اویس علی خان: ایک عام طالب علم سے ایک متاثر کن استاد تک
Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 17-11-2025
اویس علی خان: ایک عام طالب علم سے ایک متاثر کن استاد تک
ودوشی گور ۔ نئی دہلی
عام گھروں میں پیدا ہونے والے اکثر لڑکے خواب تو بڑے دیکھتے ہیں، مگر منزل تک پہنچنے کا راستہ نہیں جانتے۔ ایسے ہی ایک عام سے طالب علم اویس علی خان نے اپنی محنت، ثابت قدمی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے نہ صرف اپنی قسمت بدلی بلکہ بے شمار نوجوانوں کی زندگیاں بھی سنوار دیں۔ مغربی اُترپردیش کے ایک چھوٹے قصبے سے نکل کر دہلی جیسے بڑے شہر میں اپنی پہچان بنانے والا یہ نوجوان آج بہت سے لوگوں کے لیے امید، ہمت اور رہنمائی کی علامت ہے۔
مغربی اُترپردیش کے قصبے کرتارپور (ضلع بجنور) کا ایک عام سا لڑکا اویس علی خان بچپن ہی سے زندگی میں کچھ بڑا کرنے کا خواب دیکھتا تھا۔ وہ سادہ ماحول میں پلا بڑھا، لیکن اسے یہ سمجھ نہیں آتا تھا کہ تعلیم کے بعد کس سمت جانا ہے۔اویس یاد کرتے ہیں کہ میری تعلیم میں کوئی رہنمائی نہیں تھی۔ بارہویں کے بعد مجھے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کون سا راستہ اختیار کروں۔
بعد میں جب وہ دہلی اپنے بڑے بھائی کے پاس آئے تو ان کی زندگی نے نیا رخ اختیار کیا۔ ابتدا میں انہوں نے ایل ایل بی کرنے کا ارادہ بنایا، لیکن اتفاقاً اُن کی نظر چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کے کورس پر پڑی، اور انہوں نے اسے آزمانے کا فیصلہ کیا۔ آج وہ ایک کامیاب چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں جن کی پوری جدوجہد حوصلے اور مقصد سے بھرپور ہے۔ انہوں نے انٹری امتحان پاس کیا اور 2007 میں سی اے بن گئے۔
لیکن یہ سفر آسان نہیں تھا۔ سی اے فائنل کے پہلے امتحان میں ناکامی نے بہت سے لوگوں کی طرح انہیں بھی توڑ سکتی تھی، مگر اویس نے ہار نہیں مانی۔ انہوں نے دن میں بائیس گھنٹے تک پڑھائی کی۔ اُن کی محنت رنگ لائی اور 2012 میں انہوں نے امتحان شاندار کامیابی سے پاس کیا، بلکہ ٹیکسیشن میں آل انڈیا ٹاپر بھی بنے۔
وہ مسکرا کر کہتے ہیں کہ میں اسکول میں کبھی غیر معمولی نہیں تھا، لیکن جب وقت آیا، میں نے خود کو ثابت کر دیا۔ محنت انسان کی تقدیر بدل دیتی ہے۔ اسی کامیابی کے ساتھ وہ اپنے قصبے کے پہلے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بھی بنے۔نوکری شروع ہوئی تو زندگی بہتر ہونے لگی، مگر دل میں ایک خلاء باقی تھا۔ میں صرف کمانا نہیں چاہتا تھا، میں دوسروں کے لیے راستے بنانا چاہتا تھا۔
یہ سوچ کر انہوں نے اپنی اچھی خاصی نوکری چھوڑ دی اور دہلی کے لکشمی نگر میں ایک چھوٹے سے فلیٹ سے اپنا کام شروع کیا۔ دوستوں اور بینکوں سے قرض لے کر انہوں نے صرف ایک کاروبار نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم بنایا جو لوگوں کی زندگیاں بدلنے لگا۔
اُن کا سادہ سا اصول تھا کہ کسی کو بنیادی ہنر سکھا دیا جائے تو اُس کے لیے روزگار کے دروازے کھل جاتے ہیں اور ایک موقع پوری فیملی کی تقدیر بدل دیتا ہے۔ رفتہ رفتہ اُن کا آفس ایک لرننگ سینٹر میں تبدیل ہو گیا۔ وہی نوجوان جو خود کبھی بے سمتی کا شکار تھے، اب دوسروں کو سمت دینے لگے۔ لڑکے اور لڑکیاں اُن کے پاس آتے، اور اویس انہیں ایکسل، اکاؤنٹنگ کی بنیادی سمجھ اور دفتر کے کام سکھاتے۔ اُن کی رہنمائی سے بہت سے طلبہ کو معزز اداروں میں نوکریاں ملیں۔
