انڈونیشیا: مذہبی اصلاحات کا سرچشمہ -نہضۃ العلماء

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-07-2023
انڈونیشیا: مذہبی اصلاحات کا سرچشمہ -نہضۃ العلماء
انڈونیشیا: مذہبی اصلاحات کا سرچشمہ -نہضۃ العلماء

 

منصورالدین فریدی:آواز دی وائس

انڈونیشیا دنیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی والی سرزمین ،مگر پاکستان،افغانستان ، ایران ،عراق،شام اورلیبیا جیسے مسلم ممالک کے مقابلے بالکل پرسکون ۔ سیاسی ٹکراو نہ مذہبی جنگ۔ نفرت نہ تشدد،مسلکی منافرت نہ فرقہ وارانہ تناو۔ پر امن شہری رواداری کے علمبردار ہیں،دراصل انڈونیشیا میں ہندوستانی تہذیب وثقافت کی طرح ہی کثرت میں وحدت دیکھنے کو ملتا ہے۔ مگر سب سے اہم بات یہ ہے کہ انڈونیشیا ایک جمہوریہ ملک ہےاورخود کو ایک مشترکہ قوم کی حیثیت سے دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ رواداری اور بقائے باہمی یہاں کو شہریوں میں بھری ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لاکھوں کوششوں کے بعد بھی اسلامی بنیاد پرستی یہاں پنپ نہیں پا سکی ہے۔ بڑی ذمہ داری کے ساتھ تمام انڈونیشی جمہوری اقدار کی پیروی کرتے ہیں ایک دوسرے کے عقیدوں کا احترام کرتے ہیں۔

انڈونیشیا کی اس خصوصیت کا ایک اہم سبب ملک کے سیاسی رہنماؤں اور علمائے کرام نے نہ صرف اسلام کی صحیح ترجمانی پیش کی بلکہ لوگوں کے سامنے اسلام کا باہمی موجود چہرہ بھی پیش کیا۔ اس کا سہرا ملک کی نہیں بلکہ دنیا کی چند سب سے بڑی تنظیموں میں سے ایک نہدل العلماء یا نہضۃ العلماء کے سر جاتا ہے ۔ جس نے ملک کے مسلمانوں کو ہر قسم کی شدت پسندی اور دہشت گردی کے منفی اثرات سے ہمیشہ محفوظ رکھا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ سنی مسلمانوں کی یہ تنظیم 31 جنوری 1926ء میں ایک جدت پسند تنظیم محمدیہ کے رد عمل میں قائم ہوئی۔

اندازے کے مطابق اس تنظیم کے اراکین کی تعداد نو کروڑ ہے، تاہم درست تعداد کا اندازہ کافی مشکل ہے۔

رکنیت کے لحاظ سے یہ تنظیم طالبان سے بہت آگے نکل گئی ہے، اس کے باوجود اسلام کے اس چہرے کو بین الاقوامی سطح پر خاطر خواہ طور پر تسلیم نہیں کیا جا سکا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 2014 میں تنظیم نے اس وقت اسلامی اصلاحات کا آغاز کیا جب دنیا میں اسلامک اسٹیٹ گروپ اور اس کے بنیاد پرست نظریے کا عروج تھا۔ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ایک بڑا اور اثر دار قدم اٹھا کر ملک اور خطہ کے مسلمانوں کو داعش کے اثرات سے بچایا تھا۔ اس وقت تنظیم نے ان مذہبی اصلاحات کو"انسان دوست اسلام" کا نام دیا تھا ۔

یہ ایک رفاہی تنظیم ہے، جو انڈونیشی حکومت کی کمیوں اور نقائص کو پورا کرتی ہے، نیز اسکولوں، اسپتالوں کو مالی امداد فراہم کرتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ زکوۃ و صدقات کی جمع و تقسیم کا کام سر انجام دیتی ہے۔ ان کاموں کی وجہ انڈونیشیا میں اس تنظیم کا کافی سیاسی اثر و رسوخ ہے۔

