منصور الدین فریدی : نئی دہلی
ہندوستانی فٹبال کی تاریخ ادھورے خوابوں اور ضائع شدہ مواقع کی بے شمار داستانوں سے بھری پڑی ہے۔ لیکن شاید 1950 کا واقعہ ان سب میں سب سے زیادہ افسوس ناک اور حیران کن ہے۔اگرچہ ہندوستان نے برازیل میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 1950 کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا لیکن اس نے ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یوں ایک تاریخی عالمی کپ میں پہلی شرکت کا موقع ہاتھ سے نکل گیا اور یہ واقعہ فٹبال کی تاریخ کے سب سے بڑے "اگر ایسا ہو جاتا" والے سوالات میں شمار ہونے لگا۔اگر ہندوستان برازیل میں ورلڈ کپ کھیلتا اور وہاں کوئی یادگار کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہو جاتا تو ممکن ہے کہ فٹبال کو وہی مقام حاصل ہو جاتا جو 1983 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں کپل دیو اور ان کی ٹیم کی تاریخی کامیابی کے بعد کرکٹ کو ملا تھا۔ یعنی ایک مقبول کھیل قومی جنون اور عوامی جذبے کی علامت بن جاتا۔یہ ایک ایسے غیر معمولی واقعاتی سلسلے کی داستان ہے جو بالآخر 1950 کے بدنام زمانہ "موسمِ گرما" پر ختم ہوا۔ ایک ایسا موسم جس نے ہندوستانی فٹبال کی تقدیر بدلنے کا سنہری موقع ہمیشہ کے لیے چھین لیا۔

ہندوستان نے 1950 کے فیفا ورلڈ کپ کے لیے کیسے کوالیفائی کیا؟
ہندوستان کے 1950 کے فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی کہانی کو سمجھنے کے لیے اُس وقت عالمی فٹبال کی صورتحال کو جاننا ضروری ہے۔برازیل میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کا صرف چوتھا ایڈیشن تھا اور دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلا عالمی کپ تھا۔ جنگ کے باعث ورلڈ کپ کے دو ایڈیشن منسوخ کر دیے گئے تھے۔دنیا کے بیشتر ممالک ابھی تک جنگ کی تباہ کاریوں سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔ معاشی مشکلات عام تھیں اور بین الاقوامی سفر نہ صرف مہنگا بلکہ انتہائی پیچیدہ بھی تھا۔
اسی وجہ سے مختلف براعظموں کے کئی ممالک نے یا تو کوالیفائنگ مرحلے کے دوران دستبرداری اختیار کر لی یا پھر جنوبی امریکہ تک سفر کے اخراجات اور انتظامی مشکلات کے باعث شرکت سے ہی انکار کر دیا۔اس زمانے میں ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ نظام بھی آج کی طرح وسیع اور پیچیدہ نہیں تھا۔ بالآخر صرف 13 ٹیموں نے 1950 کے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کی۔ورلڈ کپ کے لیے 16 ٹیموں کا انتخاب کرنے کی غرض سے مجموعی طور پر 34 ٹیموں نے کوالیفائنگ مرحلے میں حصہ لیا۔ 1947 میں آزادی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان پہلی مرتبہ اس عمل کا حصہ بنا تھا۔
ہندوستان کو ایشیائی کوالیفائنگ گروپ میں اُس وقت کے برما (موجودہ میانمار)، انڈونیشیا اور فلپائن کے ساتھ رکھا گیا تھا۔تاہم کوالیفائنگ مقابلوں کے آغاز سے پہلے ہی دیگر تمام ٹیمیں دستبردار ہو گئیں، جس کے نتیجے میں ہندوستانی مرد فٹبال ٹیم بغیر کوئی میچ کھیلے ہی 1950 کے فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر گئی۔22 مئی 1950 کو ریو ڈی جنیرو میں ہونے والی ورلڈ کپ کی حتمی قرعہ اندازی میں بھی ہندوستان کا نام شامل تھا۔ یہ قرعہ اندازی ٹورنامنٹ کے آغاز سے صرف ایک ماہ قبل ہوئی تھی۔ ہندوستان کو گروپ 3 میں سویڈن، پیراگوئے اور دفاعی چیمپئن اٹلی کے ساتھ رکھا گیا۔لیکن قسمت کا ایک تلخ موڑ یہ تھا کہ 28 جون کو ہونے والے اپنے پہلے میچ کے لیے ہندوستانی ٹیم کبھی میدان میں اتری ہی نہیں۔ یہی وہ واقعہ تھا جس نے 1950 کے ورلڈ کپ کو ہندوستانی فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا "اگر ایسا ہو جاتا" بنا دیا۔

ہندوستانی فٹ بال ٹیم 1948اولمپکس گیمز میں
ہندوستان نے 1950 کا فیفا ورلڈ کپ کیوں نہیں کھیلا؟
