں کے تمام مسلمان ، پنڈتوں کی واپسی کے لئے دعا کرتے ہیں۔ پنڈت اساتذہ کی تعلیم کے ساتھ نوجوان اچھی پوزیشنوں پر ہیں ڈلسیر گاؤں کے بہت سے لوگ سرکاری ملازمت کر رہے ہیں۔ بہت سارے اچھے عہدوں پر بھی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کشمیری پنڈت ٹیچرس نے جو تعلیم دی ہے اس نے آج بچوں کو اس قابل بنا یا ہے۔ کشمیری پنڈتوں کی کمی پریشان کن ہے۔

مندر کی تعمیر نو میں مسلمانوں کا حصہ لینا اس احساس کی عکاسی کرتا ہے۔ دوسری طرف سری نگر کے میئر نے کہا - اس سال 30 مندر دوبارہ تعمیر کیے جائیں گے۔ سری نگر کے میئر جنید عظیم مٹو نے کہا ، "سری نگر میں ہر ایک مندر کی مرمت کی ضرورت ہے۔ کچھ کےتعمیر نو کی ضرورت ہے۔ یہ کام سری نگر میونسپل کارپوریشن کرے گی۔ انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ یہ میری ذاتی یقین دہانی ہے ، ہمیں اس سال سری نگر میں کم از کم 30 مندروں کی مرمت یاتعمیرنو کروائی جائے گی۔

سرینگرکاایک مخدوش مندر

اس سے قبل کشمیر کے سیاسی راہداریوں میں مندروں کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوتی تھی ، لیکن اب اس کا آغاز ہوگیا ہے۔ مرکزی حکومت نے وادی کے تمام مندروں کی تزئین و آرائش کے بارے میں کہا تھا، لیکن زمین پر کام انتہائی سست رفتار سے جاری ہے۔ کچھ مندروں میں مرمت کا کام جاری ہے ، لیکن سرینگر سمیت اننت ناگ ، کولگام میں سیکڑوں سال پرانے مندر اب بھی بند ہیں۔ مندروں کی زمین پر تجاوزات کی گئ ہیں۔ خود سری نگر شہر میں 125 چھوٹے اور بڑے مندر ہیں۔

ان میں سے بہت سے مندروں کے احاطے پر تجاوزات کی گئ ہیں۔ جنوبی کشمیر میں سب سے زیادہ مذہبی مقامات ہیں ، لیکن ایسے بیشتر مقامات پر توڑ پھوڑ یا تجاوزات کی گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ کے ایک عہدیدار ، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہتے ہیں ، "1990 سے پہلے کے مندروں میں نقل و حرکت اس وقت تک واپس نہیں آئے گی جب تک کہ وادی میں پنڈتوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوتا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے ، سری نگر بہت سارے مندر بند نہیں ہیں ، لیکن پھر بھی ہندو وہاں نہیں جاتے ہیں۔

اس کے پیچھے خوف اور خدشات پائے جاتے ہیں۔ ”اس وقت وادی کشمیر میں صرف چند ہزار کشمیری پنڈت خاندان آباد ہیں۔ ان میں سے بیشتر وہ بھی ہیں جو سرکاری ملازمت میں ہیں۔ کشمیری پنڈت سنگھرش سمیتی کے صدر سنجے ٹکو کا کہنا ہے کہ "مندروں کی خوبصورتی تب ہی واپس آئے گی جب یہاں کے کشمیری مسلمانوں اکثریت بھی ہندوؤں کے ساتھ اس کے لئےکوشش کرے۔ وہ اس کی ایک مثال بھی پیش کرتے ہیں کہ 2018 میں جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اچن علاقے میں واقع ایک مندر کو مقامی مسلمانوں کی مدد سے تعمیر کیا گیا تھا۔ اچن میں صرف تین پنڈت کنبے تھے۔

انھوں نے مندر کی تعمیر نو میں مدد کے لئے مسلمانوں سے رابطہ کیاتھا۔ مسلمان آگے آئے اور اپنا ہاتھ بٹایا۔ وادی کشمیر میں ایسی فضا پیدا کی جانی چاہئے۔ واضح ہوکہ کشمیر حکومت کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق ، کشمیر میں 464 مندر ہیں ، جن میں سے 174 کو نقصان پہنچا ہے۔