سفر حج : صحرائی راستوں سے آسمان کی بلندی تک

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2026
سفر حج : صحرائی راستوں سے آسمان کی بلندی تک
سفر حج : صحرائی راستوں سے آسمان کی بلندی تک

 



منصور الدین فریدی : نئی دہلی 

حج کا سفر صدیوں سے عشق عبادت اور قربانی کی ایک عظیم داستان رہا ہے۔ قدیم زمانے میں حاجی مہینوں بلکہ بعض اوقات سالوں پر مشتمل سفر طے کرتے تھے۔ کوئی تپتے صحرا میں اونٹوں پر سوار ہو کر مکہ مکرمہ پہنچتا تھا تو کوئی ہزاروں میل پیدل چل کر بیت اللہ کی حاضری کی سعادت حاصل کرتا تھا۔ راستوں میں بھوک پیاس بیماری ڈاکوؤں کے حملے اور سخت موسم جیسی بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اللہ کے گھر کی محبت ان تمام دشواریوں پر غالب آ جاتی تھی۔ بعد میں سمندری جہازوں کے ذریعے سفر کا آغاز ہوا جہاں طوفانی لہریں اور طویل بحری سفر حاجیوں کے صبر کا امتحان لیتے تھے۔ آج جدید دور میں ہوائی جہازوں نے سفر کو آسان اور مختصر بنا دیا ہے لیکن حج کا تقدس اور روحانی کیفیت آج بھی ویسی ہی ہے جیسی صدیوں پہلے تھی۔ حاجی جب لبیک اللہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ حرم کی طرف بڑھتے ہیں تو یہ سفر صرف جسمانی نہیں بلکہ روح کی پاکیزگی اور اللہ سے قربت کا مقدس سفر بن جاتا ہے۔

یہ ایک ایسے سفر کی کہانی ہے جو صرف زمین کے فاصلے طے نہیں کرتا بلکہ روحانیت کے انتہا پر بھی پہنچا تا ہے۔ ایک ایسا سفر جو صدیوں سے جاری ہے اور ہردور میں اپنے انداز بدلتا رہا ہے لیکن اس کی روح ہمیشہ ایک جیسی رہی ہے۔

جب ستارے کرتے تھے رہنمائی

ماضی میں زائرین کے لیے سعودی عرب آنے کے راستے نہ تو پختہ ہوتےتھےاور نہ ہی ان پر سفر کے لیے واضح، نشانات موجود ہوتے تھے۔ ان کمیوں کی وجہ سے مسافروں کو آسمان پر بہت زیادہ انحصار کرنا پڑتا تھا۔دل میں عمرہ اور حج کی خواہش لیے اور شعائر اللہ کو دیکھنے کی تمنا کے ساتھ سفر پر نکلنے والے لوگ ستاروں کی پوزیشن اور حرکت کو دیکھ کر اپنی منزل تک پہنچنے کے راستے طے کرتے تھے۔انسانی تاریخ میں ستاروں کو ہمیشہ سفر کی رہنمائی کے ایک اہم ذریعے کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے

اس مضمون میں ہم پہلووں پر روشنی ڈالیں گے کہ حج کا سفر ماضی س حال تک کیسے آسان تر بن گیا ۔

قافلوں کی دنیا

قرون وسطی میں مسلم حکمران حج کے بڑے قافلے منظم کرتے تھے۔ یہ قافلے قاہرہ دمشق اور دیگر اہم شہروں سے روانہ ہوتے تھے۔ قافلوں کے ساتھ مسلح محافظ ہوتے تھے تاکہ مسافروں کی حفاظت کی جا سکے۔ یہ سفربہت طویل اور سخت ہوتا تھا۔ راستے میں صحرائی علاقے آتے تھے جہاں بدوی قبائل حملے کرتے تھے اور قافلوں سے خراج طلب کرتے تھے۔ سن 1757 میں ایک بڑے حملے میں ایک پورا حج قافلہ تباہ ہو گیا اور ہزاروں حجاج جان سے گئے۔