وقت گزرنے کے ساتھ 1950 کے فیفا ورلڈ کپ میں ہندوستان کی عدم شرکت کے حوالے سے کئی کہانیاں اور افسانے مشہور ہو گئے۔ان میں سب سے زیادہ مقبول یہ دعویٰ تھا کہ ہندوستان نے اس لیے ورلڈ کپ سے دستبرداری اختیار کی کیونکہ فیفا نے کھلاڑیوں کو ننگے پاؤں کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔اس سے صرف دو سال قبل لندن اولمپکس 1948 میں ہندوستانی فٹبال ٹیم نے اپنی پہلی بین الاقوامی شرکت کے دوران یورپ کی مضبوط ٹیم فرانس کو سخت مقابلے پر مجبور کر دیا تھا۔ اگرچہ آخر میں ہندوستان کو 2-1 سے شکست ہوئی لیکن اس کی کارکردگی نے سب کو متاثر کیا۔
کرشماتی کپتان تالیمرین آؤ کی قیادت میں اس ٹیم کے کئی کھلاڑی جوتوں کے بغیر میدان میں اترے تھے اور ان کے پاؤں پر صرف پٹیاں بندھی ہوئی تھیں۔یورپی حریفوں کے خلاف ننگے پاؤں بے خوف انداز میں کھیلنے والے ہندوستانی کھلاڑیوں کی تصویر جلد ہی ایک علامت بن گئی۔ اس نے ہندوستان کو عالمی فٹبال میں ایک ایسی ٹیم کے طور پر پیش کیا جو محدود وسائل کے باوجود بڑی طاقتوں کو چیلنج کرنے کا حوصلہ رکھتی تھی۔
اسی وجہ سے فیفا کے جوتے لازمی قرار دینے والی کہانی کو کافی پذیرائی ملی۔یہ تصور بھی لوگوں کو پسند آیا کہ برطانوی اقتدار سے حال ہی میں آزادی حاصل کرنے والے ہندوستانی اپنی روایتی طرز کو چھوڑ کر مغربی اصولوں کے آگے جھکنے پر تیار نہیں تھے۔تاہم حقیقت اس کے برعکس تھی۔ یہ محض ایک افسانہ تھا۔ فیفا نے 1953 تک جوتے پہننا لازمی قرار نہیں دیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان نے 1952 کے ہیلسنکی اولمپکس میں بھی بغیر جوتوں کے کھیلنا جاری رکھا اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔
درحقیقت مسئلہ جوتوں کا نہیں بلکہ انتظامی بے دلی۔ ترجیحات اور مالی مشکلات کا تھا جس نے ہندوستان کو اپنے تاریخی ورلڈ کپ ڈیبیو سے محروم کر دیا۔برازیل تک سفر کے اخراجات بہت زیادہ تھے۔ خاص طور پر ایشیائی ممالک کے لیے جو دوسری عالمی جنگ کے معاشی اثرات سے ابھی تک نبرد آزما تھے۔ یہی وجہ تھی کہ 1950 کے فیفا ورلڈ کپ میں کوئی بھی ایشیائی ٹیم شریک نہ ہو سکی۔ہندوستان کے لیے جو آزادی حاصل کیے ابھی صرف تین سال ہی گزرے تھے۔ دنیا کے دوسرے کنارے پر واقع برازیل تک ایک فٹبال ٹیم کو بھیجنے کے لیے مالی وسائل کا انتظام کرنا اور پورے سفر کی منصوبہ بندی کرنا ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن بھی ایک نئی آزاد ریاست کے حالات میں اپنے نظام کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
اس کے باوجود متعدد اجلاس منعقد ہوئے اور کچھ عرصے کے لیے ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید ہندوستان واقعی ورلڈ کپ میں شرکت کر لے گا۔ برازیلین فٹبال فیڈریشن اور فیفا نے تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ مختلف ریاستی فٹبال تنظیموں نے مالی امداد کا وعدہ بھی کیا۔لیکن کئی ماہ تک غور و خوض کے بعد آل انڈیا فٹبال فیڈریشن نے 23 مئی 1950 کو کلکتہ میں ہونے والے ایک اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب ٹیم کی برازیل روانگی میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی تھا۔
فیڈریشن کے سرکاری بیان میں کہا گیا:ہندوستان ورلڈ کپ یا جولس ریمے کپ میں شرکت نہیں کرے گا۔ چونکہ اطلاع دیر سے موصول ہوئی ہے اس لیے ٹیم کو ریو ڈی جنیرو ہوائی جہاز کے ذریعے بھیجنا پڑے گا جس کے باعث ٹیم کے انتخاب کا عمل متاثر ہوگا۔ وقت کی کمی کے باعث ہندوستانی ٹیم مناسب تیاری نہیں کر سکے گی۔ اس لیے ٹیم کو بھیجنا درست نہیں ہوگا۔"تاہم یہ وضاحت مکمل حقیقت نہیں تھی۔متعدد تاریخی حوالوں کے مطابق اصل مسئلہ مالی بوجھ بھی تھا۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن آنے والے ہیلسنکی اولمپکس کو زیادہ اہمیت دینا چاہتی تھی کیونکہ اس میں شرکت کے اخراجات بھی خزانے پر بھاری پڑنے والے تھے۔یوں انتظامی ترجیحات۔ محدود مالی وسائل اور تیاری کے لیے ناکافی وقت نے مل کر ہندوستان کو 1950 کے فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کے سنہری موقع سے محروم کر دیا۔

