اجتماعی نکاح کی تقریب،اکیس جوڑے بنے ہمسفر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-10-2021
اجتماعی نکاح کی تقریب،اکیس جوڑے بنے ہمسفر
اجتماعی نکاح کی تقریب،اکیس جوڑے بنے ہمسفر

 

 

بڑوانی(مدھیہ پردیش): یہاں ایک تنظیم کی مدد سے اکیس جوڑوں کی اجتماعی تقریب نکاح منعقد ہوئی جس میں شہرکے معززین کے علاوہ بڑی تعداد میں عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔

اس تقریب کا انعقاد ڈسٹرکٹ مسلم کمیٹی کی سرپرستی اور عامۃ المسلمین جماعت کی نگرانی میں کیا گیا۔ سماجی تنظیم مسلم نوجوان مداد کمیٹی کی جانب سے کیاگیا۔ شہر کے دارالعلوم کے احاطے میں اجتماعی نکاح کی تقریب ہوئی۔ جس میں شہر کے دھنورا، جولوانیہ، پلسود، راج پور، گوگاؤں، انجد، کھرگون، بڑوانی، جوبٹ، علیراج پور، کھنڈوا سمیت مختلف گائوں اور قصبوں کے 21 جوڑوں کی شادی ہوئی۔

منتظمین میں سے ڈاکٹر ذاکر اور ثمر خان نے بتایا کہ شادی کے بندھن میں بندھنے والے نئے جوڑوں کو گھریلو اشیاء دی گئیں نیز بستر، الماری اور دیگر سامان بھی دیئے گئے۔ پروگرام کے دوران اندور ڈویژن میں سماجی شعبے میں بہترین کام کرنے والے 50 ادارے اور 50 سے زائد سماجی کارکنان مہمان کے طور پر شامل تھے۔

اس موقع پر ایس پی دیپک کمار شکلا، اظہار منشی اندور، ادریس خان ضلع صدر، ستار منصوری بڑوانی، پنڈت میوالال، پاٹیدار کواعزاز سےنوازا گیا۔آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے ضلع اور اداروں سمیت ڈویژن میں سماجی خدمت، تعلیم اور طب کے شعبے میں کام کرنے والوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔

سوسائٹی کے ضرورت مند افراد کو 5 ہاتھ گاڑیاں اور 5 خواتین کو سلائی مشینیں دی گئیں۔

پروگرام میں سماجی کام میں اہم رول ادا کرنے والے استاد انیس شیخ اور آل انڈیا حج ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین مقیت خان اور جنرل سکریٹری حاجی عبدالغفار کھتری کو بھی ایس پی شکلا نے اعزاز سے نوازا۔

تقریب میں تنظیم کے ممبران ڈاکٹر شاکر شیخ، جاوید شیخ، ساجد حسین، سرفراز پٹیل، راشد منصوری، محسن لوہار، مناف کچھی اور دیگر ممبران موجود تھے۔ پروگرام میں ایس پی دیپک کمار شکلا، سپریم کورٹ کے ایڈوکیٹ احتشام ہاشمی اور ڈاکٹر ہاشم منصوری مہمان خصوصی تھے۔