اے ایم یو: ڈاکٹر لکشمی کی پینٹنگ ، سر سید احمد خان کو خراج عقیدت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-10-2025
 اے ایم یو: ڈاکٹر لکشمی کی پینٹنگ ، سر سید احمد خان کو خراج عقیدت
اے ایم یو: ڈاکٹر لکشمی کی پینٹنگ ، سر سید احمد خان کو خراج عقیدت

 



 علی گڑھ، 18 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی اسکول ٹیچر اور معروف مصورہ ڈاکٹر لکشمی نے بانیٔ درسگاہ سر سید احمد خاں کی زندگی، وژن اور خدمات سے متاثر ہو کر ایک خوبصورت پینٹنگ تخلیق کی، جو اُن کے جذبۂ تعلیم، عزمِ استقلال اور قوم کی خدمت کے مثالی سفر کی عکاسی کرتی ہے۔یہ فن پارہ سر سید ڈے کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کو پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر لکشمی، جو اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں تدریسی خدمات انجام دے رہی ہیں، نے یہ پینٹنگ سر سید احمد خاںؒ کو خراجِ عقیدت کے طور پر تیار کی۔ اس موقع پر دفترِ رابطہ عامہ کی ممبر اِن چارج پروفیسر وبھا شرما بھی موجود تھیں۔

وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ڈاکٹر لکشمی کے اس تخلیقی کارنامے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پینٹنگ نہ صرف سر سید کے وژن بلکہ ان کی تعلیمی، فکری اور قومی خدمات کو نہایت خوبصورتی سے اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سر سید ڈے پر اس فن پارے کی پیشکش اُن کی یاد کو مزید روشن کر دیتی ہے۔

اپنے تاثرات میں ڈاکٹر لکشمی نے سر سید احمد خاں کے اتحاد و ہم آہنگی کے پیغام کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ "ہندو اور مسلمان اس قوم کی دو آنکھیں ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ یہ پینٹنگ اس عظیم رہنما کے لیے خراجِ عقیدت ہے، جنہوں نے صبر، یقین اور محنت کے ساتھ تعلیم کی روشنی پھیلانے کا بیڑا اٹھایا۔ڈاکٹر لکشمی نے کہا کہ سر سید کا وژن آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے خواب کو آگے بڑھائیں تاکہ اے ایم یو کو ملک کی صفِ اول کی یونیورسٹیوں میں شامل کیا جا سکے۔

 آپ کو بتا دیں کہ  لکشمی توریہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اے بی کے ہائی اسکول کی آرٹ ٹیچر ہیں۔ انہیں اپنی فن پاروں کے ذریعے سماجی شعور اجاگر کرنے پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر بے حد پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ ان کے فن پارے انسانی ہمدردی اور تعلیمی مسائل کو اجاگر کرتے ہیں۔ ان کا تخلیقی سفر کمیونٹی کی بنیاد پر آرٹ ایجوکیشن سے لے کر عصری عالمی بحرانوں پر بصری تبصرے تک پھیلا ہوا ہے۔ ان کا کام اس بات کی واضح مثال ہے کہ فن کس طرح ہمدردی، آگاہی اور امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ماضی میں  انہوں نے احمد آباد طیارہ حادثے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دیے کی روشنی کو بطور رنگ استعمال کر کے ایک نہایت پراثر پینٹنگ تیار کی تھی ۔ اس پینٹنگ میں جلتے ہوئے طیارے کے گرد انسانی سائے دکھائے گئے تھے جو غم اور نقصان کی گہرائی کو ظاہر کرتے تھے۔ اس منفرد اور جذباتی فن پارے کو میڈیا نے بڑے پیمانے پر سراہا اور اس نے فضائی حفاظت پر عوامی مکالمے کو جنم دیا۔

بین الاقوامی سطح پر ان کا ایک فن پارہ ایران اسرائیل تنازع پر مبنی تھا۔ اس پینٹنگ میں ایک سفید کبوتر دکھایا گیا ہے جو دونوں ممالک کے قومی پرچم تھامے ہوئے ہے۔ یہ امن کی ایک درد بھری علامت ہے۔ اس فن پارے کو انڈیا کے انسانی مشن "آپریشن سندھُو" سے متاثر ہو کر تخلیق کیا گیا جو شہریوں کو نکالنے کی مہم تھی۔ یہ فن پارہ سفارت کاری اور بین الثقافتی ہم آہنگی کی دعوت دیتا ہے۔لکشمی توریہ اس فن کی نمائندہ ہیں جو کلاس روم سے باہر دنیا کے ساتھ مکالمہ کرتا ہے۔ ان کا سماجی شعور رکھنے والا اور جذباتی طور پر حساس فن نہ صرف طلبہ کی تعلیم کو نیا رخ دیتا ہے بلکہ ہمدردی، ذمہ داری اور عالمی شہری شعور جیسے اہم موضوعات پر بات چیت کو بھی بلند کرتا ہے۔