حجاز ریلوے ۔ عثمانی دور میں حج کے سفر میں تاریخی انقلاب

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2026
حجاز ریلوے ۔ عثمانی دور میں  حج کے سفر میں تاریخی انقلاب
حجاز ریلوے ۔ عثمانی دور میں حج کے سفر میں تاریخی انقلاب

 



منصور الدین فریدی: نئی دہلی 

پہلے اونٹوں کا سفر پھر سمندر کی لہروں پر کشتیوں سے سفر وقت گزرتا گیا اور  آہستہ آہستہ سہولیات میں بہتری اتی گئی اور ایک وقت ایسا ایا جب صحرا میں ٹرین دوڑی جس کا سب سے زیادہ فائدہ حج کے لیے جانے والے عازمین کو ہوا اس دور میں یہ ایک انقلاب تھا جس نے حج کی منزل کو کچھ نہیں بلکہ بہت اسان بنا دیا تھا

اس کا سہرا اردن کی حجاز ریلوے ، خلافت عثمانیہ کی انجینئرنگ صلاحیت اور بصیرت کے سر جاتا ہے ،جس نے  حجاج کرام کے روحانی سفر کو نہایت آسان بنا دیا۔ دمشق اور عمان کو سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ سے جوڑنے والی یہ ریلوے لائن مشرق وسطیٰ ہی نہیں بلکہ دنیا کی قدیم ترین ریلوے لائنوں میں شمار کی جاتی ہے۔

حجاز ریلوے خلافت عثمانیہ کے دور کا ایک ایسا عظیم منصوبہ تھا جس نے نہ صرف حج کے سفر کی صدیوں پرانی مشکلات کو کم کیا بلکہ عالم اسلام کے سیاسی اور روحانی اتحاد کو بھی نئی طاقت فراہم کی۔ اس ریلوے منصوبے کے پیچھے سلطنت عثمانیہ کے 34ویں اور آخری بااختیار خلیفہ سلطان عبدالحمید ثانی کا وژن کارفرما تھا جنہوں نے 1876 سے 1909 تک حکومت کی۔

سلطان عبدالحمید ثانی کا دور تاریخ میں سیاسی بحرانوں، یورپی طاقتوں کے دباؤ، جدید اصلاحات، اسلامی اتحاد اور فلسطین کے دفاع کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے ایک ایسے وقت میں سلطنت عثمانیہ کی باگ ڈور سنبھالی جب سلطنت اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار تھی۔ یورپی طاقتیں عثمانی سلطنت کو کمزور کرنے کے لیے سرگرم تھیں, عرب دنیا میں بھی بے چینی بڑھ رہی تھی۔ ایسے حالات میں سلطان عبدالحمید ثانی نے عالم اسلام کو متحد رکھنے کے لیے کئی بڑے اقدامات کیے جن میں حجاز ریلوے سب سے نمایاں منصوبہ تھا۔

حجاز ریلوے کا تصور 

دراصل 19ویں صدی کے اختتام تک حج کا سفر انتہائی دشوار گزار سمجھا جاتا تھا۔ شام سے حجاز تک سفر کرنے والے قافلوں کو شدید گرمی، پانی کی قلت، ڈاکوؤں کے حملوں اور طویل مسافت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ دمشق سے مدینہ منورہ تک پہنچنے میں تقریباً 40 دن لگ جاتے تھے۔ راستے میں بیماری، بھوک اور لوٹ مار کے خطرات ہر وقت موجود رہتے تھے۔سلطان عبدالحمید ثانی نے محسوس کیا کہ اگر ریلوے لائن کے ذریعے دمشق کو مدینہ منورہ سے جوڑ دیا جائے تو حجاج کرام کو بے شمار سہولتیں حاصل ہوں گی اور سلطنت عثمانیہ کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطہ بھی مضبوط ہوگا۔

اس کے سبب 1900 میں سلطان عبدالحمید ثانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم منصوبے کی تکمیل کے لیے مالی تعاون کریں۔ اس اپیل کا عالم اسلام میں زبردست اثر ہوا۔ ہندوستان، مصر، شام، روس، وسطی ایشیا اور دیگر علاقوں کے مسلمانوں نے دل کھول کر چندہ دیا۔ اس منصوبے کو خلافت عثمانیہ اور عالم اسلام کے مشترکہ خواب کے طور پر دیکھا گیا۔

جرمن انجینئروں کی معاونت اور تعمیراتی مرحلہ

حجاز ریلوے کی تعمیر میں عثمانی ماہرین کے ساتھ جرمن انجینئروں نے بھی تکنیکی مدد فراہم کی۔ ریلوے لائن دشوار گزار پہاڑی علاقوں، صحراؤں اور پتھریلی وادیوں سے گزرتی تھی۔ شدید گرمی اور پانی کی قلت کے باوجود مزدوروں اور انجینئروں نے دن رات محنت کی۔اس تاریخی منصوبے کی تعمیر 1902 میں عثمانی سلطان عبدالحمید ثانی کے دور حکومت میں شروع ہوئی ۔1908 میں دمشق سے مدینہ منورہ تک ریلوے لائن مکمل ہو گئی۔ اگرچہ اصل منصوبہ مکہ مکرمہ تک ریلوے پہنچانے کا تھا لیکن سیاسی اور جنگی حالات کے باعث یہ خواب مکمل نہ ہو سکا۔

اس ریلوے کے ذریعے استنبول کے حیدر پاشا اسٹیشن سے روانہ ہونے والے زائرین شام کے راستے مدینہ منورہ تک پہنچ سکتے تھے۔  اس سے قبل حجاج کرام کو حج کے سفر میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اونٹوں اور قافلوں کے ذریعے یہ سفر تقریباً تین ماہ میں مکمل ہوتا تھا لیکن حجاز ریلوے کی بدولت یہی سفر کم ہو کر صرف 54 گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔

حجاز ریلوے کی تعمیر کا منظر

حجاز ریلوے کی پٹریاں بچھانے کا کام 

حج کے سفر میں غیر معمولی تبدیلی

حجاز ریلوے نے حج کے سفر کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا۔ روس، ایران، عراق، وسطی ایشیا اور اناطولیہ سے آنے والے ہزاروں مسلمان دمشق پہنچتے اور وہاں سے ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ ہوتے تھے۔اس سے نہ صرف سفر آسان ہوا بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا۔ راستے میں مختلف شہروں اور قصبوں کی معیشت بہتر ہوئی اور سلطنت عثمانیہ کے دور دراز علاقوں میں انتظامی رابطہ مضبوط ہوا۔

 خطرناک راستے اور صحرا کا سفر

برطانوی سیاح آرتھر ویول نے اپنے سفرنامے میں اس ریلوے کے راستے کو انتہائی پراسرار اور دشوار گزار قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق جیسے جیسے قافلہ عرب کے اندر داخل ہوتا تھا زمین مزید سنگلاخ ہوتی جاتی تھی۔ بلند پہاڑی سلسلے، تنگ گھاٹیاں اور خوفناک چٹانیں سفر کو مشکل بنا دیتی تھیں۔انہوں نے لکھا کہ بعض مقامات پر ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے بڑے بڑے پتھر کسی بھی لمحے نیچے گر جائیں گے۔ اس کے باوجود ریلوے لائن کی تعمیر اس دور کی انجینئرنگ کا حیرت انگیز نمونہ تھی۔