انڈونیشیا میں اس مذہبی مہم یا تحریک نے انڈونیشیا کے مسلمانوں کو مشرق وسطی کی سیاست اور القاعدہ و داعش کی دہشت گردی کے شکنجے سے محفوظ رکھا۔اس سرزمین پر 700 سے زیادہ زبانیں بولی جاتی ہیں لیکن ان کی مختلف زبانیں ملک کے ایک لہجے کی تقلید کرتی ہیں۔جغرافیائی طور پر انڈونیشیا 17000 جزیروں پر مشتمل ملک ہے ، آبادی تقریبا 26 کروڑ ہے۔ انڈونیشیا میں تقریباً 23 کروڑ مسلمان ، 3 کروڑ عیسائی۔ صرف یہی نہیں ، یہاں ہندوؤں اور بودھوں کی بھی بڑی آبادی ہے۔ لیکن ملک میں کوئی فرقہ وارانہ ٹکراو نہیں ۔

پچھلے سال ہی اپنی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار انڈونیشیا میں دنیا کی سب سے بڑی اسلامی تنظیم نے خواتین کو اپنے اعلیٰ قیادت میں شامل کیا اور 11 خواتین کو اپنے بورڈ میں پانچ سالہ مدت کے لیے مقرر کیا۔ علیسہ واحد ان خواتین میں سے ایک تھیں جنہیں فروری میں سینئر کردار کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ 48 سالہ انڈونیشیا کے آنجہانی صدر عبدالرحمن واحد کی بیٹی ہیں۔دراصل2017 میں خواتین اراکین نے انڈونیشیا کی خواتین کے علما کی پہلی کانگریس کا آغاز کیا- جس نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو کم عمری کی شادی کے خلاف کھڑے ہونے کا چیلنج کیا تھا۔

انسانیت پر مبنی اسلام

آپ کو بتا دیں کہ پچھلے نو سال کے دوران نہدل العلماء کے جنرل سیکرٹری، یحییٰ چول سٹاکوف نے اصلاحی ایجنڈے کے ساتھ تنظیم کے اسلامی اسکالرز کے کئی اجلاس منعقد کیے ہیں۔ انہوں نے سیاسی قیادت، مساوی شہریت اور غیر مسلموں کے ساتھ تعلقات سمیت متنازعہ مسائل پر اسلامی فکر کی اصلاح کے لیے عوامی اعلانات کیے تھے۔ نہدل العلماء کے اعلانات میں اہم فیصلے شامل ہیں جو "انسان دوست اسلام" کو دیگر تشریحات سے ممتاز کرتے ہیں۔ سب سے پہلے، وہ عالمی خلافت، یا ایسی سیاسی قیادت کے تصور کو مسترد کرتے ہیں جو تمام مسلمانوں کو متحد کرے۔ خلافت کے تصور کو مرکزی دھارے کے اسلامی اسکالرز، جیسے کہ الازہر- مصر کے عالمی شہرت یافتہ اسلامی ادارے اور اسلامک اسٹیٹ گروپ اور القاعدہ جیسے بنیاد پرست گروہوں نے قبول کیا ہے۔

اس کے ساتھ تنظیم کے اعلامیے جدید ریاستوں کے آئینی اور قانونی نظاموں کی قانونی حیثیت پر زور دیتے ہیں اور اس طرح اس خیال کو مسترد کرتے ہیں کہ اسلامی قانون پر مبنی ریاست کا قیام ایک مذہبی ذمہ داری ہے۔

تنظیم ایک تحریک بن چکی ہے جو قانونی زمروں کے طور پر مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان فرق کو مسترد کرتے ہوئےمساوی شہریت کی اہمیت پر زور دیتی ہےساتھ ہی عالمی امن کو فروغ دینے کے لیے مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان گہرے تعاون پر زور دیتی ہے۔ ایسا نہیں کہ تنظیم صرف کاغذی جمع خرچ میں مصروف ہے، اگر ایسا ہوتا تو تنظیم کا زمین پر کوئی اثر نہیں ہوتا ۔ دراصل ان مقاصد کے حصول کے لیے نہدل العلماء نے عملی اقدامات کیے ہیں۔ مثال کے طور پر بین الثقافتی یکجہتی اور احترام کو فروغ دینے کے لیے ورلڈ ایوینجلیکل الائنس کے ساتھ ایک ورکنگ ریلیشن شپ قائم کیا ہے، جو 600 ملین پروٹسٹنٹ کی نمائندگی کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔

