بکسر بہار کے ایک ہندو خاندان نے انسانیت اور بھائی چارے کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ اپنے اکلوتے بیٹے کی افسوسناک موت کے بعد باپ نے اس کی یاد میں مسلم سماج کو ایک بیگھہ قیمتی زمین عطیہ کر دی تاکہ وہاں قبرستان قائم کیا جا سکے۔ بیٹے کی جدائی میں تڑپتے ہوئے اس خاندان کا یہ فیصلہ ہندو مسلم اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کے جذبے کو مضبوط کر رہا ہے۔ گاؤں اور آس پاس کے علاقوں میں آج بھی اس فیصلے کا چرچا ہو رہا ہے۔
قابل بیٹے کی موت سڑک حادثے میں ہوئی۔ یہ واقعہ بکسر ضلع کے چوسا بلاک کے دیوی ڈیہرہ گاؤں سے تعلق رکھتا ہے۔ یہاں کے رہائشی جناردن سنگھ کے اکلوتے بیٹے شیوم کمار کی عمر پچیس سال تھی۔ اٹھارہ نومبر کو دہرادون میں ایک سڑک حادثے میں ان کا انتقال ہو گیا۔ شیوم نے آئی ٹی میں بی ٹیک اور ایم بی اے کیا تھا اور دہرادون میں تین فیکٹریاں چلا رہے تھے۔ خاندان ان کی شادی کی تیاری کر رہا تھا۔
.webp)
زمین عطیہ کرنے کا فیصلہ کیوں
بیٹے کی وفات نے شیوم سنگھ کے والد جناردن سنگھ کو اندر تک ہلا کر رکھ دیا۔ جناردن سنگھ کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا بہت سمجھدار اور شریف طبیعت کا تھا۔ ہم نے اس کی تعلیم دہرادون میں ہی مکمل کرائی تھی۔ میرے بیٹے کا آخری رسومات منی کرنکا گھاٹ پر ادا کی گئیں۔ وہاں جو کچھ انہوں نے دیکھا اس سے ان کا دل بھر آیا اور انہوں نے انسانیت کی خدمت کا یہ بڑا فیصلہ کیا۔
رام پور پنچایت میں مسلم آبادی کی بات کی جائے تو یہاں 50 سے 60 مسلم خاندان آباد ہیں۔ساگارا اور رسول پور گاؤں میں تقریباً 20 مسلم خاندان رہتے ہیں لیکن ان خاندانوں کے پاس اپنے اہل خانہ کی آخری رسومات کے لیے کوئی قبرستان موجود نہیں تھا۔درحقیقت ساگارا گاؤں میں پہلے ایک قبرستان ہوا کرتا تھا لیکن چند سال قبل وہاں ایک سرکاری اسکول تعمیر کر دیا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ زمین محکمہ تعلیم کی ملکیت تھی۔جب گاؤں کا اسکول کھلا تو قبرستان کی جگہ پر عمارت بنا دی گئی۔ اس سے دو بڑے مسائل پیدا ہوئے۔ پہلا یہ کہ گاؤں کے مسلمانوں کی آبائی قبریں اب نظر نہیں آتی تھیں۔ دوسرا یہ کہ کسی کے انتقال کے بعد تدفین کے لیے میت کو 5 کلومیٹر دور لے جانا پڑتا تھا۔
.webp)
قبرستان کمیٹی بنے گی
جناردن سنگھ کے بھائی اور وکیل برجراج سنگھ نے بی بی سی نیوز ہندی کو بتایا کہ ہم ایک کمیٹی بنانے پر کام کر رہے ہیں جس میں کچھ ہندو اور کچھ مسلمان شامل ہوں گے۔ اس کمیٹی کے دو کام ہوں گے۔ پہلا یہ کہ زمین کو قبرستان کے علاوہ کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دوسرا کام اس زمین کی دیکھ بھال کرنا ہوگا۔ اس وقت اس زمین پر دھان کی فصل لگی ہوئی ہے۔ ہم نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ کمیٹی فصل کی کٹائی سے حاصل ہونے والی رقم کو قبرستان کی باڑ لگانے کے لیے استعمال کرے گی۔
حادثہ جس نے سب کچھ بدل دیا
۔یاد رہے کہ 18 نومبر کو شیوَم دفتر کے کام سے اپنی بائیک پر جا رہا تھا۔ اچانک تیز رفتار کار نے زوردار ٹکر ماری جس سے موقع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔ اس افسوسناک حادثے نے پورے خاندان کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا۔ حالات ایسے تھے کہ خاندان کا کوئی فرد اس کی اچانک موت کو قبول نہیں کر پا رہا تھا۔ مگر بیٹے کی آخری رسومات کے بعد خاندان نے غم کو نیکی میں بدلنے کا راستہ اختیار کیا۔
.webp)
پودا لگانے کے ذریعے عہد
شرادھ کے دن خاندان نے نہ صرف زمین کا عطیہ دیا بلکہ شیوَم کی یاد میں پودے بھی لگائے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ پودے شیوَم کے اصولوں اور اس کے خوش اخلاق اور ہم آہنگ مزاج کی علامت بن کر پروان چڑھتے رہیں گے۔ہندو خاندان کی جانب سے مسلم برادری کے لیے زمین عطیہ کرنے کا یہ واقعہ پورے ضلع میں موضوع گفتگو بنا ہوا ہے۔ لوگ اس اقدام کو انسانیت باہمی محبت اور سماجی یکجہتی کا منفرد پیغام قرار دے رہے ہیں۔