سلطان عبدالحمید ثانی کا سیاسی وژن

حجاز ریلوے صرف ایک سفری منصوبہ نہیں تھا بلکہ سلطان عبدالحمید ثانی کی سیاسی حکمت عملی کا اہم حصہ بھی تھا۔ وہ سمجھتے تھے کہ عالم اسلام کا اتحاد ہی یورپی طاقتوں کے مقابلے میں مسلمانوں کی اصل قوت بن سکتا ہے۔انہوں نے خلافت عثمانیہ کو صرف ترکی تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے پورے عالم اسلام کی قیادت کے طور پر پیش کیا۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے اسلامی اتحاد اور خلافت کے تصور کو مضبوط بنانے کی کوشش کی۔سلطان عبدالحمید ثانی کی تصاویر اور پوسٹ کارڈز بھی بڑے پیمانے پر شائع کیے گئے تاکہ مسلمانوں میں خلافت عثمانیہ کے ساتھ وابستگی پیدا ہو۔ حجاز ریلوے کو بھی اسلامی اتحاد کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔

فلسطین کے دفاع میں تاریخی کردار

سلطان عبدالحمید ثانی کا نام فلسطین کے دفاع کے حوالے سے بھی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ صیہونی تحریک کے بانی تھیوڈور ہرزل نے سلطنت عثمانیہ کے قرضے ادا کرنے کے بدلے فلسطین میں یہودی آبادکاری کے لیے زمین حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔تاریخی روایات کے مطابق سلطان عبدالحمید ثانی نے اس پیشکش کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطین کسی فرد کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی امانت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ فلسطین کا ایک انچ بھی فروخت نہیں کریں گے۔اسی موقف کی وجہ سے وہ آج بھی عالم اسلام میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔

حجاز ریلوے کا دمشق  اسٹیشن 

عرب بغاوت اور ریلوے کی تباہی

پہلی عالمی جنگ کے دوران 1916 میں عرب بغاوت شروع ہوئی۔ لارنس آف عربیہ اور ان کے عرب اتحادیوں نے خلافت عثمانیہ کے خلاف کارروائیاں کیں۔ حجاز ریلوے چونکہ عثمانی سلطنت کی اہم مواصلاتی لائن تھی اس لیے اسے نشانہ بنایا گیا۔ریل کی پٹریاں اڑائی گئیں۔ پل تباہ کیے گئے اور ٹرینوں پر حملے کیے گئے۔ اس جنگ کے دوران ریلوے کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا بڑا حصہ ناکارہ ہو گیا۔اس کے باوجود اردن اور بعض دیگر علاقوں میں آج بھی اس تاریخی ریلوے کے کچھ حصے موجود ہیں جو اس عظیم منصوبے کی یاد دلاتے ہیں۔

تاریخ میں زندہ ایک عظیم منصوبہ

 اردن حجاز ریلوے فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر صلاح اللوزی کے مطابق حجاز ریلوے سلطنت عثمانیہ اور جمہوریہ ترکی کی ایک تاریخی اور قانونی وارث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلوے لائن کا بنیادی مقصد حجاج کرام کا وقت اور مشقت کم کرنا تھا۔ یہ ریلوے لائن آج بھی اردن میں فعال ہے تاہم شام میں جاری خانہ جنگی کے باعث وہاں اس کی خدمات معطل ہیں۔صلاح اللوزی کے مطابق ترکی اور اردن کے درمیان حالیہ معاہدے کے تحت اس تاریخی منصوبے کی ترقی اور تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے میں ایک خصوصی میوزیم کا قیام بھی شامل ہے جہاں حجاز ریلوے کی تعمیر اور اس کی تاریخ سے متعلق تصاویر اور دستاویزات محفوظ کی جائیں گی۔

حجاز ریلوے آج بھی اسلامی تاریخ، حج کے سفر اور خلافت عثمانیہ کی سیاسی بصیرت کی ایک روشن علامت سمجھی جاتی ہے۔ اس منصوبے نے نہ صرف لاکھوں مسلمانوں کے سفر کو آسان بنایا بلکہ عالم اسلام کو ایک دوسرے سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔سلطان عبدالحمید ثانی کا  یہ خواب اگرچہ مکمل طور پر پورا نہ ہو سکا لیکن حجاز ریلوے آج بھی اس دور کی عظمت، اسلامی اتحاد اور جدید ترقی کی ایک یادگار کے طور پر زندہ ہے۔