 کیا ا ور کیسا ہے انڈونیشیا کا روادار اسلام

تقریبا پچاس مسلم اکثریتی ممالک پرایک تحقیق میں انڈونیشیا کو سب سے برتر مانا گیا کیونکہ انڈونیشیا کا بنیادی عقیدہ پینکاسیلا کا مطلب ہے پانچ اصول ۔جن میں بنیادی طور پر خدا، انسان دوستی، انڈونیشیا کے قومی اتحاد، جمہوریت اور سماجی انصاف پر یقین شامل ہے۔ نعرہ خواہ سیاسی قیادت کا ہو لیکن ملک کی دوسری سب سے بڑی اسلامی تنظیم نہدل العلماء اور محمدیہ دونوں ان اصولوں کا احترام کرتے رہے ہیں۔ نہدل العلماء کی طرح محمدیہ کے بھی لاکھوں پیروکار ہیں اور یہ دونوں تنظیمیں اکثر بنیاد پرست اسلام پسند گروپوں کے خلاف متحد رہتی ہیں۔ انڈونیشیا کے ایک سرکردہ ماہر رابرٹ ہیفنر نے اپنی کتاب "سول اسلام" میں درج کیا ہے کہ کس طرح نہدل العلماء اور محمدیہ نے 1990 کی دہائی کے آخر میں ملک کی جمہوریت سازی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس عمل کے دوران نہدل العلماء کے رہنما، عبدالرحمن واحد 1999 میں انڈونیشیا کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر بنے۔ عبدالرحمن واحد نے جو 2009 میں انتقال کر گئے بھی ایک مذہبی وراثت چھوڑی نہدل العلماء واحد کے اصلاحی نظریات کو ہیومینٹیرین اسلام کے لیے تحریک کا بنیادی ذریعہ مانتے ہیں

انڈونیشیا کا عدم روادار اسلام

بہرحال ہم انڈونیشیا کو دنیا کے مسلم ممالک اورمسلمانوں کے لیے ایک مثال تو مانتے ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ملک میں تمام اسلامی نظریات اور طرز عمل تنوع کے لیے روادار نہیں ۔ ملک کے آچے صوبے نے اسلامی فوجداری قانون کے کچھ اصول نافذ کیے ہیں، جن میں شراب بیچنے یا پینے والوں کے لیے کوڑے کی سزا بھی شامل ہے۔ مذہبی اور سیاسی عدم برداشت کی ایک اور مثال ملک کا توہین رسالت کا قانون ہے، جس کے نتیجے میں دارالحکومت جکارتہ کے چینی عیسائی گورنر باسوکی پورناما کو 2017-2018 میں قرآن کی ایک آیت کے بارے میں بیان دینے پر 20 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ جنوری 2021 میں، ایک عیسائی طالبہ کی اسکول پرنسپل کی جانب سے مسلم ہیڈ اسکارف پہننے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کہانی فیس بک پر وائرل ہوئی

کشمکش جاری ہے لیکن

مگر ہوا کیا ؟ دو ہفتوں میں انڈونیشیا کی حکومت نے ایک حکم نامے کے ساتھ جواب دیا جس میں سرکاری اسکولوں میں کسی بھی قسم کے مذہبی لباس کو لازمی قرار دینے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ مختصر یہ کہ انڈونیشیا میں اسلام کی رواداری اور عدم برداشت کی تشریحات کے درمیان ایک کشمکش جاری ہے۔ یہاں تک کہ نہدل العلماء کے اندر بھی قدامت پسندوں اور اصلاح پسندوں کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔ بہر حال نہدل العلماء اصلاح پسند زیادہ بااثر ہو رہے ہیں۔ اس کی ایک مثال موجودہ وزیر برائے مذہبی امور، یاقوت چول قوماس ہیں۔ جو نہدل العلماء کے ایک سرکردہ رکن اور نہدل العلماء کے اصلاح پسند جنرل سیکرٹری کے چھوٹے بھائی ہیں۔ وہ ان تین وزراء میں سے ایک تھے جنہوں نے فروری میں طالب علموں پر حجاب پہننے پر پابندی کے مشترکہ فرمان پر دستخط کیے تھے۔