سال 1956اوکمپلکس میں ہندوستانی فٹ بال ٹیم
اولمپکس کو ترجیح
آج فیفا ورلڈ کپ فٹبال کی دنیا کا سب سے بڑا اور باوقار ٹورنامنٹ سمجھا جاتا ہے۔لیکن 1950 میں صورتحال مختلف تھی۔ ورلڈ کپ ابھی نسبتاً نیا مقابلہ تھا اور دوسری عالمی جنگ کی تباہ کاریوں کے بعد اپنی حیثیت دوبارہ مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔اس کے برعکس اولمپک فٹبال کو غیر معمولی وقار حاصل تھا اور یورپ اور جنوبی امریکہ سے باہر کے بہت سے ممالک اسے بین الاقوامی فٹبال کا سب سے بڑا اسٹیج تصور کرتے تھے۔ہندوستانی فٹبالرز اور منتظمین کے لیے بھی اولمپکس ہی سب سے بڑا خواب تھا۔1948 کے لندن اولمپکس میں ہندوستانی ٹیم کی متاثر کن کارکردگی نے یہ امید پیدا کر دی تھی کہ ملک اولمپک فٹبال میں ایک قابل احترام قوت بن سکتا ہے۔
اسی وجہ سے ہندوستانی فٹبال کے اندر زیادہ تر توجہ برازیل میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بجائے مستقبل کے اولمپک عزائم پر مرکوز رہی۔اس دور کے ممتاز ہندوستانی فٹبالر سیلن مانا نے بعد میں اسپورٹس السٹریٹڈ کو ایک انٹرویو میں بتایا۔"اس وقت ہمیں ورلڈ کپ کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں تھیں۔ اگر ہمیں بہتر آگاہی ہوتی تو ہم خود اس میں شرکت کے لیے پہل کرتے۔ ہمارے لیے اولمپکس ہی سب کچھ تھا۔ اس سے بڑا کوئی مقابلہ نہیں تھا۔"
سیلن مانا بعد میں 1951 کے پہلے ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان بھی تھے۔فائنل میں ایران کے خلاف فیصلہ کن گول کرنے والے شیو میوالال نے بھی ایک الگ انٹرویو میں اپنے کپتان کی بات کی تائید کی۔انہوں نے کہا۔ کہ "ہمارے زمانے میں ورلڈ کپ اہم نہیں تھا بلکہ اولمپکس تھا۔ ہمارے لیے ورلڈ کپ ایک مبہم تصور تھا۔"انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارا خواب اولمپکس میں کھیلنا تھا۔ جب ہندوستان نے 1950 کے ورلڈ کپ سے دستبرداری اختیار کی تو ہمیں زیادہ مایوسی نہیں ہوئی۔"
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان نے میدان میں کھیل کر فیفا ورلڈ کپ کے لیے پہلی حقیقی کوالیفکیشن مہم 1986 کے میکسیکو ورلڈ کپ سے قبل شروع کی۔1950 کے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کے بعد ہندوستان نے ورلڈ کپ کوالیفائرز کی دس مہمات میں حصہ لیا ہے لیکن فٹبال کے سب سے بڑے عالمی مقابلے میں واپسی کا خواب آج تک شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکا۔مزید یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ اُس وقت کے آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے صدر معین الحق کو خدشہ تھا کہ شوقیہ ہندوستانی ٹیم کو یورپی اور جنوبی امریکی ٹیموں کے خلاف بھاری شکستوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ان ٹیموں میں زیادہ تر پیشہ ور کھلاڑی شامل ہوتے تھے۔ان کے خیال میں ایسی شکستیں لندن اولمپکس میں حاصل ہونے والی ہندوستانی ٹیم کی ساکھ اور وقار کو نقصان پہنچا سکتی تھیں۔اس کے علاوہ اُس زمانے میں ہندوستان میں گھریلو مقابلے اکثر 90 منٹ کے بین الاقوامی معیار کے بجائے صرف 70 منٹ پر مشتمل ہوتے تھے۔ اس وجہ سے دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف ہندوستانی کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس اور برداشت کے بارے میں بھی جائز خدشات موجود تھے۔
تاریخ ہمیشہ یہ یاد رکھے گی کہ ہندوستان نے 1950 کے فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا لیکن پھر خود ہی اس سے دستبردار ہو گیا۔تاہم ایک سوال ایسا ہے جو ہمیشہ باقی رہے گا۔ اگر اُس وقت کے منتظمین خطرہ مول لیتے اور ٹیم کو برازیل جانے والے طیارے میں سوار کر دیتے تو ہندوستانی فٹبال کی تاریخ آج کتنی مختلف ہو سکتی تھی۔