باغپت:حاجی یاسین نے دی مندر کے لیےزمین

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-08-2021
ایک مثالی قدم
ایک مثالی قدم

 

 

آواز دی وائس، باغپت

ریاست اترپردیش کے ضلع باغپت میں ہندو مسلم اتحاد کی ایک انوکھی مثال دیکھنے کو مل رہی ہے، جب کہ ایک مسلمان نے مندر کی تعمیر کے لیے اپنی زمین کا عطیہ کیا ہے۔

یوں تو باغپت کی سرزمین پر ہندو مسلم اتحاد کا دھاگہ باغپت میں ہمیشہ مضبوط رہا ہے۔

باغپت سے تعلق رکھنے والے حاجی یاسین نے باہمی بھائی چارے کی ایک منفرد مثال قائم کرتے ہوئے اپنی 112 گز زمین مندر کی تعمیر کے لیے عطیہ کی۔

اس زمین پر مندر مکمل ہوچکا ہے ، جہاں عقیدت مند پوجا کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ شہر کے پرانے قصبے کے رہائشی حاجی یاسین نے میرٹھ روڈ پرسال 1997 میں سٹی پلازہ کے نام سے کالونی بنائی، اس میں رہائشی پلاٹ فروخت ہوئے۔

کالونی میں زیادہ تر گھر ہندو سماج کے لوگوں کے ہیں۔

اس کالونی میں کوئی مندر نہیں تھا ، جس کی وجہ سے لوگوں کو عبادت کے لیے دوسری جگہوں پر جانا پڑتا تھا۔

لوگوں کی شردھا کو دیکھتے ہوئے حاجی یاسین نے ایک سال قبل کالونی میں اپنی 112 گز زمین مندر کے لیے عطیہ کی تھی۔

اس زمین پر کالونی والوں نے باہمی تعاون سے مہادیو مندر کی تعمیر شروع کی۔

یہ مندر گزشتہ ماہ مکمل ہو گیا۔

کالونی کے لوگ اب اس مندر میں عبادت کر رہے ہیں۔

اس کالونی کے رہائشی وکی چوہدری کا کہنا ہے کہ حاجی یاسین تعریف کے مستحق ہیں۔

حاجی یاسین نے کہا کہ ایشوراللہ ایک ہے۔ تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنے طریقے سے عبادت کرنے کا حق ہے۔ کالونی کے لوگوں کو زمین کی ضرورت تھی۔ اسی لیے انھوں نے اپنی 112 گز زمین مندر کے لیے دی۔