وہ کہتے ہیں کہ جب کوئی مدد مانگتا ہے تو میں انکار نہیں کرتا۔ میں انہیں ٹریننگ دیتا ہوں، رہنمائی کرتا ہوں، اور اس وقت تک مالی مدد بھی کرتا ہوں جب تک وہ دہلی جیسے شہر میں خود کو سنبھال نہ لیں۔ یہی تجربہ انہیں اعتماد دیتا ہے۔ اویس کی محنت کے ساتھ ساتھ زندگی بھی آگے بڑھتی گئی لکشمی نگر کے چھوٹے سے سیٹ اپ سے لاجبپت نگر کے گھر تک، اور اب نیو فرینڈز کالونی میں بڑے دفتر تک۔ مگر ان کی ترقی ہمیشہ معاشرے کی خدمت کے جذبے سے جڑی رہی۔
اُن کا دفتر آج صرف ایک ورک اسپیس نہیں بلکہ بے شمار نوجوانوں کا لانچنگ پیڈ ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے اپنی زندگی بدلنے کے لیے سخت محنت کی۔ اب میں دوسروں کی زندگی بدلنے کے لیے اس سے زیادہ محنت کرتا ہوں۔ سماجی خدمت کا جذبہ اُن کے خاندان سے ورثے میں ملا ہے۔ وہ اسے “خدمت کا لطف” کہتے ہیں اور یہی قدر اُن کی پوری شخصیت کا مرکز ہے۔
کووڈ کے دوران جب خوف اور بھوک دہلی پر سایہ کیے ہوئے تھے، اویس نے خود راشن تقسیم کرنے کا انتظام کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنا کام کر رہی تھی، اور ہم نے اپنا۔ کئی مہینوں تک ہم نے 300 کنٹل چاول، آٹا اور دالیں تقسیم کیں۔ سب کے لیے، بغیر کسی سوال کے۔ ان کی رحمدلی صرف مشکل وقت تک محدود نہیں رہی۔ گزشتہ آٹھ سالوں سے ہر ماہ کے آخری جمعرات کو وہ غریبوں کے لیے بریانی پکواتے اور تقسیم کراتے ہیں۔ یہ سلسلہ کبھی رکا نہیں ایک بار بھی نہیں۔ یہ اُن لوگوں کو عزت دینے کا میرا طریقہ ہے جنہیں اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہونے کے ناطے اویس اپنی مہارت کو عوام کے فائدے کے لیے استعمال کرنا فرض سمجھتے ہیں۔ ہندوستان میں جب جی ایس ٹی نیا نیا نافذ ہوا تو چھوٹے دکانداروں میں بڑی بے چینی تھی۔ اویس نے مقامی تاجروں کے لیے ایک کانفرنس رکھی جس میں انہوں نے آسان زبان میں پورا نظام سمجھایا۔
لیکن اُن کی خدمت کا اصل مقصدخود مختاری ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کسی کو کھانا دے دینا یا شادی میں مدد کر دینا اچھی بات ہے، مگر میرا اصل مقصد لوگوں کو ہنر مند بنانا ہے۔ ہنر اور نوکری حقیقی تبدیلی لاتے ہیں۔ روزگار نہ صرف فرد کو بلکہ پوری فیملی کو اوپر اٹھاتا ہے۔ ایک الجھے ہوئے طالب علم سے ہزاروں نوجوانوں کی رہنمائی کرنے والے اویس علی خان کی زندگی اس بات کی روشن مثال ہے کہ اصل کامیابی وہ ہے جو انسان دوسروں کے لیے پیدا کرے۔
اویس علی خان کی کہانی اس دور میں امید کا چراغ ہے، جب بے شمار نوجوان رہنمائی کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ اُن کی زندگی ثابت کرتی ہے کہ خلوصِ نیت، مسلسل محنت اور دوسروں کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ انسان کو نہ صرف کامیابی کے اعلیٰ مقام تک لے جاتا ہے بلکہ اسے معاشرے کے لیے روشنی کا ذریعہ بھی بنا دیتا ہے۔ وہ اس بات کا زندہ ثبوت ہیں کہ اگر ارادہ مضبوط ہو تو ایک عام لڑکا بھی سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں زندگیوں کا رخ بدل سکتا ہے۔