انڈونیشیا میں رواداری کو فروغ دینے کے لیے نہدل العلماء کی انسانی ہمدردی کی اسلامی تحریک بہت اہم ہو سکتی ہے۔ لیکن کیا اس کا اثر انڈونیشیا کی حدوں کو پار کرسکتا ہے ؟ دلچسپ  بات یہ ہے کہ مشرق وسطیٰ  تک پہنچنے کے لیے تنظیم نے  اپنی انگریزی ویب سائٹ کا عربی زبان کا ورژن شروع کیا ہے۔ کیا یہ انڈونیشیائی اقدام مشرق وسطیٰ میں اثر انداز ہو سکتا ہے اور اسلامی اصلاحات کے لیے ایک حقیقی عالمی تحریک بن سکتا ہے۔ اس بارے میں فی الحال کچھ دعوے کے ساتھ کہا نہیں جاسکتا ہے۔

انڈونیشیا کے مسلمان

انڈونیشیا کا اسلام رواداری ، قبولیت ، آزادی ، انصاف ، مساوات اور بھائی چارے کے فروغ کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انڈونیشیا کے لوگ قرآن و حدیث کو دل و جان سے سمجھتے ہیں اور اپنی زندگی میں اس کا اطلاق کرتے ہیں۔ وہ نہ صرف صحیح اسلامی اصولوں کا مطالعہ کرتے ہیں بلکہ اپنے ملک انڈونیشیا کے ساتھ اپنا فرض اور ذمہ داری بھی نبھاتے ہیں۔ قرآن پاک میں کہا گیا ہے کہ سب سے کامل شخص وہ ہے جو دوسرے لوگوں سے محبت اور شفقت کے ساتھ سلوک کرتا ہے۔ یہ واقعی انڈونیشیا کے لوگوں کی زندگیوں میں سرایت کر رہا ہے

 یہ بھی سچ ہے کہ دنیا کے کچھ مسلم اکثریتی ممالک نے اپنے شہریوں کی معاشی ترقی اور طرز زندگی کو بہتر بنایا ہے ، لیکن وہ امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔ ایسے ممالک میں ایران ، پاکستان ، شام ، عراق ، مصر وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے برعکس دنیا میں کچھ ایسے مسلم ممالک ہیں جنہوں نے اپنی خوشحالی کے ساتھ امن اور ہم آہنگی کی مثال قائم کی ہے۔اس میں پہلا نام انڈونیشیا کا ہی آتا ہے۔

انڈونیشیا دنیا کا سب سے زیادہ مسلم آبادی والاملک ہے۔ گویا ہندو اور بدھ مت یہاں اقلیت ہیں لیکن وہ بڑی ہم آہنگی کے ساتھ ملک کی خوشحالی میں حصہ لے رہے ہیں۔ انڈونیشیا کی انتظامیہ انہیں اپنی عقیدوں کے لئے ان سے کبھی بھی امتیازی سلوک نہیں کرتی ہے۔اس کی وجہ سے ملک میں ترقی اور معاشی خوشحالی کے ساتھ ساتھ امن ، رواداری اور جمہوری کی جڑیں مضبوط ہورہی ہیں۔ اسلام کی اصل تصویر نے ملک میں محبت ، شفقت اور امن کو بڑھانے میں مدد فراہم کی۔

جی20میں ایک بڑا قدم

دنیا کی سب سے بڑی مسلم تنظیم، انڈونیشیا کی نہدل العلماء نے مارچ 2022 میں جی20 کی انڈونیشیا کی صدارت کے ساتھ مل کر جی20 ریلیجن فورم (آر20) کی بنیاد رکھی۔نہدل العلماء نے آر20 کو ایک عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے قائم کیا جس کے ذریعے ہر مذہب اور قوم کے اہم مذہبی رہنما اپنے تحفظات کا اظہار کرنے اور مشترکہ تہذیبی اقدار کے لیے آواز اٹھانے کے لیے متحد ہو سکتے ہیں۔

آر20 "شناخت کو سیاسی ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے، پچھلی دہائی کے دوران تنظیم کی کوششوں کا ایک فطری نتیجہ ہے۔ فرقہ وارانہ منافرت کے پھیلاؤ کو روکنا، دنیا کے متنوع لوگوں، ثقافتوں اور اقوام کے درمیان یکجہتی اور احترام کو فروغ دینا اور ایک حقیقی منصفانہ اور ہم آہنگ عالمی نظام کے ظہور کو فروغ دینا، جس کی بنیاد ہر انسان کے مساوی حقوق اور وقار کے احترام پر رکھی گئی ہے۔