ظفر محی الدین

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-12-2025
ظفر محی الدین: تبدیلی کی آواز
ظفر محی الدین: تبدیلی کی آواز

 



ثانیہ انجم۔ بنگلورو
کبھی کبھی ایک انسان اپنی آواز، اپنے فن اور اپنے حوصلے سے وہ کام کر جاتا ہے جو ادارے اور حکومتیں برسوں میں نہیں کر سکتیں۔ ظفر محی الدین بھی ایسے ہی ایک نایاب فنکار ہیں۔ ایک ایسا شخص جس نے خاک آلود گلیوں سے اپنا سفر شروع کیا، لیکن اپنا نام اس بلندی پر لکھ دیا جہاں آوازیں تاریخ بنتی ہیں اور کہانیاں سماج کا چہرہ بدلتی ہیں۔ ان کی زندگی محض ایک فنکار کا سفر نہیں، بلکہ لگن،قربانی اور سماجی بیداری کے اُس فلسفے کی داستان ہے جو نسلوں کو راستہ دکھاتا ہے۔ ظفر محی الدین کے فن میں وہ گہرائی ہے جو صرف اُن لوگوں کو نصیب ہوتی ہے جو تکلیف کو تخلیق میں بدلنے کا ہنر جانتے ہیں۔
بچپن ہی سے ریڈیو کے جادو نے ان کی روح کو چھو لی تھی۔ بیناکا گیت مالا کی دھڑکنیں، امین سیانی کی مٹھاس بھری آواز، اور دلیپ کمار کے مکالموں کی بھرپور ٹھہراؤ بھری ادائیگی یہ سب ان کے اندر وہ چنگاری بن گئے جس نے مستقبل میں ایک پورا جہان روشن کیا۔ راچور کی گرم دھوپ، بازاروں کی رونق اور مقامی لوک کہانیوں کی مدھم خوشبو نے ظفر کے اندر فن کی بنیادیں رکھ دیں۔ 1979 میں جب وہ بنگلورو آئے اور یو وی سی ای میں آرکیٹیکچر کی تعلیم شروع کی تو شہر کے تھیٹر نے اُن کے اندر چھپی ہوئی شخصیت کو جگا دیاسمرتھا، سامودایا اور بنگلور لِٹل تھیئٹر جیسے گروپس نے انہیں وہ پلیٹ فارم دیا جہاں سے ان کی اصل آواز ابھرنی شروع ہوئی۔
اسی دوران اُن کی ملاقات شانکر ناگ سے ہوئی اور انہوں نے "مالگڑی ڈیز" کے 13 ایپی سوڈز کے ڈائیلاگ لکھے۔ یہ وہ تجربہ تھا جس نے انہیں لفظ اور آواز دونوں کی طاقت کا احساس دلایا۔ لیکن شاید زندگی نے اُن کے لیے ابھی ایک اور موڑسنبھال رکھا تھا، کیونکہ 1984 میں والد کی موت کی خبر کے درمیان اسٹیج پر ادا کیا گیا اُن کا وہ یادگار کردار نہ صرف اُن کی زندگی بدل گیا بلکہ فنکارانہ عزم کی نئی تعریف بھی قائم کر گیا۔
ایک دن بس کے سفر میں ان کے برابر بیٹھے کرناٹک ناٹک اکیڈمی کے بزرگ آر ناگیش نے کہا کہ تمہاری آواز امیتابھ بچن جیسی ہےلیکن اسے تراشنے کی ضرورت ہے۔ غربت کے دن تھے، لیکن اُس لمحے نے صرف حوصلہ نہیں دیا، بلکہ راستہ دکھا دیا۔ پھر پہلا اشتہار ملا صرف 50 روپے کا لیکن اس 50 روپے میں ظفر کے مستقبل کے ایک ہزار دروازے چھپے تھے۔اسی دوران ایک انگریز خاتون نے "وائس موڈولیشن" پر لکچر دیا، اور ظفر محی الدین اس علم میں یوں ڈوبے کہ خاموشی کا بھی وزن سمجھنے لگے۔ دلیپ کمار کے وقفوں، سناٹے اور مکالموں کے درمیان چھپی گہرائی ان کے فن کا حصہ بنتی گئی۔ کئی سال بعد  ایک ڈاکیومنٹری کے لیے  وہی ناگیش دوبارہ اُن کی زندگی میں لوٹے۔ ظفر نے فیس لینے سے انکار کیا، کیونکہ اس ایک جملے نے اس وقت ان کی دنیا بدل دی تھی لیکن ناگیش نے احترام کے طور پر انہیں باقاعدہ معاوضہ دیا۔
