بھکتی چالک
دیوالی روشنیوں، خوشیوں اور رشتوں کا تہوار ہے۔ یہ پورے ملک میں جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ اسی تہوار کا ایک اہم دن ہے بھائی دوج (بھاو بیج) ، جو بھائی اور بہن کے مقدس رشتے کے لیے وقف ہوتا ہے۔ لیکن کچھ لوگ اس رشتے سے آگے بڑھ کر ساری انسانیت کو اپنی فیملی مانتے ہیں۔ ایسا ہی ایک خوبصورت منظر حال ہی میں مہاراشٹر کے رتناگیری ضلع کے کھید تعلقہ کے ایک گاؤں میں دیکھنے کو ملا۔بشیر حاجوانی، جو دبئی میں مقیم ایک مشہور بزنس مین ہیں اور المدینہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اور جے ایم بی آر گروپ کے سربراہ ہیں، انہوں نے ایک منفرد انداز میں بھائی دوج منایا ، جس نے ہندو مسلم اتحاد کی ایک روشن مثال قائم کر دی۔ بشیر حاجوانی کا تعلق دراصل اودھال گاؤں سے ہے۔ اپنی بشیر ایم حاجوانی فاؤنڈیشن کے ذریعے وہ سماجی کاموں میں مسلسل سرگرم رہتے ہیں۔ ایک ایسے دور میں جب سماج میں نفرت کی فضا پھیلائی جا رہی ہے، بشیر کا کام لوگوں کے لیے امید اور رہنمائی کا پیغام بن گیا ہے۔ انہی خدمات کے باعث علاقے کے لوگ انہیں پیار سے "کونکن کا کوہِ نور" کہتے ہیں۔

حالیہ دنوں میں اودھال گاؤں میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں بشیر حاجوانی نے اپنے آس پاس کے پانچ گاؤں کی تقریباً سولہ سو خواتین کو اپنی بہنیں مان کر انہیں تحفے پیش کیے۔ یہ منظر ایسا لگا جیسے دو مذاہب کے درمیان ایک جذباتی پل بن گیا ہو۔ بڑی تعداد میں خواتین، مقامی شہری اور معزز افراد اس منفرد بھائی دوج کے گواہ بنے۔
اس موقع پر بشیر حاجوانی کے جذبات بھرے الفاظ سب کے دلوں کو چھو گئے۔ انہوں نے کہا
ہمارے مذاہب چاہے الگ ہوں، مگر ہمیں صرف انسانیت پر یقین رکھنا چاہیے۔ چاہے دیوالی ہو یا عید، خوشی کے ہر لمحے کو مل کر منانا ہی اصل ہندوستانی ثقافت ہے۔ میں نے کچھ خاص نہیں کیا، بس اپنی بہنوں سے ملنے اور ان کے لیے نیک خواہشات دینے آیا ہوں ، اس سے بڑھ کر خوشی کوئی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا
انسان دولت یا طاقت سے بڑا نہیں بنتا، بلکہ اپنے گھر کی خوشیوں اور سکون سے امیر بنتا ہے۔ اور مجھے یہ سکون خدمتِ خلق میں ملتا ہے۔ ہم دوسروں کے ساتھ جیسے پیش آتے ہیں، وہی ہماری اصل پہچان ہے۔ میرے نزدیک انسانیت ہی اصل مذہب ہے اور خدمت ہی سب سے بڑی عبادت۔
نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے بشیر نے کہا،
میں اپنے بچوں سے ہمیشہ کہتا ہوں کہ چاہے میں کتنا بھی بڑا بزنس مین بن جاؤں، مجھے محنت سے جو کچھ ملا ہے، وہ زمین سے جڑے رہنے کی بدولت ہے۔ اپنی جڑوں سے مت کٹو، تبھی خوش رہو گے۔ سوشل میڈیا پر وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی زندگی کا مقصد تلاش کرو، اور اس سمت آگے بڑھو۔
اس تقریب میں شریک خواتین کے چہروں پر جو مسکراہٹ اور اطمینان تھا، وہ بشیر حاجوانی کی انسان دوستی کی سب سے بڑی گواہی تھی۔ ان کے اس اقدام نے علاقے میں بھائی چارے، ہم آہنگی اور اتحاد کے جذبے کو اور مضبوط کر دیا۔ دیوالی کی روشنیوں میں جلنے والا یہ انسانیت کا دیا آج سماج کے لیے مشعلِ راہ بن چکا ہے۔

بشیر حاجوانی کی سماجی سرگرمیاں برسوں سے جاری ہیں۔ ان کا کام کسی مخصوص برادری تک محدود نہیں ، ان کی خدمتِ خلق پوری انسانیت کے لیے ہے۔ انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں کام کیا ہے۔ان کے ایم آئی حاجوانی انگلش میڈیم اسکول اور جونیئر کالج کے ذریعے تعلیمی سرگرمیاں چلائی جاتی ہیں اور طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے کیریئر کونسلنگ سیشنز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔اسی کے ساتھ انہوں نے کونکن علاقے میں ایمبولینسز اور ریسکیو وینز عطیہ کی ہیں۔ قدرتی آفات کے دوران وہ امدادی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لیے انہوں نے گھر تعمیر کروائے ہیں۔ علاوہ ازیں، کھیڑ شہر میں سی سی ٹی وی نظام نصب کروایا،مقامی پولیس اسٹیشن کو کمپیوٹرز فراہم کیے۔ان کا یہ سفر یہیں نہیں رکتا ، وہ غریب گھرانوں کے لیے اجتماعی شادیوں کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ سب سماج کے تئیں ان کی شکرگزاری کا اظہار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام نے انہیں جو خطاب دیا ، "کونکن کا کوہِ نور" ، وہ ان کی خدمات کا حقیقی اعتراف محسوس ہوتا ہے۔