سن 1876 میں انگریز صحافی چارلس ڈاؤٹی نے ایک حج قافلے کے ساتھ سفر کیا جو دمشق سے روانہ ہوا تھا۔ اس قافلے میں تقریباً 6000 حجاج اور 10000 جانور شامل تھے۔ یہ سفر انتہائی مشکل حالات میں طے کیا جاتا تھا۔راستے میں اگر کوئی حاجی وفات پا جاتا تو اسے وہیں دفن کر دیا جاتا تھا۔ اس کی قبر پر اس کے کپڑے اور کمبل رکھ دیے جاتے تھے۔

 قافلے کی روانگی کا منظر بیان کرتے ہوئے ڈاؤٹی نے لکھا کہ خیمے اکھاڑ لیے گئے۔ اونٹوں کو سامان کے ساتھ تیار کھڑا کیا گیا۔ ہم اس توپ کی آواز کے منتظر تھے جو حج کے آغاز کا اعلان کرتی تھی۔ تقریباً دس بجے سگنل گن کی آواز سنائی دی۔ اس کے بعد بغیر کسی بدنظمی کے کجاوے اونٹوں پر رکھے گئے اور ہزاروں سوار خاموشی سے سوار ہو گئے۔ دوسری گولی چلنے پر پاشا کا کجاوا آگے بڑھا اور اس کے پیچھے قافلے کی قیادت شروع ہوئی۔ پھر ہم نے اپنے اونٹوں کو ہانکا اور عظیم قافلہ حرکت میں آ گیا۔

برٹش میوزیم کے مطابق جب حجاج حج کا سفر کرتے ہیں تو وہ اپنے سے پہلے آنے والے لاکھوں لوگوں کے نقش قدم پر چلتے ہیں۔ آج کل دنیا کے 70 سے زیادہ ممالک سے لاکھوں مسلمان ہر سال مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں۔ اب یہ سفر سڑک سمندر اور فضائی راستوں کے ذریعے نسبتاً آسان اور تیز ہو گیا ہے۔ ماضی میں زمینی راستے سے آنے والے قافلے تین بڑے مراکز پر جمع ہوتے تھے۔ کوفہ عراق۔ دمشق شام۔ اور قاہرہ مصر۔ جبکہ سمندری راستے سے آنے والے جدہ کی بندرگاہ پر اترتے تھے۔ اہم تاریخی راستوں میں عربی افریقی عثمانی اور برصغیری راستے شامل تھے۔

حج کے راستے جو تاریخ بن گئے

حج کے مشہور زمینی تاریخی راستوں میں عربی راستہ ،افریقی راستہ، عثمانی راستہ اور ہندی راستہ شامل تھے۔ یہ راستے صدیوں تک استعمال ہوتے رہے اور انہی کے ذریعے لاکھوں مسلمان حج کے لیے مکہ پہنچتے رہے۔ان زمینی مراکز کوفہ دمشق اور قاہرہ تھے۔سمندر کے راستے آنے والے حجاج جدہ کی بندرگاہ پر اترتے تھے۔

عربی راستہ کوفہ سے مکہ تک

کوفہ سے مکہ تک کا راستہ حج کے ابتدائی اور اہم ترین راستوں میں شمار ہوتا تھا۔ یہ تقریباً 900 میل طویل تھا اور قدیم تجارتی راستوں پر قائم تھا۔ عباسی دور میں اس راستے کو خاص طور پر ترقی دی گئی اور اسے درب زبیدہ کہا جاتا تھا۔ابن جبیر نے اس راستے کے بارے میں لکھا کہ حجاج پانی کے مقامات پر رک کر غسل کرتے تھے اور آرام حاصل کرتے تھے۔ یہ مناظر ان کے لیے اللہ کی نعمت سمجھے جاتے تھے۔ راستے میں سنگ میل نصب تھے جو فاصلے بتاتے تھے لیکن آج ان میں سے بہت کم باقی رہ گئے ہیں۔ ربذہ درب زبیدہ کے راستے پر ایک اہم پڑاؤ تھا۔ یہ ایک بڑے شہر کی شکل اختیار کر گیا تھا اور دسویں صدی تک خوشحال رہا۔ 1979 میں کنگ سعود یونیورسٹی کی جانب سے یہاں کھدائی شروع کی گئی جس میں مکانات مساجد کنویں پانی کے ذخیرے ایک قبرستان اور مختلف اشیاء برآمد ہوئی تھیں 