یو پی ایس سی میں انتخاب ہوا، دہلی میں پروقار عہدہ ملا، لیکن دل نے کہا نہیں۔۔۔ یہ راستہ نہیں۔ اور انہوں نے سب چھوڑ کر اپنی آواز کو اپنا مستقبل بنا لیا۔ 1992 سے 1997 تک ہندوستانی فضائیہ میں ڈیپٹی آرکیٹیکٹ رہے، پھر "ظفر ایسوسی ایٹس" قائم کیا، لیکن ان کی اصل پہچان وہ آواز بنی جو دس زبانوں میں گونجی، دستاویزی فلموں میں بسی، مذہبی مقامات کی رہنمائیوں میں سنائی دی، اور دوردرشن کے "سواراج نامہ" جیسے بڑے پروجیکٹس میں امر ہوگئی۔
سال 1988 میں انہوں نے "کٹھ پتلیاں تھیئٹر گروپ" قائم کیا۔ ایک ایسا پلیٹ فارم جہاں سماجی مسائل، ہندوستانی ادب، موسیقی اور فنونِ لطیفہ کو ڈرامے کے ذریعے پیش کیا جاتا ہے۔ "ذکرِ غالب" سے لے کر "جس نے لاہور نئیں ویکھیا""آدھےادھورے"، "ایک ایکٹر کی موت"، "پیارے پڑوسن" اور "ساڑھے چھے روپے کا کیا کیا" تک ہر ڈرامہ سماجی سچائیوں کا آئینہ بنا۔ "ٹیپو سلطان کے خواب" کو 2016 میں وزیراعلیٰ سدارامیا نے ودھان سودھا میں ریلیز کیا، اور 2018 میں یہ ڈرامہ عالمی تھیٹر اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کر کے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا۔
اردو صرف مسلمانوں کی نہیں۔۔۔
راچور میں اُنہوں نے دیکھا کہ اردو صرف مسلمانوں کی نہیں برہمن اور ہندو استاد بھی نہ صرف پڑھتے بلکہ پڑھاتے تھے۔ ایک دن جب نماز کی وجہ سے تاخیر ہوئی تو ہندو استاد نے سورہ فاتحہ کا مفہوم سمجھایا یہ مشترکہ ورثے کی وہ جڑ تھی جو بعد میں 2002 میں ان کے مشہور ڈرامے "زبان ملی ہے مگر" کی بنیاد بنی۔
یہ ڈرامہ ایم ایس سبھلکشمی کے سپربھاتم سے شروع ہوتا ہے اور اردو کی سیکولر روح کو رام نارائن رہبر  جیسے کرداروں کے ذریعے مضبوط آواز دیتا ہے۔ فُواک  کے صدر کی حیثیت سے 2016 میں انہوں نے این سی پی یو ایل کے متعصبانہ فارم کے خلاف زبردست احتجاج کیا، جس میں گریش کرناڈ  نے بھی ان کا ساتھ دیااور حکومت کو فارم واپس لینا پڑا۔
الائنس فرانسیز بنگلور کے دو بار صدر رہ کر انہوں نےہندوستان اور فرانس کے درمیان ثقافتی پل تعمیر کیا۔ ان کا وژن صاف ہےتھیٹر زندہ رہے گا، اور اردو و ہندی کی نئی نسل اس چراغ کو آگے بڑھائے گی۔ "پشمینہ اور دیدی آئی اے ایس" جیسے ڈرامے آج بھی موجودہ سیاسی و سماجی حالات کا آئینہ ہیں۔ اور پھر نومبر 2025 وہ لمحہ جب حکومتِ کرناٹک نے انہیں راجیوستوا ایوارڈ سے نوازا یہ صرف اعزاز نہیں، ان کے پورے سفر کا اعتراف تھا۔
ظفر محی الدین کی کہانی صرف ایک فنکار کی کامیابی نہیں یہ اس یقین کی جیتی جاگتی مثال ہے کہ اگر آواز سچی ہو، نیت صاف ہو، اور دل میں انسانیت ہو تو ایک شخص بھی سماج کی کٹھ پتلیوں کی ڈوریں بدل سکتا ہے۔ ان کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا کٹھ پتلیاں آنے والی نسلوں کے ہاتھوں میں وہ چراغ رکھ رہی ہیں جو اندھیروں کو کاٹتا رہے گا، اور ہرنوجوان فنکار کو یاد دلاتا رہے گا کہ فن صرف اداکاری نہیں سماج کی نبض سمجھنے کا ہنر ہے۔