بریلی : شالنی اور کم کم پربدمعاش کا حملہ، ایک کباڑی عبدل نے بچائی جان۔ جانیں کیا تھا معاملہ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-01-2026
بریلی : شالنی اور کم کم پربدمعاش کا حملہ، ایک  کباڑی عبدل نے بچائی جان۔ جانیں کیا تھا معاملہ
بریلی : شالنی اور کم کم پربدمعاش کا حملہ، ایک کباڑی عبدل نے بچائی جان۔ جانیں کیا تھا معاملہ

 



بریلی :  دو خواتین پر ایک بدمعاش کے حملے کے دوران جب ان کی چیخ و پکار پر کوئی مدد کے لیے آگے نہیں آ رہا تھا اس وقت تقریبا 60 سالہ بزرگ عبدل نے انتہائی دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدمعاش کے خلاف مورچہ سنبھالا، ہاتھا پائی اور گتھم گتھا ہونے کے ساتھ اپنی جان کو خطرے میں ڈال دیا مگر دونوں خواتین کو بچا یا- بلکہ ان کے ساتھ مل کر بدمعاش کو پکڑنے میں مدد کی

یاد رہے کہ  یہ واقعہ شالنی اروڑا کے ساتھ رونما ہوا ۔ وہ جانوروں سے محبت کرنے والی ہیں اور ان کے کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر نظر آتے ہیں-بتایا جا رہا ہے کہ وہ گھر میں اکیلی تھیں اور ان کے ساتھ ایک کام والی خاتون موجود تھیں۔ اسی دوران ایک شخص آیا۔ اس کی نیت چوری کی تھی یا جان سے مارنے کی یہ کہنا مشکل ہے۔ وہ چیخنے لگیں تو اس شخص نے ان کے سر پر وار کیا۔ آس پاس موجود لوگ بھی باہر نہیں آئے۔ اسی دوران کباڑ خریدنے والے ایک مسلم شخص نے ان کی آواز سنی۔ انہوں نے دروازہ کھولا اور اس حملہ آور کو پکڑ لیا۔شالنی اروڑا نے بتایا کہ جہاں ایک طرف نفرت دیکھنے کو ملتی ہے وہیں دوسری طرف انسانیت کی یہ مثال سامنے آئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے

کیا ہوا تھا --- شالنی  کی زبانی

  میں اس وقت یہ ویڈیو اس لیے بنا رہی ہوں کیونکہ مجھے بہت سے خیر خواہ دوستوں جان پہچان والوں اور میڈیا سے وابستہ بھائیوں کی فون کالز آ رہی ہیں۔ سب جاننا چاہتے ہیں کہ شالنی کیا ہوا کیسے ہوا اور پورا واقعہ کیا تھا۔

میں ایک بار پھر مختصر طور پر دہرانا چاہتی ہوں کہ وقت تقریباً 11.15 کا تھا اور میری گھریلو ملازمہ میرے ساتھ گھر میں کام کر رہی تھی۔ اچانک ایک شخص چوری کی نیت سے گھر کے اندر داخل ہوا جسے میرے کتے نے اس کی ٹانگ پکڑ کر گرا دیا۔ وہ کتے سے چھوٹنے کے لیے مسلسل اس کے سر پر وار کر رہا تھا۔ اس کے ایک ہاتھ میں ڈنڈا تھا اور دوسرے ہاتھ میں اینٹ تھی اور وہ بار بار اینٹ سے میرے کتے کو مار رہا تھا۔

جب میں نے یہ منظر دیکھا اور شور مچایا تو میری ملازمہ کم کم باہر آئی۔ اس شخص نے ہم دونوں پر حملہ کر دیا۔ اس نے ایک اینٹ میرے سر پر ماری اور گملہ اٹھا کر کم کم کے سر پر دے مارا۔ وہ کسی طرح ہمارے قابو میں نہیں آ رہا تھا۔ ہم دونوں اپنے سر بچاتے ہوئے مدد کے لیے چیخ رہے تھے۔ پڑوس سے کوئی باہر نہیں آیا۔ لوگ دیکھتے ہوئے گزر رہے تھے لیکن کوئی نہیں رکا۔ میں نے کئی بار ایک سو بارہ نمبر پر فون ملایا مگر کال نہیں لگی۔

اسی دوران کباڑ کی فری لگانے والے ملا جی سامنے سے آ رہے تھے۔ وہ دبلا پتلا جسم رکھتے ہیں اور عمر رسیدہ بھی ہیں۔ جیسے ہی انہوں نے دیکھا کہ وہ شخص ہم دونوں پر حملہ آور ہے اور ہم پر حاوی ہو چکا ہے تو انہوں نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے سیدھا اس پر چھلانگ لگا دی۔ انہوں نے اسے پکڑ لیا۔ اس شخص نے ان کے سر پر بھی وار کیا۔ ان کا منہ نوچا۔ ان کی انگلی بھی زخمی ہو گئی اور انہیں کافی چوٹ آئی۔ اس کے باوجود انہوں نے اسے اس وقت تک نہیں چھوڑا جب تک میرے شیلٹر کے ہیلپرز وہاں نہیں پہنچ گئے۔

اس کے بعد ہم سب نے مل کر اس شخص کو باندھا اور پھر اسے عزت نگر تھانے بھیجا۔ یہ ایک مثال ہے۔ ایک نذیر ہے جو ملا جی نے قائم کی۔ اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے جس طرح وہ ہمیں بچانے کے لیے اس شخص سے گتھم گتھا ہو گئے وہ ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا اور محسوس کیا۔ اس لمحے ہمیں یہ بات سمجھ میں آئی کہ مذہب اور دین کا اصل نام انسانیت ہے۔ جسے لوگ غلط معنی میں دیکھ رہے ہیں اور غلط سمجھ رہے ہیں۔

 آخر میں میں یہی کہنا چاہوں گی کہ نفرت کے اس دور میں محبت بانٹتے رہیے۔ بریلی شہر گنگا جمنی تہذیب کا شہر ہے۔ یہاں محبت کی مثالیں ملتی ہیں۔ یہی شہر عظیم شاعر وسیم بریلوی کا بھی ہے۔ ہمیں اپنی اس تہذیب کو کبھی خراب نہیں ہونے دینا چاہیے۔ یہاں محبت بہتی رہے اور ہمیشہ بہتی رہنی چاہیے۔ بریلی سے دنیا کو یہ پیغام جانا چاہیے کہ ہم کیسے آپس میں محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں