سدپ شرما چوہدری/گوہاٹی
محمد نورالاسلام محض ایک مصلح نہیں بلکہ ایک وژنری شخصیت ہیں جن کی انتھک جدوجہد نے بنگال کے مسلمانوں کے لیے تعلیمی اور سماجی بیداری کی راہ کو منور کر دیا۔انہوں نے ایک پسماندہ برادری کو علم اور بااختیاری کے ذریعے بدلنے میں جو کردار ادا کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔ ان کی بیشتر سماجی خدمات ان کی اپنی آمدنی سے چلتی رہیں۔ بعض اوقات مالی تنگی نے ان کی رفتار کو ضرور سست کیا، لیکن وہ کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔ نورالاسلام نے تعلیم کے فروغ، اسکولوں کے قیام، خواتین کی تعلیم کی حوصلہ افزائی اور دین سے جڑے رہتے ہوئے جدیدیت کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔جب انہوں نے اپنے مشن کا آغاز کیا تو بنگال کا مسلم معاشرہ سخت قدامت پرستی میں جکڑا ہوا تھا۔ جدید تعلیم کے فروغ کی کوئی بھی کوشش شدید مخالفت کا شکار ہوتی، اور نورالاسلام کی مغربی علوم کو شامل کرنے کی کوشش بھی اس سے مستثنیٰ نہ تھی۔
آواز – دی وائس سے گفتگو کرتے ہوئے نورالاسلام نے کہا کہ جب ہم نے آغاز کیا تو ہم نے بنگال کی سب سے پسماندہ برادریوں کی خدمت کا انتخاب کیا۔ ان میں یتیم بچے سب سے زیادہ متاثر تھے۔ ان کے لیے بقا ہی ایک جدوجہد تھی، تعلیم ایک ناممکن خواب۔ ابتدا سے ہی الامین مشن نے ان بچوں کو ترجیح دی۔ وقت کے ساتھ ہم نے سیکھا کہ خوابوں کو حقیقت میں کیسے بدلا جا سکتا ہے۔برطانوی دور میں مسلمانوں کو انتظامیہ نے زیادہ تر نظرانداز کیا، اور حکومت نے ان کی کوششوں کو کوئی خاص سہارا نہیں دیا۔ اس کے باوجود نورالاسلام صرف ایک فرد نہیں بلکہ ایک تحریک بن گئے۔ ان کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ عزم و حوصلے کے ساتھ سب سے بڑے چیلنجز پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔
1947 کا سال آزادی اور تقسیم دونوں لے کر آیا۔ اگرچہ بھارت آزاد ہوا، لیکن تقسیم نے مغربی بنگال کے لاکھوں مسلمانوں کو ایک ٹوٹے اور جمود زدہ معاشرے میں پھنسادیا۔ کئی دہائیوں تک یہ برادری پسماندگی کا شکار رہی۔ لیکن 1980 کی دہائی کے وسط تک تبدیلی کی ہوا چلنے لگی — اور اس تبدیلی کے مرکز میں تھا الامین مشن۔تقریباً تین دہائیاں قبل مغربی بنگال کے ایک دورافتادہ علاقے میں قائم ہونے والا یہ مشن نورالاسلام کی قیادت میں ایک جرات مندانہ قدم تھا۔ جب کم ہی لوگ خواب دیکھنے کی ہمت کرتے تھے، انہوں نے تعلیم کے ذریعے ایک پسماندہ اقلیت کو بااختیار بنانے کا تصور پیش کیا۔ مقصد صرف خواندگی نہیں بلکہ اعلیٰ معیار تھا ، ایسے ذہین لیکن محروم طلبہ کی مدد کرنا جو انصاف، برابری اور شفافیت کے اصولوں پر کھرا اتر سکیں۔جیسا کہ نورالاسلام خود کہتے ہیں تعلیم ہی سماجی تبدیلی لانے کا واحد راستہ ہے۔الامین مشناسی یقین سے وجود میں آیا، محض ایک ادارہ کے طور پر نہیں بلکہ ایک تحریک کے طور پر۔یہ سفر کبھی آسان نہیں رہا۔ مالی دباؤ، سماجی رکاوٹیں اور مخالفت اکثر اس کے وجود کے لیے خطرہ بنیں۔ لیکن یہ تحریک قائم رہی۔ جو ایک چھوٹا سا بیج کھلاٹ پور گاؤں میں بویا گیا تھا، وہ آج ایک پھیلا ہوا برگد کا درخت بن چکا ہے۔
آج الامین مشن 67 ادارے چلاتا ہے، جن میں 41 رہائشی کیمپس مغربی بنگال، آسام اور جھارکھنڈ میں شامل ہیں، جہاں 12,000 سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ 20,000 سے زائد طلبہ اس کے سخت تعلیمی پروگرام سے فارغ ہوچکے ہیں، جن میں سے کئی ڈاکٹر، انجینئر، اساتذہ اور منتظم بن کر سماجی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔نورالاسلام کی دوراندیش قیادت میں یہ ادارہ پانچ ریاستوں میں 72 اداروں تک پھیل چکا ہے، جہاں 20,000 سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ اس کی کامیابیاں شاندار ہیں: تقریباً 8,000 ڈاکٹر اور 5,250 انجینئر تیار ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر غریب اور پسماندہ خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
اس مشن کا بنیادی مقصد نہایت سادہ مگر گہرا ہے، وہ غریب اور پسماندہ اقلیتی برادریوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانا اور سماجی و معاشی ترقی کو فروغ دینا چاہتے ہیں، نورالاسلام کی تعلیمی جدوجہد اس سے بھی پہلے 1976 میں شروع ہوئی، جب انہوں نے دسویں جماعت کے طالب علم کے طور پر کھلاٹ پور جونیئر ہائی مدرسہ قائم کیا۔ 1984 میں انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک کلچر قائم کیا، جسے 1987 میں الامین مشن کا نام دیا گیا۔ انہیں پیار سے “بنگال کا سرسید” کہا جاتا ہے۔ انہوں نے محض سات طلبہ کے ساتھ کھلاٹ پور، ہوڑہ میں آغاز کیا تھا۔
ان کا وژن ایک مکمل تعلیمی نظام تشکیل دینا تھا جو جدید تعلیم کواسلامی اقدار کے ساتھ جوڑ دے۔ نتائج سب کے سامنے ہیں: الامین مشننے اب تک 3,500 ڈاکٹر (ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس)، 3,000 انجینئر، اور بے شمار اساتذہ، محققین اور سول سرونٹس تیار کیے ہیں۔ صرف 2018 میں ہی 370 طلبہ نے نیٹ (NEET) امتحان پاس کیا، جن میں سے 319 نے سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلہ حاصل کیا۔
محمد نورالاسلام کی غیر معمولی خدمات کو وسیع پیمانے پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انہیں بنگا بھوشن ایوارڈ (2015)، بیگم روکیہ ایوارڈ (2010)، ٹیلی گراف اسکول ایوارڈ فار ایکسیلنس (2002 اور 2009)، اور میشات بیسٹ ایڈیوپرینیور ایوارڈ (2021) سے نوازا گیا۔