افریقی راستہ تومبکتو سے مکہ تک

افریقہ سے آنے والے حجاج کے لیے قاہرہ ایک بڑا مرکز تھا۔ یہاں سے قافلے اکٹھے ہو کر مکہ کی طرف روانہ ہوتے تھے۔ ان افلوں کا مقصد حفاظت اور اجتماعی سفر تھا۔تومبکتو مغربی افریقہ کا ایک عظیم علمی مرکز تھا۔ یہاں سے حجاج سفر شروع کرتے تھے اور اپنے ساتھ علم اور تجربات بھی لے جاتے تھے۔ راستہ بہت مشکل تھا اور صحرائے سینا جیسے سخت علاقوں سے گزرنا پڑتا تھا۔ بعض قافلے عقبہ اور بحیرہ احمر کے راستے بھی سفر کرتے تھے۔تومبکتو صرف ایک تجارتی شہر نہیں تھا بلکہ ایک بڑا علمی مرکز بھی تھا۔ یہاں یونیورسٹیاں اور کتب خانے موجود تھے جہاں مختلف علوم کی کتابیں محفوظ کی جاتی تھیں۔حجاج اپنے سفر سے واپس آ کر علم اور تجربات کو آگے منتقل کرتے تھے۔ یہ علمی روایت صدیوں تک جاری رہی۔ الحاج عمر تال نے سن 1827 میں حج کیا اور مکہ کے ساتھ ساتھ یروشلم شام اور مصر کا سفر بھی کیا۔ وہ اپنے علم اور تقوی کی وجہ سے بہت معروف ہوئے۔

عثمانی راستہ استنبول سے مکہ تک

1517 کے بعد عثمانی سلطنت نے حج کے انتظامات سنبھال لیے۔ انہوں نے حجاج کی حفاظت راستوں کی دیکھ بھال اور مقدس مقامات کی خدمت کو یقینی بنایا۔دمشق اس راستے کا مرکزی مقام تھا جہاں مختلف علاقوں سے آنے والے حجاج جمع ہوتے تھے۔ وہاں سے قافلہ مکہ کی طرف روانہ ہوتا تھا۔ اس شاہی قافلے کو سرے کہا جاتا تھا اور اسے بڑی شان و شوکت سے روانہ کیا جاتا تھا۔

Matt Bigg جوBritish Museum سے وابستہ ہیں لکھتے ہیں کہ عثمانی سلاطین کے دور میں استنبول سے حج قافلوں کی روانگی کی تقریبات اپنے عروج پر تھیں۔ اس راستے کا مرکزی مرکز دمشق تھا جہاں نہ صرف عثمانی سلطنت بلکہ اس سے باہر کے علاقوں سے بھی زائرین جمع ہوتے تھے۔1517 میںOttoman conquest of Egypt کے بعد عثمانیوں نے حج کے انتظامات سنبھال لیے۔ انہوں نے حجاز اور مقدس شہروں پر کنٹرول حاصل کیا اور ہر سال قافلوں کی حفاظت، راستوں کی دیکھ بھال اور مکہ و مدینہ کے مقدس مقامات کی خدمت پر بڑی رقم خرچ کی

ریلوے کا سفر

برٹش میوزیم کے مطابق 1900 میںSultan Abdülhamid II نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ دمشق کو مدینہ اور مکہ سے جوڑنے والی ریلوے کی تعمیر میں تعاون کریں۔ یہ منصوبہ عوامی چندے سے اور جرمن انجینئروں کے مشورے سے تیار کیا گیا۔ دمشق سے شروع ہونے والی یہ لائن 1908 میں مدینہ تک پہنچ گئی۔

استنبول کےHaydarpasa station سے سفر شروع کرنے والے حاجی اب ریل کے ذریعے سیدھے مدینہ تک جا سکتے تھے۔ اس طرح تقریباً 40 دن کا سفر گھٹ کر صرف 5 دن رہ گیا۔ روس، وسطی ایشیا، ایران اور عراق سے ہزاروں زائرین دمشق پہنچتے اور وہاں سے ٹرین کے ذریعے آگے سفر کرتے۔

سمندری راستے سے حج 

بحرِ ہند کے راستے حج کا سفر صدیوں تک ایک مشکل اور خطرناک مہم سمجھا جاتا تھا۔ جدہ وہ اہم بندرگاہ تھی جہاں سے جنوبی ایشیا جنوب مشرقی ایشیا اور افریقہ کے ہزاروں حاجی مکہ کے لیے روانہ ہوتے تھے۔قدیم زمانے میں ہندوستان چین اور جنوب مشرقی ایشیا سے آنے والے زائرین زیادہ تر بادبانی کشتیوں پر سفر کرتے تھے۔ یہ طویل سفر مون سون ہواؤں کے رحم و کرم پر ہوتا تھا اور کئی ہفتوں بلکہ مہینوں تک جاری رہ سکتا تھا۔ اس دوران سمندر کی تیز لہریں طوفان اور قزاقی جیسے خطرات ہمیشہ موجود رہتے تھے۔ اسی لیے جب حاجی بحفاظت واپس آتے تو ان کی واپسی خوشی اور شکرگزاری کا ایک بڑا موقع سمجھی جاتی تھی۔

انیسویں صدی میں بھاپ کے جہازوں کے استعمال نے اس سفر میں نمایاں تبدیلی پیدا کی۔ اس سے نہ صرف وقت کم ہوا بلکہ اخراجات بھی نسبتاً کم ہو گئے۔ اسی زمانے میں ڈچ حکومت نے جنوب مشرقی ایشیا خصوصاً انڈونیشیا میں حج پر جانے والوں کے لیے اجازت نامے لازمی قرار دیے کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ حج کے ذریعے سیاسی شعور اور مزاحمت کو فروغ مل سکتا ہے۔

ہندوستان سے جانے والے زیادہ تر قافلے سورت اور بمبئی کی بندرگاہوں سے روانہ ہوتے تھے۔ یہ قافلے پہلے بحیرہ عرب اور پھر بحیرہ احمر سے گزرتے ہوئے یمن کے اہم شہر موخا پہنچتے اور آخرکار جدہ تک رسائی حاصل کرتے تھے۔ جدہ سے مکہ کا تقریباً 40 میل کا فاصلہ اونٹوں یا پیدل دو دن میں طے کیا جاتا تھا جہاں جا کر یہ روحانی سفر اپنی تکمیل کو پہنچتا تھا۔

اب ہوائی سفر نے بدلی شکل

اب سفر حج پہاڑوں یا صحراوں کے بجائے ہوا میں مکمل ہورہا ہے ،ہزاروں میل کی دوری سے اڑان بھرتے ہی چند گھنٹوں میں لوگ حج کے لیے پہنچ جاتے ہیں ۔اس وقت تقریبا پندرہ لاکھ افراد ہوائی جہازوں سے حج کرنے جاتے ہیں ۔ تقریباً 5000 پروازیں زیادہ تر جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترتی ہیں۔ اب اونٹ اور پانی کے جہازوں کے سفر یاد ماضی ہیں ۔ 

بہرحال حقیقت یہ ہے کہ یہ صرف سفر نہیں بلکہ عبادت بھی ہے۔ بلکہ زندگی کا سبق بھی ہے۔ ایک ایسا سفر جو انسان کو بدل دیتا ہے۔اور شاید یہی وجہ ہے کہ صدیوں پہلے نکلنے والے قافلے ہوں یا آج کے ہوائی جہازوں میں بیٹھے مسافر۔ سب کے دل میں ایک ہی صدا ہوتی ہے۔۔۔۔۔۔۔ لبیک اللہم لبیک